Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

اسلام آباد بلدیاتی انتخابات: الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری

انتخابات ہو رہے ہیں تو توہین کیسے ہوگئی؟ عدالت
اپ ڈیٹ 22 دسمبر 2022 01:33pm
فوٹو۔۔۔۔ بی بی سی
فوٹو۔۔۔۔ بی بی سی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس میں الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کو کل کے لئے نوٹس جاری کردیے ، چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دے کہ عدالت پارلیمنٹ کو قانون سازی سے نہیں روک سکتی، آج وفاقی حکومت کوروک دوں کہ آئندہ کوئی قانون پاس نہیں کرنا؟امید ہے حکومت اورالیکشن کمیشن مل کرمسئلہ کا حل کرلیں گے۔

چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ جسٹس عامرفاروق نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے متعلق علی نواز اعوان کی درخواست پر سماعت کی ۔

درخواست گزارکے وکیل سردار تیمور، اٹارنی جنرل اشتر اوصاف اور ڈی جی الیکشن کمیشن عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ یونین کونسلز کے معاملے پر ہائیکورٹ پہلے ایک فیصلہ دے چکی ہے، ہائیکورٹ نے مزید یونین کونسلز بڑھانے سے روکا تھا، فیصلے کی خلاف ورزی کرکے توہین عدالت کی گئی، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے الیکشن کمیشن کو ڈی جی کو روسٹرم پر طلب کر لیا۔

عدالت نے ڈی جی الیکشن کمیشن سے استفسار کیا کہ ڈی جی یونین کونسلز سے متعلق کوئی نیا نوٹیفکیشن آیا ہے؟ جس پر ڈی جی الیکشن کمیشن نے بتایا کہ نوٹیفکیشن تو آیا تھا لیکن ہم نے اس پر آرڈر بھی کردیا ہے۔

چیف جسٹس عامر رفاروق نے استفسار کیا کہ آپ نے کیا آرڈر جاری کیا ہے؟ جس پر ڈی جی الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم نے حکم جاری کیا ہے کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات وقت پر ہوں گے۔

اٹارنی جنرل اشتراوصاف نے کہا کہ درخواست گزار کی جانب سے نوٹیفکیشن کو چیلنج نہیں کیا گیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ حکومتی نوٹیفکیشن کے بعد بھی بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ انتخابات ہورہے ہیں تو توہین کیسے ہوگئی ؟ یونین کونسلز بڑھانے کی منظوری وفاقی کابینہ نے دی تو درخواست صرف وزیراعظم کے خلاف کیوں؟ ووٹرز نے بھی ووٹ تبدیلی کے خلاف درخواست دی ہوئی ہے، بلدیاتی انتخابات پر تمام درخواستوں کو یکجا کرکے سماعت کریں گے ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تمام درخواستیں یکجا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کردی اور سماعت ایک روز کے لئے ملتوی کردی۔

ECP

Justice Amir Farooq

Islamabad High Court

islamabad local bodies election

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div