Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

حیدراۤباد کے کارکنان 7 مارچ کو گرفتاری دیں گے،اعجاز چوہدری

عمران خان جان کا خطرہ ہونے پر بھی عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں،رہنما
شائع 28 فروری 2023 06:48pm

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی اۤئی) کی جیل بھرو تحریک کے فوکل پرسن سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ حیدرآباد کے کارکن سات مارچ کو گرفتاریاں دیں گے، پہلے تحریک انصاف کے رہنما خود کو پولیس کے حوالے کریں گے اس کے بعد کارکنوں کی باری اۤئے گی۔

پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک جاری ہے، پنجاب اور خیبرپختون خوا کے بعد پی ٹی اۤئی جیل بھرو تحریک کا رُخ سندھ کی جانب موڑ رہی ہے۔

سینیٹر اعجاز چوہدری نے حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیل بھرو تحریک میں حصہ لیتے ہوئے حیدر اۤباد کے پارٹی عہدیدار اور کارکنان 7 مارچ کو بھرپور انداز میں گھروں سے نکلیں گے اور رضا کارانہ گرفتاریاں پیش کریں گے۔

پنجاب اور خیبرپختون خوا میں الیکشن کے حوالے سے تحریک انصاف کے سینئر رہنما نے حکومت پر کھل کر تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ امپورٹیڈ حکومت انتخابات سے راہ فرار اختیار کررہی ہے، راجن پور میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے امیدوار کی کامیابی نے انہیں خوفزدہ کردیا ہے، اس لئے یہ انتخابات سے چوہے کی طرح بھاگ رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ماضی میں آئین سے انحراف کیا گیا اور آئین کے مطابق اقتدار کی منتقلی نہ ہونے کی وجہ سے ملک دولخت ہوگیا تھا۔ ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان میں متفقہ آئین بنایا جس کے تحت اسمبلیوں کو تحلیل کئے جانے کے بعد 90 روز میں انتخابات کرائے جانے ہوتے ہیں۔

اعجاز چوہدری نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پاکستان کی تاریخ کے مقبول ترین لیڈر ہیں، پارٹی قائد جان کا خطرہ ہونے کے باوجود عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں۔

کپتان کے کھلاڑی نے وفاقی وزیر داخلہ کو بھی اۤڑے ہاتھوں لیا، انھوں نے الزام عائد کیا کہ وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ جرائم پیشہ شخص ہے اسے پورا فیصل آباد جانتا ہے، مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی کے والد بھی رانا ثناء پر قتل کا الزام لگا چکے ہیں۔ اس لئے وفاقی وزیر داخلہ سے خیر کی توقع نہیں کی جاسکتی۔

ملک میں جاری مہنگائی پر تبصرہ کرتے ہوئے اعجاز چوہدری نے کہا کہ غریب آدمی کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، کاروبار اور امپورٹ بند ہے۔کراچی اور فیصل آباد کی انڈسٹریاں بند ہوچکی ہیں۔ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد مہنگائی کے ہاتھوں پس کر رہ گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے 170 ارب روپے کے ٹیکس لگائے گئے، عوام پر ابھی نئے ٹیکسوں کے اثرات پڑنا باقی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اپنے گیارہ سو ارب روپے کی لوٹ مار کو ختم کرانے کیلئے اقتدار میں آئی ہیں۔

pti

PDM

Jail Bharo Tehreek

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div