Aaj News

منگل, اپريل 23, 2024  
14 Shawwal 1445  

بارکھان: رکھنی بازار میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق 16 زخمی

دھماکے میں زخمی 8 افراد کی حالت تشویشناک
اپ ڈیٹ 26 فروری 2023 12:22pm
زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے - تصویر/ آج نیوز
زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے - تصویر/ آج نیوز

رکھنی بازار میں دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 16 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

بلوچستان کے علاقے بارکھان میں واقعے رکھنی بازار میں دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 16 افراد زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، لیویز اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا، جب کہ موٹر سائیکل حجام کی دکان کے باہرکھڑی کی گئی تھی، اور دھماکا اس وقت ہوا جب بڑی تعداد مجیں عوام بازار میں خریداری کررہے تھے۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، اور سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں 8 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

وزیراعظم نے رپورٹ طلب کرلی

وزیراعظم شہبازشریف نے رکھنی بازار میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جب کہ وزیراعلی بلوچستان اور آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد سزا سے بچ نہیں سکیں گے، ناحق خون بہانے والوں کو عبرت کی مثال بنائیں گے۔

صدر مملکت کا اظہارِ مذمت

صدر پاکستان عارف علوی نے بارکھان میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

صدر مملکت نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور شہداء کیلئے بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو کا بیان

پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے بارکھان میں دھماکے کی مذمت کی ہے اور واقعے میں شہید ہونے والے شہریوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والوں کی بیخ کنی کے لیے پرعزم ہے، دہشتگردوں کا کوئی مذہب یا قوم نہیں، وہ انسانوں کی شکل میں سفاک درندے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کی مذمت

وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے رکھنی دھماکے کی مذمت کی ہے اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بے گناہ اور معصوم لوگوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں، دہشت گرد اپنے مزموم مقاصد کے حصول کے لیے بدامنی پیدا کررہے ہیں، ملک دشمن عناصر کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے۔

وفاقی وزیرداخلہ کا بیان

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے بھی بارکھان میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اورغم کا اظہار کیا ہے، جب کہ شہدا کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ نے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد بلوچستان میں امن اور ترقی کے دشمن ہیں، دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ رات خضدار میں ایک بم دھماکے کے ذریعے پولیس گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں دو پولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے تھے۔

خضدار پولیس کی گاڑی جھالاوان کمپلیکس ایریا میں معمول کی گشت پرتھی کہ اس دوران دھماکا ہوگیا، جس کی زد میں آکر گاڑی تباہ ہوگئی جبکہ دو اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے۔

افسوسناک واقعہ کی جے یو آئی سینئر رہنماء و رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس جوانوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت عمل ہے۔

بلوچستان

terrorist attack

Blast

khuzdar

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div