Aaj News

بدھ, اپريل 24, 2024  
16 Shawwal 1445  

’پتہ تھا باجوہ حکومت گرا رہے ہیں تو عدم اعتماد کی رات تاحیات توسیع کی آفر کیوں کی‘

آپ پر آرٹیکل 6 لگنا چاہئے، مریم اورنگزیب
شائع 14 فروری 2023 07:06pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان جسے تاحیات ایکسٹینشن دے رہے تھے آج ان کے خلاف بیان دے رہے ہیں، عمران خان کہا کرتے تھے کہ جنرل باجوہ جیسا سپہ سالار پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں آیا، وہ معیشت، فارن پالیسی میں میری مدد کر رہے تھے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج عمران خان کہتے ہیں کہ تمام چیزوں کے ذمہ دار جنرل باجوہ تھے، عمران خان اب اقرار کر رہے ہیں کہ کوئی امریکی سازش نہیں ہوئی تھی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان اب کہتے ہیں جنرل باجوہ ان کے خلاف سازش کر رہے تھے، یہ ان لوگوں کی توہین کر رہے ہیں جو ان کی باتوں کو سچ سمجھتے ہیں، یہ ان لوگوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان کہانیاں گھڑتے ہیں، آج ہم نہیں عمران خان خود کہہ رہے ہیں کہ کسی قسم کی کوئی عالمی سازش نہیں ہوئی، اگر عمران خان کو پتہ تھا کہ باجوہ ان کی حکومت گرا رہے ہیں تو تحریک عدم اعتماد کی رات انہیں تاحیات توسیع دینے کی آفر کیوں کی؟

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر انہیں پتہ تھا کہ سارے کام باجوہ صاحب کر رہے ہیں اور الزامات آپ پر لگ رہے ہیں تو آپ وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بیٹھ کر کس کی ملازمت کر رہے تھے؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج آپ کا خالی بیان دے دینا کافی نہیں، آپ پر آرٹیکل 6 لگنا چاہئے، جس وقت آپ نے امریکی سازش اور سائفر کا الزام لگایا اس وقت آپ وزیراعظم تھے، آپ نے اپنے وزراء کو پارلیمنٹ میں کھڑا کر کے کہا کہ تحریک عدم اعتماد منسوخ کی جاتی ہے کیونکہ یہ امریکی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور صدر پاکستان سے آئین شکنی کروائی، عمران خان نے پاکستان کی سالمیت کے ساتھ خطرناک کھیل کھیلا ہے۔

مریم کا کہنا تھا کہ آج شہباز شریف کے خلاف وعدہ معاف گواہ عدالت میں کھڑا ہو کر کہتا ہے کہ میرے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے، تمام چیزیں شفاف طریقے سے ہوئیں اور کسی قسم کی منی لانڈرنگ سامنے نہیں آئی۔

imran khan

Maryam Aurangzeb

General Qamar Javed Bajwa

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div