Aaj News

بدھ, اپريل 17, 2024  
08 Shawwal 1445  

اسلحہ ساتھ لے کر چلنے پر پابندی، سیکیورٹی ایجنسیز کی اہم شخصیات سے گارڈز واپس لینے کی دھمکی

پولیس نوٹی فکیشن کو نظر انداز کر کے نجی گارڈز کو گرفتار کر رہی ہے، ایپسا
شائع 02 مارچ 2023 07:13pm

سندھ حکومت کی اسلحہ ساتھ لے کر چلنے پر پابندی سیکیورٹی گارڈ کمپنیز کے لیے درد سر بن گئی، ساؤتھ زون پولیس نے اسلحہ لے کر چلنےوالے سیکیورٹی گارڈز کے خلاف 30 مقدمات درج کرلیے۔

جس پر پاکستان سیکیورٹی ایجنسیز ایسوسی ایشن (ایپسا) نے اہم شخصیات سے سیکیورٹی واپس لینے کی دھمکی دے دی، ایسوسی ایشن نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کو خط لکھ کر تحفظات سے آگاہ کردیا۔

آئی جی سندھ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پولیس نوٹی فکیشن کو نظر انداز کر کے نجی گارڈز کو گرفتار کر رہی ہے۔

خط میں کہا گیا کہ نجی سیکیورٹی کمپنیاں سفارت کاروں سمیت غیر ملکیوں اور دیگر کو گارڈز فراہم کرتی ہیں۔

ایپسا کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ نوٹی فکیشن کے برخلاف گرفتاریاں کرنی ہیں تو بتادیں تاکہ کمپنیز کو آگاہ کرسکیں۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ نے بتایا کہ چند روز کے دوران کراچی ساؤتھ زون میں 30 سے زائد مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

عرفان بلوچ کا کہنا ہے کہ نوٹی فکیشن کے مطابق پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پابندی سے مستثنیٰ ہیں، لائسنس یافتہ سیکیورٹی کمپنیز کے باوردی گارڈز ہتھیار لے کر چل سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایپسا خط کے تناظر میں پولیس نے حکمت عملی تبدیل کی ہے۔

Sindh Police

Private Security Guards

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div