Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
19 Ramadan 1445  

ملالہ کی درخواست پر اسکولوں، مدرسوں میں جسمانی سزا پر پابندی کا قانون لانے کا اعلان

وزیراعلیٰ پرویز الہٰی نے ملالہ فنڈ کی سرگرمیوں کو سراہا۔
شائع 14 دسمبر 2022 07:03pm

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کی درخواست پر سکولوں اور مدرسوں میں جسمانی سزا پر پابندی کا قانون لانے کا اعلان کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مدرسوں اور سکولوں میں طلبا بالخصوص طالبات کو جسمانی سزا دینا قطعاً قابل قبول نہیں۔ جسمانی سزا پر پابندی کے قانون پر عملدرآمد ہر صورت میں یقینی بنائیں گے،اسی ماہ یہ قانون پنجاب اسمبلی سے منظورکرایا جائے گا۔

ایوان وزیر اعلیٰ میں نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی اور سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران ملالہ فنڈ پاکستان کی سرگرمیوں، مستقبل کی حکمت عملی اور منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پرویز الہٰی نے ملالہ فنڈ کی سرگرمیوں کو سراہا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 25 ہزار اساتذہ کی خالی آسامیوں پر بھرتیاں کی جائیں گی۔

ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ پنجاب کا کوئی بچہ سکول سے باہر نہ رہے۔

صوبے میں تعلیم کے فروغ خصوصاً گرلز ایجوکیشن اور STEAM پروگرام پر بھی بات چیت ہوئی۔

ملالہ یوسف زئی نے وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کے ایجوکیشن سیکٹر میں اصلاحات کے پروگرام کی تعریف کی ان کے علم دوست اقدامات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

چوہدری پرویزالہٰی کا کہنا تھا کہ پرائمری کی سطح پر پنجابی تعلیم کے لئے اساتذہ بھرتی کئے جائیں گے، مادری زبان کو ذریعہ تعلیم بنانے سے بچوں میں شرح خواندگی بڑھے گی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ طالبات کے لئے فری ٹرانسپورٹ کا آغاز کر رہے ہیں، جنوبی پنجاب کی طالبات کے وظائف میں 100 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیف (PEEF) کو دبارہ فعال اور موثر بنایا جائے گا۔ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور ریاضی (STEAM) پروگرام جلد نافذالعمل ہوگا۔ پنجاب حکومت STEAM پروگرام کیلئے پالیسی یونٹ کھولنے کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ پنجاب میں مستقبل کے لیڈرز تیار کرنے کیلئے بہترین ماحول فراہم کیا جائے گا۔ طلبا کو روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ ٹیکنیکل ایجوکیشن کی طرف راغب کر رہے ہیں، طلبا کے لئے پہلی مرتبہ ناظرہ اور ترجمہ قرآن لازمی قرار دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ میں بھیک مانگنے والے بچوں کو فری رہائش اور تعلیم دی جا رہی ہے، دبئی سے کیمل ریس میں استعمال ہونے والے بچوں کو بھی چائلڈ پروٹیکشن یونٹ میں رہائش اور فری تعلیم کا اہتمام کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی کے طور پر فروغ تعلیم کے لئے نجی یونیورسٹیوں کو بلا تعطل چارٹر دیئے، لاز میں ترامیم کیں اور پراسیکیوشن سروس کو بہتر بنایا۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ ملالہ پاکستان کا فخر ہیں، فروغ تعلیم کے لئے ملالہ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی خواتین کیلئے ایک اعلیٰ مثال ہیں۔

چوہدری پرویز الہٰی کہتے ہیں کہ ملالہ یوسف زئی نے تعلیم کیلئے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کیا، علم کے ذریعے محبت کو عام کیا اور نفرت کو شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ جہالت کے اندھیروں میں علم کی شمع روشن کرنے والی ملالہ یوسف زئی دوسروں کیلئے قابل تقلید مثال ہے۔

وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی نے ملالہ یوسف زئی، ان کے والد ضیاء الدین یوسف زئی، شوہر عصر ملک اور وفد کو لاہور کی سیاحت کی دعوت دی۔

اس موقع پر ملالہ نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی کے بارے میں سنتی اور پڑھتی رہتی ہوں اور تعلیم دوست اقدامات پر چوہدری پرویز الہٰی کی معترف ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی نے شعبہ تعلیم میں گراں قدر کام کیا ہے۔ مجھے دنیا کے سامنے نمائندگی کرنے کا شرف حاصل ہے، پاکستان کا نام فخر سے لیتی ہوں۔

ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ چاہتی ہوں پاکستان بالخصوص پنجاب کا کوئی بچہ سکول سے باہر نہ رہے، پنجاب کی طالبات کی آواز بننا چاہتی ہوں، ان کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہوں۔

ملالہ یوسف زئی نے پرویز الہٰی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو مہلت دے اور آپ بچوں کی تعلیم کے لئے قابل قدر اقدامات کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ طلبا میں دینی اور دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ تنقیدی سوچ پیدا کرنا ضروری ہے، طلبا کے لئے نئے آئیڈیاز، اختراحات اور مثبت سیاسی سوچ ترقی کی کلید ہے۔

انہوں نے شاندار مہمان نوازی پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

Chaudhry Pervaiz Elahi

Malala Yousufzai

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div