Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
11 Shawwal 1445  

اعظم خان نے نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا حلف اٹھا لیا

گورنرخیبرپختونخوا نے تعیناتی کا اعلامیہ جاری کردیا
اپ ڈیٹ 21 جنوری 2023 04:52pm

سابق بیوروکریٹ محمد اعظم خان نے خیبر پختونخوا کے نگراں وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے ہفتے کو پشاور میں اعظم خان سے حلف لیا۔

انہوں نے آج نیوز سے گفتگو میں کہا کہ عبوری سیٹ اپ صوبے میں ”آزادانہ اور منصفانہ“ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے گا۔

جمعے کو گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے اعظم خان کی بطور نگراں وزیراعلیٰ تعیناتی کا اعلامیہ جاری کیا تھا۔

گزشتہ روز ہی نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے تقرر کے لئے محمودخان اور اپوزیشن لیڈر کے پی اسمبلی اکرم درانی کے درمیان اتفاق ہوگیا تھا۔

نگراں وزیراعلیٰ کے پی کے نام پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مشاورت اسپیکر ہاؤس میں ہوئی جہاں پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک بھی شریک تھے۔

نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لئے حکومت اور اپوزیشن نے اعظم خان کے نام پر اتفاق کیا، اعظم خان کئی سرکاری عہدوں پر اپنے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔

پشاور میں محمودخان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرس کرتے ہوئے اکرم درانی نے کہا تھا کہ اتفاق رائے سے اعظم خان کا نام بذریعہ خط محمود خان اور میں خود دستخط کرکے اسپیکر اسمبلی کو بھیجیں گے، پرویز خٹک بھی اعظم خان کو جانتے ہیں اور ہماری کوشش تھی کہ کوئی متنازع نام نہ دیا جائے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ پہلی بار نگراں وزیراعلیٰ کا نام اتفاق رائے سے دیا، ہم نے 3 اور اکرم درانی نے 2 نام دیئے تھے، پرویز خٹک سے مشاورت کرکے اتفاق کیا کیونکہ یہ اعظم خان کو بہتر جانتے ہیں۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ بہتر یہ تھا کہ عوامی نمائندے بیٹھ کر فیصلہ کریں، معاملہ الیکشن کمیشن جاتا تو بہتر نہ ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ اعظم خان کے نام پر لیڈرشپ سے بھی مشاورت کی، اعظم خان وزیر داخلہ اور خزانہ رہ چکے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران صحافی کے پی ڈی ایم سے مشاورت ہونے کے سوال پر محمود خان نے جواب دیا کہ میں اور اکرم درانی دونوں اعظم خان پر متفق ہیں، اب جب میاں بیوی راضی تو کیا کرے گا قاضی۔

اعظم خان کون ہیں؟

محمد اعظم خان کا حکومت پاکستان میں سرکاری ملازم کی حیثیت سے طویل اور روشن کیریئر رہا ہے۔

اعظم خان وزیر خزانہ، منصوبہ بندی اور ترقی کے محکمے، حکومت خیبر پختونخوا کے پی اور وفاقی سیکرٹری وزارت پیٹرولیم و قدرتی وسائل کے علاوہ وفاقی سیکرٹری وزارت مذہبی امور کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔

اعظم خان ایک سابق بیوروکریٹ ہیں، جو 24 اکتوبر 2007 سے یکم اپریل 2008 تک خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ، منصوبہ بندی اور ترقی رہے، وہ جنوری 1997 سے 6 جون 2007 تک لاچی غربت میں کمی کے منصوبے کے یو این ڈی پی کے مشیر رہے۔

اعظم خان ستمبر 1990 سے جولائی 1993 تک بطور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا بھی رہے اور وفاق میں بطور چئیرمین پاکستان ٹبیکو بورڈ، سیکرٹری پیٹرولیم مصنوعات و قدرتی وسائل اور سیکرٹری مذہبی آمور بھی رہے چکے ہیں۔

pti

PDM

peshawar

mehmood khan

KPK Assembly

care taker cm kpk

akram durrani

Politics Jan 21 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div