Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
11 Shawwal 1445  

عسکری قیادت کا ترکیہ میں زلزلہ متاثرین سے اظہار تعزیت

آرمی چیف کی ہدایت پر پاک فوج کے 2 دستے ترکیہ روانہ
شائع 07 فروری 2023 10:11am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ آئی ایس پی آر
فوٹو۔۔۔۔۔۔ آئی ایس پی آر

عسکری قیادت کی جانب سے ترکیہ میں زلزلہ متاثرین سے اظہار تعزیت کیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی ہدایت پر پاک فوج کے 2 دستے ترکیہ روانہ ہوگئے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ترکیہ جانے والے پاک فوج کے دستوں میں اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم شامل ہیں۔

اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم میں ماہرین، سراغ رساں کتے اور جدید آلات شامل ہیں جبکہ آرمی ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور ٹیکنیشنز پر مشتمل میڈیکل ٹیم بھی ترکیہ روانہ ہوئی ہے۔

پاک فوج کی میڈیکل ٹیم 30 بستروں کا موبائل اسپتال قائم کرے گی جبکہ امدادی سامان میں خیمے، کمبل اور دیگر امدادی اشیاء بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ امدادی دستے 6 اور 7 فروری کی درمیانی رات پاک فضائیہ کے خصوصی طیارے کے ذریعے ترکیہ روانہ ہوئے جبکہ پاکستانی امدادی ٹیمیں ترک حکومت اور ان کے اسلام آباد میں سفارت خانے کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کے دوران ترک عوام کے لئے امدادی سرگرمیاں انجام دیں گی ، پاکستانی دستے امدادی کاموں کی تکمیل تک وہاں موجود رہیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے عوام اور مسلح افواج ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ضرورت کی اس گھڑی میں ترک بھائیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عسکری قیادت نے ترک زلزلہ متاثرین سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

آئی ایس پی ار کا کہنا تھا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ترکیہ متاثرین سے دلی ہمدردی، تعزیت کی، تینوں مسلح مسلح افواج کے سربراہان نے بھی ترکیہ میں زلزلہ زدگان سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

CJCSC

ISPR

earthquake

turkiye

Army Chief General Asim Munir

general sahir shamshad mirza

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div