Aaj News

جمعرات, مارچ 28, 2024  
17 Ramadan 1445  

قاہان آپریشن میں فوجی جوانوں کی شہادت پر سیاسی قیادت کا اظہارِ افسوس

شہداء کے بلند درجات کیلئے دعا اور ان کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار.
شائع 25 دسمبر 2022 10:05pm

بلوچستان کے علاقے قاہان میں کلیئرنس آپریشن کے دوران بارودی سرنگ دھماکے سے کیپٹن فہد اور ان کے دیگر ساتھیوں کی شہادت پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سمیت ملک کی سیاست قیادت نے گہرے دکھ اورغم کا اظہار کیا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے اپنے بیان میں پاک فوج کے کیپٹن فہد، لانس نائیک امتیاز، سپاہی شمعون، اصغر اور مہران کی شہادت پر غم اور افسوس کا اظہارکیا۔

وزیرداخلہ نے شہداء کے بلند درجات کیلئے دعا کی اور ان کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج کے افسروں اورجوانوں کے جذبہ حب الوطنی اور شہادت کو پوری قوم کی طرف سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، شہداء ہماری قوم کے ماتھے کا جھومر اور فخر ہیں، پورے پاکستانی عوام ان کے پیچھے کھڑے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دہشتگردی کا پہلے بھی مقابلہ کیا اب بھی پوری قوت اورطاقت سے اس کا قلع قمع کریں گے، ارض وطن پر موجود ایک ایک دہشتگرد اور ملک دشمن کا صفایا کریں گے،(انشاءاللہ)۔ اللہ تعالی ہمارے شہداء کے درجات بلند کرے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے (آمین)۔

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے بھی جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پرویز الہٰی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء ہمارا مان اور قوم کے ہیرو ہیں، شہداء کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم یکسو ہے، بزدلانہ کارروائیاں امن اور خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کرسکتیں۔

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری نے بھی فوجی افسر اور جوانوں کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا اور شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ وطن کی سرزمین کی حفاظت کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔

ISPR

Asif Ali Zardari

Rana Sanaullah

Chaudhry Pervaiz Elahi

Qahan operation

Balochistan Blast

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div