Aaj News

جمعرات, مارچ 28, 2024  
17 Ramadan 1445  

ترجمان صوبائی حکومت دہشت گردوں کی ترجمانی نہ کریں، سوات قومی جرگہ

سوات یا ملاکنڈ ڈویژن میں دہشت گردی یا دہشت گردوں کی سرپرستی کی گئی، تو عوام کوئی بھی راست اقدام اٹھانے سے گریز نہیں کریں گے، جرگہ
شائع 04 دسمبر 2022 06:03pm
سوات ودودیہ ہال سیدو شریف میں سوات قومی جرگہ (فائل فوٹو)
سوات ودودیہ ہال سیدو شریف میں سوات قومی جرگہ (فائل فوٹو)

سوات قومی جرگہ نے شہر میں دہشت گردی کے خاتمے اور مکمل پائیدار امن کے لیے جدوجہد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کسی بھی صورت میں اپنی سرزمین پر دہشت گردوں یا دہشت گردی کو قبول نہیں کریں گے۔

گرینڈ جرگہ ودودیہ ہال سیدو شریف میں منعقد ہوا جس میں ملاکنڈ ڈویژن کے علاقائی مشران، تمام سیاسی جماعتوں کے مقامی عہدیداروں، تمام فعال تنظیموں، بونیر، اپر اور لوئر دیر، ملاکنڈ اور شانگلہ کے مشران نے بھی شرکت کی۔

قومی جرگہ کے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ جرگہ نے فیصلہ کیا ہے کہ سوات اور ملاکنڈ ڈویژن میں عوام کسی بھی قسم کی دہشت گردی قبول نہیں کریں گے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں گے۔

جرگہ کا کہنا ہے کہ اگر سوات یا ملاکنڈ ڈویژن میں کسی بھی صورت دہشت گردی کی کوشش، حرکت یا دہشت گردوں کی سرپرستی کی گئی، تو عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے اور کسی بھی راست اقدام اٹھانے سے گریز نہیں کریں گے۔

جرگہ کا کہنا تھا کہ تحفظ فراہم کرنا ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے، ترجمان صوبائی حکومت دہشت گردوں کی ترجمانی نہ کریں۔

جرگہ میں مطالبہ کیا گیا کہ دہشت گردی کے واقعات پر ٹروتھ کمیشن بنایا جائے۔

جرگہ نے سوات موٹر وے فیز ٹو کو خوش آئند قرار دیا، لیکن واضح کیا کہ ایک اچھے منصوبے کے لیے زرعی زمینوں، باغات اور گھروں کا خاتمہ کسی صورت قبول نہیں۔

جرگہ نے فیصلہ کیا کہ سوات موٹر وے فیز ٹو کو دریائے سوات کے کنارے بنجر زمینوں پر تعمیر کیا جائے کیوں کہ سوات میں زرعی زمینیں کم ہیں، اس لیے زرعی زمینوں اور باغات پر موٹر کو تعمیر نہیں ہونے دیں گے۔

جرگہ کے اعلامیے کے مطابق آرٹیکل 247 کے تحت ملاکنڈ ڈویژن کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ غیر آئینی ہے۔ ملاکنڈ ڈویژن کے عوام نے دہشت گردی، آپریشن اور سیلاب کی وجہ سے نقصانات اٹھائے اور اسی وجہ سے 85 فیصد لوگوں کا کاروبار تباہ ہوچکا ہے۔

جرگہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملاکنڈ ڈویژن کی خصوصی حیثیت بحال کی جائے اور اگر یہاں پر کسی بھی قسم کا ٹیکس لگانے کی کوشش کی گئی تو اس عمل کی بھرپور طریقے سے مزاحمت کی جائے گی، جس کی ذمے داری حکومت پر عائد ہوگی۔

جرگہ نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نئے سیاحتی علاقوں کے قیام کے لیے لوگوں سے زبردستی ان کی زمینیں نہ ہتھیائیں اور اگر حکومت ضرورت محسوس کرے تو یہ زمینیں سرمایہ کاروں کے لیے مالکان سے لیز پر حاصل کریں۔

جرگہ نے سروے آف پاکستان کے نام پر شاملات کی زمینوں کو ہتھیانے کے منصوبے کو رد کیا اور کہا کہ شاملات کی زمینوں کے مالکان معلوم ہیں اور یہ ان کے نام کی جائیں۔

جرگہ نے متعدد قراردادیں بھی پاس کیں، جن میں ممبرانِ صوبائی اسمبلی سردار حسین بابک اور فیصل زیب کے گھروں پر حملوں اور دھمکیوں کی شدید مذمت کی گئی۔ جرگہ نے حکومتی ترجمان بیرسٹر سیف کو فوری طور پر فارغ کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

جرگہ میں ”سوات قومی جرگہ“ کے تمام مشران عبدالجبار خان، صلاح الدین خان، ممتاز علی خان، الحاج زاہد خان، خورشید کاکا جی، احمد شاہ، مختیار یوسف زئی، خواجہ محمد خان، سید صادق عزیز، اے این پی سے ایوب خان اشاڑے، مسلم لیگ ن سے سید حبیب علی شاہ، قومی وطن پارٹی سے شیر بہادر خان، پیپلز پارٹی سے عرفان چٹان، جماعت اسلامی سے اختر علی، جمیعت العلمائے اسلام سے سابق صوبائی وزیر قاری محمود، پختونخوا ملی عوامی پارٹی سے ڈاکٹر خالد محمود خالد، شانگلہ سے متوکل خان، بونیر سے میاں سید لائق باچا، ملاکنڈ سے اعجاز خان، دیر لوئر سے حسین شاہ خان، دیر اپر سے ملک بہرام خان اور دیر قومی پاسون سے ملک جہان عالم خان اور سابق صوبائی وزیر ملک جہانزیب خان نے شرکت کی۔

Swat

Grand Jirga

Swat Qaumi Jirga

Terrorism Activities

Terrorists in Swat

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div