Aaj News

جمعرات, مارچ 28, 2024  
17 Ramadan 1445  
Live
bye election2 22

ٹرن آؤٹ نے آئندہ انتخابات کی پیش گوئی کردی

کراچی این اے 239 میں ٹرن آؤٹ سب سے کم رہا
شائع 17 اکتوبر 2022 03:04pm
تصویر: اے پی پی
تصویر: اے پی پی

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 8 اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں ووٹنگ ٹرن آؤٹ کی تفصیلات جاری کردیں۔ جن سے آئندہ انتخابات کے حوالے سے کسی حد تک پیش گوئی کی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ ملتان این اے 157 میں فیصد رہا جبکہ کراچی این اے 239 میں ٹرن آؤٹ سب سے کم رہا۔

ملتان میں رجسٹرڈ ووٹرز میں سے 44.22 فیصد نے ووٹ ڈالے۔ اس نشست پر پیپلز پارٹی کے علی موسیٰ گیلانی نے پی ٹی آئی کی مہربانو قریشی کو شکست دی ہے۔

اس کے مقابلے میں کراچی این اے 239 جہاں ٹرن آؤٹ سب سے کم یعنی 14.88 فیصد رہا وہاں عمران خان نے ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار کو شکست دی۔

کراچی کے دوسرے حلقے این اے 237 میں ٹرن آؤٹ 20 فیصد رہا اور یہاں سے پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ فتح یاب ٹھہرے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے کونسی چھ نشستیں چھوڑنی ہیں اورکب

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ این اے 118 ننکانہ صاحب میں 44.01 فیصد، این اے 108 فیصل آباد میں 36.49 فیصد ٹرن آؤٹ رہا۔ ان دونوں حلقوں میں عمران خان کا ن لیگ کے امیدواروں سے کڑا مقابلہ ہوا۔

خیبرپختون خوا میں ہونے والے ضمنی انتخاب سے متعلق بتایا کہ این اے 22 مردان میں ووٹنگ ٹرن آؤٹ 32.94 فیصد رہا۔ یہاں سے پی ڈی ایم کے مولانا قاسم عمران خان کے مقابلے پر تھے۔

قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں ووٹرز باہر نکلے وہاں یا تو پی ٹی آئی کو شکست ہوئی یا مخالف امیدواروں کے مقابلے میں ان کی سبقت 10 سے 15 ہزار ووٹوں تک تھی۔ ملتان میں علی موسیٰ گیلانی 25 ہزار ووٹوں کی سبقت سے جیتے۔

یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی بدترین شکست کی ذمہ داری کس پر

صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر صورتحال البتہ مختلف تھی۔

پی پی 208 خانیوال میں ٹرن آؤٹ 53.32 فیصد رہا۔ یہاں سے پی ٹی آئی کے فیصل نیازی کامیاب رہے۔

پی پی 241 بہاولنگر میں 48.83 فیصد ٹرن آؤٹ ریکارڈ ہوا اور پی ٹی آئی کے ملک مظفر اعوان جیتے۔

پی پی 139 شیخوپورہ میں 41.86 فیصد ٹرن آؤٹ رہا اور یہاں سے ن لیگ کے حاجی افتخار احمد بھنگو الیکشن میں کامیاب ٹھہرے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی11 میں سے 8 نشستوں پرکامیابی حاصل کی تھی۔

ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی بدترین شکست کی ذمہ داری کس پر

اگرموسی گیلانی بڑی لیڈ سے جیت سکتے ہیں تو(ن) لیگ کیوں نہیں
اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2022 02:57pm

پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی11 میں سے 8 نشستوں پرکامیابی حاصل کی، جس سے مسلم لیگ (ن) کی صفوں میں شدید مایوسی نظرآرہی ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور امیدواروں نے ضمنی انتخابات میں شکست کی ذمہ داری مریم نواز، حمزہ شہباز اور پارٹی قیادت پرعائد کردی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ قائد نواز شریف نے بھی اس حوالے سے شدید برہمی کا اظہارکیا، وہ پارٹی قیادت کی کارکردگی سے نالاں ہیں اور لیگی وزرا کو سخت تنبیہ کی ہے۔

ذرائع نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) نے اعلی قیادت سے شکست کی فوری رپورٹ طلب کرلی۔

پارٹی رہنماؤں اورلیگی امیدواروں نے بھی بھی شکست کی ذمہ داری مریم نوازسمیت پارٹی قیادت پرعائد کرتے ہوئے کہاہے کہ اگرموسیٰ گیلانی بڑی لیڈ سے جیت سکتے ہیں تو (ن) لیگ کیوں نہیں، عمران خان نے 50 سے زائد جلسے کیے لیکن مسلم لیگ کی قیادت نے انتخابی مہم میں حصہ ہی نہیں لیا۔

رہنماوں نے شکوہ کیا کہ مریم نواز انتخابی مہم چلانے کے بجائے لندن روانہ ہوگئیں۔

ذرائع نے بتایا کہ یہ شکوہ بھی سامنے آیا ہے کہ جماعت کے صدر وزیراعظم ہیں لیکن ان کے پاس بھی پارٹی کے لیے وقت نہیں ہے۔

پارٹی رہنماؤں نے موقف پیش کیا کہ مہنگائی اور بجلی کے بھاری بل بھی شکست کی وجوہات بنے ہیں۔

ذرائع نے مزید کہا کہ پارٹی رہنماؤں کے گلے شکووں سے نواز شریف کو آگاہ کر دیا ہے، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی شکست کی وجوہات کی رپورٹ نواز شریف کو بھجوائے گی۔

ضمنی انتخابات: اے ین پی کا نتائج چیلنج کرنے کا اعلان

عوامی نیشنل پارٹی کے امیدواروں نے الزامات کی بوجھار کردی
شائع 17 اکتوبر 2022 12:48pm
تصویر: ٹوئٹر
تصویر: ٹوئٹر

عوامی نیشنل پارٹی (اے ین پی) نے ضمنی انتخابات کومسترد کرکے نتائج چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

گزشتہ روز ہونے بوالے ضمنی انتخابات اے این پی کے امیدوارایمل ولی اور غلام بلورکو شکست اور پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی کامیاب ہوئے تھے۔

چارسدہ کے حلقہ 24 کے امیدوار ایمل ولی نے الزام عائد کیا کہ 10 ہزار کے قریب جعلی ووٹ ڈالے گئے ہیں، جس کی تصدیق کے لئےالیکشن کمیشن جائیں گے۔

دوسری جانب پشاور این اے 31 کے امیدوار غلام بلور نے بھی صوبائی حکومت پرانتخابات میں سرکاری مشینری کے استعمال کا الزام لگایا۔

غلام بلور نے ضمنی انتخابات کے نتائج کو الیکشن کمیشن یا ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان بھی کردیا ہے۔

کیا مہربانو قریشی کو موروثی سیاست لے ڈوبی

کئی صارفین نے شکست کا الزام زرتاج گل پردھردیا
شائع 17 اکتوبر 2022 11:13am
پی ٹی آئی/ ٹوئٹرہینڈل
پی ٹی آئی/ ٹوئٹرہینڈل

پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخاب میں قومی اسمبلی کی 8 اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں میں سے 8 پر کامیابی حاصل کی جو تمام تر سیاسی اونچ نیچ کے باوجود پارٹی مقبولیت کا مضبوط جواز فراہم کرتی ہے لیکن ملتان کی اہم نشست پرشکست کئی سوالات بھی اٹھارہی ہے۔

ملتان کے حلقہ این اے157 میں سے مکمل پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کےعلی موسیٰ گیلانی ایک لاکھ 7 ہزار 327 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ پی ٹی آئی کی مہربانو 82 ہزار 141 ووٹس لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔

سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کے صاحبزادے نے اپنی حریف اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی کو 25 ہزار186 ووٹوں کے بڑے مارجن سے شکست دی۔

حلقہ این اے 157 کی یہ نشست شاہ محمود کے صاحبزادے اورزین قریشی نے خالی کی تھی اورغالباً یہی وجہ تھی کہ ضمنی انتخاب کے لیے مہربانو کو ٹکٹ دینے پرمخالف حلقوں کے علاوہ خود پارٹی کے اندرسے بھی آوزایں اٹھائی گئیں،حلقے سے پارٹی کارکنوں نے بھی موروثی سیاست دفن کرنے کا نعرہ لگانے والی پی ٹی آئی کے اس کے برعکس اقدام کی شدید مخالفت کی تھی۔

مہربانو کی شکست سوشل میڈیا پرزیربحث ہے اور انہیں ٹکٹ دینے پرتنقید کرنے والے اب اپنے تبصروں میں واضح کررہے ہیں کہ اس شکست کے اسباب کیا ہیں۔

ایک صارف نے ملتان میں پی ٹی آئی کے ووٹرزکو ’’غیرجانبدار‘’قراردیتے ہوئے لکھا کہ آپ خاندانی سیاست کیخلاف بیانیے کے بعد خود خاندانی سیاست کر سکتے ہیں تو یہ پی ٹی آئی اور اس کی قیادت کے لیے ایک سبق ہے۔

مہربانو کی قابلیت پرشک نہ رکھنے والے صارف نے بھی شکست کی وجہ انہیں اپنے والد کی وجہ سے پارٹی ٹکٹ ملنا قراردیا۔

صارفین نے مہربانو کی شکست میرٹ کا مذاق اڑانے کا نتیجہ بھی قراردی۔

پی ٹی آئی کے ایک حمایتی صارف نے لکھا کہ مہر بانو کی شکست پارٹی قیادت کیلئے ایک سبق ہے کہ ہم موروثی سیاست کی حمایت نہیں کرتے۔

ایک صارف نے جلسے کے دوران اسٹیج پرمہربانو اورعمران خان کو ایک ساتھ بیٹھا دیکھ کرزرتاج گل کے ردعمل سے متعلق ویڈیو شیئرکرتے ہوئے لکھا کہ، مہربانوزرتاج گل کا نشانہ بن گئیں“۔

اس شکست کو میمز کی شکل میں بیان کرنے والے بھی حاضرہیں۔

موروثی سیاست کی مخالفت کے علاوہ ایسے تبصرے بھی سامنے آئے کہ ،”قریشی خاندان مشکل ترین وقت میں خان کےساتھ سیسہ پلائی دیوارکی طرح کھڑاہواہے۔ایسےوقت میں الیکشن لڑناجب اسمبلی بھی ناجاناہوکوئی مراعت نہیں بلکہ قربانی ہے“۔

دوسری جانب ٹوئٹرپرمتحرک مہربانو قریشی شکست کوخاطرمیں نہ لاتے ہوئے مخالفین کے لیے ناقدانہ ٹویٹس کررہی ہیں ۔

پارٹی کے نائب صدر کی صاحبزادی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو الیکشن لڑناآگیا ہے، لہذاٰ اور خطرناک ہوگئی ہے۔

ضمنی انتخابات میں شکست، اے این پی کا نتائج چیلنج کرنے کا اعلان

عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ایمل ولی اور غلام بلور کو شکست ہوئی
شائع 17 اکتوبر 2022 10:51am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

ضمنی انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ایمل ولی اور غلام بلور کو شکست ہوئی جس کے بعد پارٹی نے انتخابات کو مسترد کرکے نتائج چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی کامیابی کے بعد عوامی نیشنل پارٹی نے نتائج کو مسترد کردیا۔

چارسدہ کے حلقہ 24 کے امیدوار ایمل ولی نے الزام عائد کیا کہ 10 ہزار کے قریب جعلی ووٹ ڈالے گئے ہیں جس کی تصدیق کے لئے الیکشن کمیشن جائیں گے ۔

پشاور کے حلقہ این اے 31 کے امیدوار غلام بلور نے بھی صوبائی حکومت پر انتخابات میں سرکاری مشینری کے استعمال کا الزام لگایا۔

غلام بلور نے ضمنی انتخابات کے نتائج کو الیکشن کمیشن یا ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان بھی کردیا ہے۔

ضمنی انتخابات میں بڑی کامیابی پر پی ٹی آئی کا جشن

پی ٹی آئی حامیوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے
شائع 17 اکتوبر 2022 10:42am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ رائٹرز
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ رائٹرز

پاکستان کے تینوں صوبوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں بڑی کامیابی پر پاکستان تحریک انصاف کا جشن ، مٹھائیاں تقسیم اور ڈھول کی تھاپ پربھنگڑے بھی ڈالے گئے۔

ننکانہ صاحب میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 118پرعمران خان کی کامیابی پر پی ٹی آئی کے حامیوں نے خوب جشن منایا، مٹھائیاں تقسیم کیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے۔

فیصل آباد میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108پر بھی پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

خانیوال میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 209پر پی ٹی آئی کے امیدوار فیصل خان نیازی نے میدان مارا ، جس پر کارکنان کی جانب سے ان کی رہائش گاہ پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے جا رہے ہیں اور جشن کا سماں ہے۔

بہاولنگر میں بھی پی پی 241پر تحریک انصاف کے امیدوار ملک مظفر خان نے کامیابی سمیٹی۔

پنجاب میں 3 قومی اور 3 صوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف نے 2 قومی اور 2 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر میدان مارا۔

قومی اسمبلی کی ایک نشست پیپلزپارٹی اور صوبائی اسمبلی کی ایک نشست (ن)لیگ کے حصے میں آئی۔

آئندہ الیکشن میں ایم کیوایم کو ٹکٹ لینے والے نہیں ملیں گے، فواد چوہدری

پیپلز پارٹی بھٹو کی نہیں زرداری کی پارٹی بن چکی ہے، پی ٹی آئی رہنما
شائع 17 اکتوبر 2022 09:55am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم کا کوئی مستقبل نہیں، آئندہ الیکشن میں ایم کیوایم کو ٹکٹ لینے والے نہیں ملیں گے۔

آج نیوز کے پروگرام “ آج پاکستان“ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ضمنی انتخابات میں کل کی کامیابی کو توقع کے مطابق قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی سرپرائز نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کےسواپوراپاکستان الیکشن چاہتا ہے، بدقسمتی سے حکمران عوام کی آواز سننے کو تیار نہیں، معیشت نے کمر توڑ دی، تنخواہ دارطبقہ بہت زیادہ پریشان ہے، ملک میں سیاسی عدم استحکام سے ہر شخص پریشان ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ موجودہ الیکشن کمیشن جانبدار اور ن لیگ کی ذیلی جماعت ہے، یہ بہت زیادہ نااہل ہیں، ہر کام سے نااہلی ظاہر ہوتی ہے، الیکشن سے قبل عملے کی تعیناتی تک خلا نظر آتا ہے، موجودہ حکومت کوعوام کی رائے کا احترام کرنا چاہیئے۔

ایم کیوایم سے متعلق سوال پر پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ایم کیوایم کا کوئی مستقبل نہیں، کراچی پی ٹی آئی کا شہر ہے، ملیر میں جس طرح پیپلزپارٹی الیکشن جیتی، شرم آنی چاہیئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن میں ایم کیوایم کو ٹکٹ لینے والے نہیں ملیں گے، سندھ میں پی ٹی آئی کا مقابلہ صرف پیپلزپارٹی سے ہوگا، سندھ سے پیپلزپارٹی کا اثر ختم ہوگیا ہے، پیپلزپارٹی بھٹو کی نہیں زرداری کی پارٹی بن چکی ہے۔

ملتان میں شاہ محمود قریشی کی بیٹی کی ناکامی سے متعلق سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں روایتی سیاست کا سورج ڈھل رہاہے، پی ٹی آئی نے بھی روایتی سیاست کی تو سزا بھگتے گی۔

عابد شیرعلی نے ضمنی انتخاب میں شکست کی وجہ بتادی

عابد شیرعلی کا عمران خان کے ساتھ کانٹے کا مقابلہ ہوا
اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2022 10:52am

فیصل آباد میں این اے 108 میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوارعابد شیرعلی نے شکست تسلیم کرلی ہے۔

عابد شیرعلی نے ضمنی انتخاب میں ہار کی وجہ مہنگائی اور بجلی کے بلوں کو قرار دے دیا۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 فیصل آباد میں ضمنی انتخاب کے لئے 10 امیدوارمیدان میں تھے۔

پی ٹی آئی کے عمران خان اور مسلم لیگ (ن) کے عابد شیر کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا، جس میں شکست ہوئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان 99 ہزار 841 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ ن لیگ کےعابد شیرعلی 75 ہزار 266 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔

مذکورہ نشست پی ٹی آئی کےفرخ حبیب کے استعفے پر خالی ہوئی تھی۔

پریزائیڈنگ افسر نے خاتون کو بلے پر مہر لگانے کے لیے کہا

این اے 239 میں انتخابی عملے کی نااہلی کے متعدد واقعات دیکھنے میں آئے
اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2022 09:23am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

کراچی کے ضمنی انتخابات میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی، کہیں پریزائیڈنگ افسر ایک امیدوار کے حق میں ووٹ کاسٹ کرنے کا کہتے پکڑا گیا تو کہیں ووٹر لسٹوں میں غلط اندراج کی شکایات کی گئیں۔

کراچی کے حلقہ این اے 239 میں انتخابی عملے کی نااہلی کے متعدد واقعات دیکھنے میں آئے ۔

پولنگ اسٹیشن نمبر 76پرایک خاتون کو زبردستی بلے پر ووٹ ڈالنے کے لئے کہا گیا، معاملے کی نشاندہی ہوئی تو پریزائیڈنگ افسر نےاعتراف کرلیا اور کہا وہ تو مذاق کر رہا تھا ۔

پولنگ اسٹیشن نمبر 75پرتو سی سی ٹی وی کیمرے کے سامنے ہی پولنگ بوتھ بنا دیا گیا، اس طرح ووٹ پر مہر لگانے کا عمل ریکارڈ ہونے لگا،آج نیوز نے نشاندہی کی تو عملے نے بوتھ کی جگہ تبدیل کی۔

کئی پولنگ اسٹیشنس سے ووٹر فہرستوں میں غلط اندراج کی شکایات بھی سامنے آئیں۔

پولنگ اسٹیشن نمبر 75 کی اس خاتون کا کہنا ہے کہ نادرا کے میسج پر پولنگ اسٹیشن پہنچی،یہاں تو سلسلہ نمبر پر کسی اور کا نام اور تصویر ہے ،جیسے تیسےضمنی انتخابات تو ہوگئے لیکن الیکشن کمیشن کی غلطیوں اور عملے کی نااہلی کا پول کھل گیا ہے ۔

ضمنی انتخابات: کئی پولنگ اسٹیشنز پرانتخابی ضابطہ اخلاق نظرانداز کردیے گئے

ووٹ کاسٹ کرنے کی وڈیوز اور ٹک ٹاک سوشل میڈیا پر وائرل
شائع 17 اکتوبر 2022 08:55am
تصویر: اے ایف پی
تصویر: اے ایف پی

ضمنی انتخابات میں کئی پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی ضابطہ اخلاق کو نظر انداز کیا گیا، ووٹ کاسٹ کرنے کی وڈیوز اور ٹک ٹاک بھی جاری ہوتی رہیں۔

ضمنی الیکشن میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑ گئیں کہیں اصلی تو کہیں جعلی بیلٹ پیپرز نے طوفان کھڑا کردیا۔

پشاور، شرقپور، ملتان اور فیصل آباد میں مہر لگے بیلٹ پیپرز کی تصاویر بھی وائرل ہوگئیں۔

پشاور کے حلقے این اے 31 میں (اے این پی) کے امیدوار غلام احمد بلورووٹ کاسٹ کرنے کے لئے آئے لیکن مخصوص جگہ جانے کی زحمت تک نہ کی سب کے سامنے بیلٹ پیپر پر مہر لگادی۔

غلام بلور کی دیکھا دیکھی ثمر ہارون بلور نے بھی ووٹ کاسٹ کیا اوراس کی ویڈیو بنائی لیکن یہ ووٹ مخصوص جگہ پر ہی کاسٹ کیا گیا۔

پشاور کے ٹک ٹاکر نے عمران خان کو ووٹ ڈالنے کی ٹک ٹاک وڈیو بنا لی۔

فیصل آباد کے پولنگ اسٹیشن میں ایک باپ نے اپنے کمسن بیٹے سے بیلٹ پیپر پر مہر لگوا کرووٹ ڈال دیا۔

’پی ٹی آئی آج یوم تشکر منائے گی‘

فیصلہ سازوں کو عوام کا فیصلہ سمجھنا چاہئیے، اسد عمر
شائع 16 اکتوبر 2022 11:54pm
تصویر: اختر سومرو/روئٹرز
تصویر: اختر سومرو/روئٹرز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی آج یوم تشکر منائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ آج پاکستان کے تین صوبوں میں عوام کے سامنے الیکشن ہوا، اصل میں یہ ایک ریفرنڈم تھا۔

اسد عمر نے کہا کہ عوام کو یہ بات سمجھ آگئی ہے پاکستان کے لیے یہ فیصلہ کن موڑ ہے، پاکستان اب بیرونی طاقتوں کی جنگوں میں نہیں پڑے گا۔ قوم جو بار بار فیصلہ سنا رہی ہے اس فیصلے کو فیصلہ سازوں کو سمجھنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے ملکی مفادات کا تحفظ کریں گے، عوام کے دماغ میں کوئی ابہام نہیں، عوام کو اب غلامی منظور نہیں ہے، 17 جولائی کا عوام نے تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا بیانیہ لوگوں کے دل و دماغ میں اتر گیا ہے، جن لوگوں کے پاس پاکستانی عوام کے بارے میں فیصلہ کرنے کی طاقت ہے ان کے ذہن سے ابہام دور ہونا چاہیے، آج پھر 17 جولائی والی قسط رونما ہوئی، ایک بار پھر تحریک انصاف نے 13 جماعتوں کو شکست دی۔

اسد عمر نے کہا کہ عمران خان جمہوریت کے مطابق آگے بڑھنا چاہتے ہیں، پاکستانی عوام کو پاکستان کے مستقل کا فیصلہ الیکشن کے زریعے کرنے دیں، لوگوں میں غصہ بڑھ رہا ہے، سندھ ہاؤس اور میریٹ میں منڈیاں لگیں، لوگوں کے ضمیر خریدے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو عوام کو ریاستی جبر کا سامنا کرنا پڑا، عورتوں کو حراساں کیا گیا، جمہوریت عوام کو راستہ دیتی ہے، فیصل آباد میں لوگوں نے ووٹ کے ذریعے اپنا فیصلہ سنایا، ہم نے رانا ثناء اللہ کو گھر سے شکست دی، فیصلہ دیوار پر لکھا جا چکا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے فیصلہ سازوں کے پاس دو راستے ہیں، یا جمہوری عمل کے زریعے عوام تبدیلی لائے یا پھر خدا نہ خواستہ دوسرا راستہ اپنانا پڑے، آئی ایم ایف سے معاہدہ ہونے کے باوجود عوام کو ریلیف نہیں ملا، ملک دیوالیہ ہونے کے در پہ ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ان حالات میں سیاسی بحران کو حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، اب یہ عوام کو روک نہیں سکتے، آج ایک بار پھر عوام نے اپنی آواز سے فیصلہ سازوں تک یہ بات پہنچائی ہے، آج عوام نے عمران خان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام نے بیرونی سازش سے مسلط کردہ حکومت کو مسترد کردیا، عوام میں اس وقت انقلابی تبدیلی آئی ہے، پاکستان بہتری کی جانب بڑھے گا، تحریک انصاف کے تمام ورکرز اور تنظیموں کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ان کو مبارکباد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا پیغام ہے کہ تشکر منائیں، کل اللہ کا شکر ادا کریں اور یہ دعا مانگیں کہ جن کے پاس فیصلہ کرنے کی طاقت ہے ان کو حمت پر مبنی فیصلے کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

ثمر بلور نے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑادیں، وائرل ویڈیو پر الیکشن کمیشن کا نوٹس

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ریٹرننگ آفیسر سے رپورٹ طلب۔۔۔
شائع 16 اکتوبر 2022 09:56pm
اسکرین گریب
اسکرین گریب

صوبائی رکن اسمبلی ثمر ہارون بلور کی طرف سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کی ایم پی اے نے ووٹ ڈالتے وقت ویڈیو بنائی جو الیکشن قوانین بابت رازداری خفیہ رائے کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

الیکشن کمیشن پشاور نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ریٹرننگ آفیسر سے رپورٹ طلب کرلی۔

ضمنی انتخاب میں ہار: مشورے کے بعد کورٹ یا الیکشن کمیشن جاؤں گا، غلام احمد بلور

ووٹ بتا رہے ہیں کہ عمران خان کی مقبولیت میں کمی ہوئی، غلام احمد بلور
شائع 16 اکتوبر 2022 09:47pm
تصویر بزریعہ ٹوئٹر
تصویر بزریعہ ٹوئٹر

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سئنئیر رہنما غلام احمد بلور نے اپنی ہار کی ذمہ داری صوبائی حکومت اور انتظامیہ پر ڈال دی۔

اے این پی رہنما غلام احمد بلور نے ضمنی الیکشن کے نتائج کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو کھانے کے لئے روٹی نہیں مل رہی پھر بھی لوگ نکلے اس کے لئے انکا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لئے افسوس ہے کہ انہوں نے 2018 میں یہاں سے 95 ہزار ووٹ لئے، لیکن اب کے ووٹ بتا رہے ہیں کہ ان کی مقبولیت میں کمی ہوئی۔

انہوں نے اپنی ہار کی ذمہ داری صوبائی حکومت اور انتظامیہ پر ڈالتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ صوبائی حکومت کی تھی اور وہ کہاں چاہیں گے کہ میں جیتوں، اس لئے خاص طریقہ کار کے زریعے مجھے ہرایا گیا۔

غلام بلور نے کہا کہ ساتھیوں کے ساتھ مشورے کے بعد کورٹ یا الیکشن کمیشن جانے کا فیصلہ کروں گا۔

ضمنی انتخابات: پی ٹی آئی نے کراچی میں کھلے عام بدمعاشی کی، شرجیل میمن

'قومی و صوبائی اراکین اسمبلی اور جرائم پیشہ عناصر ہتھیار ساتھ لے کر غنڈہ گردی کرتے رہے۔'
اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2022 01:37pm
تصویر: ٹوئٹر/شرجیل انعام میمن
تصویر: ٹوئٹر/شرجیل انعام میمن

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے آج کراچی میں ضمنی انتخابات کے موقع پر کھلے عام بدمعاشی کی۔ مختلف پولنگ اسٹیشز پر قومی و صوبائی اراکین اسمبلی اور جرائم پیشہ عناصر ہتھیار ساتھ لے کر غنڈہ گردی کرتے رہے۔

صوبائی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ملزمان معصوم ووٹرز کو دھمکاتے اور ڈراتے رہے۔ افسوس کا مقام ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی سرعام دھجیاں اڑائی گئیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گاڑیوں کے جلوسوں سے پولنگ عملے کو حراساں کیا گیا، لیکن کسی نے نوٹس نہیں لیا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں پی ٹی آئی کی اس غنڈہ گردی کا نوٹس لیا جائے۔ معصوم ووٹرز کو حراساں کرنا زیادتی ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان نے شکست کے خوف سے ہر حربہ استعمال کیا۔ الیکشن کمیشن اور ادارے عمران خان اور ان کے حواریوں کی حرکتوں کا نوٹس لیں۔

ضمنی انتخابات: پی ٹی آئی 11 میں سے 8 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب

ملتان اور کراچی میں پی ٹی آئی کو اپ سیٹ شکست جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے
اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2022 10:21am
Aaj News live, By Elections in Pakistan, Imran Khan vs PDM, Headlines, Breaking, Updates

ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی نے میدان مار لیا، قومی اسمبلی کی 8 میں سے 6 نشستیں جیت لیں جبکہ ملتان اور کراچی میں تحریک انصاف کو اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے۔

اسی طرح ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کی 2نشستیں گنوائیں تو پنجاب سے 2سیٹیں نکال لیں، خانیوال اور بہاولنگر میں تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ شرقپور کی سیٹ ن لیگ کے نام رہی۔

قومی اسمبلی کی نشستوں کے نتائج

پشاور عمران خان کا

پشاور کے حلقہ این اے 31 میں کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ سامنے آگیا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 57 ہزار 824 ووٹ لے کر کامیاب، جبکہ پی ڈی ایم کےغلام احمد بلور 32 ہزار253 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

کراچی سے کون جیتا؟

کراچی کے حلقے این اے 237 ملیر کے غیر حتمی نتائج سامنے آگئے ہیں، جس کے مطابق پیپلزپارٹی کے حکیم بلوچ ہزار 567 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے عمران خان 22 ہزار 493 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

کراچی کے حلقے این اے 239 کورنگی کے 275 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے عمران خان 42134 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ ایم کیو ایم کے سید نیئر رضا 14360 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

ملتان کا میدان پیپلزپارٹی نے مار لیا

ملتان کے این اے157 میں سے مکمل پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے علی موسیٰ گیلانی 107327 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کی مہربانو 82141 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔

فیصل آباد کی جیت کس کے نام؟

عمران خان نے فیصل آباد کا بھی میدان مارلیا۔ فیصل آباد کے این اے 108 کے غیرسرکاری غیرحتمی نتائج موصول ہوگئے ہیں ، جس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان99 ہزار 841 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے ہیں، آگے ہیں جبکہ ن لیگ ن کےعابد شیرعلی 75 ہزار 266 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔

چارسدہ کا ہنگامہ خیز میدان کس نے فتح کیا؟

چارسدہ میں این اے 24 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق عمران خان 78 ہزار 589 ووٹ لے کر آگے جبکہ ایمل ولی 68 ہزار 356 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔

ننکانہ صاحب کا ”صاحب“ کون؟

ننکانہ صاحب کے حلقہ این اے 118 میں غیر حتمی نتیجے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان 90180 ووٹ لے کر آگے، جبکہ ن لیگ کی شزرہ منصب علی 78024 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

مردان کا ”مردِ مجاہد“ کون؟

مردان کے این اے 22 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان 76ہزار681 ووٹ لیکر آگے جبکہ پی ڈی ایم امیدوار محمد قاسم 68ہزار181ووٹ لیکردوسرے نمبر پر ہیں۔

صوبائی نشستوں کے نتائج

شیخوپورہ کے نتائج

شیخوپورہ کے پی پی139 کے 12 پولنگ اسٹیشنزکےغیرحتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے حاجی افتخار بھنگو 1936 ووٹ لیکر آگے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے میاں ابوبکر 1913 ووٹ لیکردوسرے نمبرپر ہیں۔

خانیوال کے نتائج

خانیوال کے پی پی209 کے غیرحتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے فیصل نیازی 71 ہزار 156 ووٹ لیکر کامیاب رہے۔

بہاولنگر میں کون آگے؟

بہاولنگر میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی241 کے غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے ملک مظفر اعوان 59957 ووٹ لے کر آگے، جبکہ ن لیگ کےامان اللہ ستار باجوہ 48147 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

شرقپور میں کس کو ووٹ پڑے؟

شرقپور کے پی پی 139 کے غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ کے حاجی افتخار احمد بھنگو 40829 ووٹ لیکر آگے جبکہ پی ٹی آئی کے ابوبکر شرقپوری 37712 ووٹ لیکر پیچھے ہیں۔

چشتیاں میں پی ٹی آئی آگے

چشتیاں میں حلقہ پی پی241 کے غیر حتمی وغیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے ملک مظفر خان 12 ہزار 468 ووٹ لے کر آگے ہیں، جبکہ ن لیگ کےامان اللہ ستار باجوہ 9395 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

پولنگ کا ہنگامہ خیز دن

تینوں صوبوں میں صبح آٹھ بجے شروع ہونے والی پولنگ کئی مواقع پر رکاوٹ، تصادم اور بد نظمیوں کا شکار رہی۔

یہ بھی پڑھیں: صوبائی و قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخاب تصادم کی نذر

ضمنی انتخابات کے لئے 11 حلقوں میں 2 ہزار 937 پولنگ اسٹیشنز اور 9 ہزار 869 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے، 747 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور 694 حساس قرار دیئے گئے۔

نتائج کیلئے اسکرینیں نصب

پشاور میں ضمنی انتخابات کے نتائج کیلئے الیکشن کمیشن کے دفتر میں قائم سینٹر میں بڑی اسکرین پر قومی اسمبلی کے تینوں حلقوں کےنتائج براہ راست دکھائے جائیں گے۔

این اے 31 کے نتائج کیلئے نشتر ہال پشاور میں سینٹر قائم کیا گیا، جبکہ این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ کیلئے متعلقہ حلقوں میں مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی تسلیاں

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابات مجموعی طور پر پُرامن ماحول میں ہوئے، مرکزی کنٹرول روم اسلام آباد کو 15 شکایتیں موصول ہوئیں، زیادہ تر شکایات تصادم اور جھگڑوں سے متعلق تھیں، تاہم ان شکایات کو فوری طور پر حل کر دیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان، فواد چوہدری، فرخ حبیب اور عمر ایوب کے الیکشن کمیشن بارے بیانات کو بھی گمراہ کن قرار دے دیا۔

صوبائی و قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخاب تصادم سے داغدار

کارکنان میں تصادم، تلخ کلامیاں، گرفتاریاں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے بسی۔۔۔
اپ ڈیٹ 16 اکتوبر 2022 05:25pm
تصاویر: اسکرین گریبز
تصاویر: اسکرین گریبز
Bilal Ghaffar injured | By-Elections 2022 | PTI vs PDM | Election Commission notice | Aaj News

پاکستان کے تین صوبوں، سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں قومی اسمبلی کی آٹھ اور پنجاب اسمبلی کی تین نشستوں پر ضمنی انتخابات میں بد نظمی، تصادم اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے متعدد واقعات پیش آئے۔

پشاور میں پولیس اہلکار زخمی

پشاورمیں میونسپل گرلز انٹر کالج کے پولنگ اسٹیشن میں بھی پی ٹی آئی اور ن لیگی کارکنوں میں تلخ کلامی ہوئی۔

میونسپل انٹر کالج کے ایک اور پولنگ اسٹیشن میں پی ٹی آئی ناظم کے محافظ اور پولیس اہلکار میں ہاتھا پائی ہوئی، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار زخمی ہوا۔

پولیس نے ناظم کے محافظ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

مزید تفصیلات

خانیوال میں کارکن لڑتے رہے، پولیس بے بس

خانیوال کے حلقہ پی پی 209 کے نواحی علاقہ 79 دس آر میں پولنگ اسٹیشن نمبر 38 میں تصادم کے باعث پولنگ کا عمل روک دیا۔

ن لیگی اور انصافی کے کارکنوں کے درمیان جھگڑا ہوا، پولیس بیچ بچاؤ کرواتی رہی۔

خانیوال کے ہی پولنگ اسٹیشنز نمبر 52 پر تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے کارکنان آپس میں بھڑ گئے۔

مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی تحریک انصاف کے پولنگ ایجنٹ کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی تھی۔

مزید تفصیلات

کراچی میں پی ٹی آئی رہنما زخمی

کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 237 غازی گوٹھ میں دو گروپوں میں تصادم کے باعث پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی بلال غفار رہنما زخمی ہوگئے۔

مزید تفصیلات

چارسدہ میں اسلحے کی نمائش

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 24 چار سدہ میں ضمنی انتخابات کے دوران اسلحہ کی نمائش کرنے پر سیاسی جماعتوں کے کارکنان کو گرفتار کیا گیا۔

مزید تفصیلات

ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائی گئیں

اے این پی کے رہنما اور پشاور سے امیدوارغلام احمد بلور کی ویڈیو سامنے آئی جس میں وہ سب کے سامنے بیلٹ پیپر پر مہر لگاتے دیکھے جاسکتے ہیں۔

ملتان ،فیصل آباد اور شرقپور میں ووٹرز نے بیلٹ پیپرز کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل کیں۔

فیصل آباد میں ووٹرز نے بچے سے بیلٹ پیپر پر مہر لگوا کر ووٹ کاسٹ کرایا۔

ملتان میں پولنگ اسٹیشن میں خواتین کی ویڈیو بنانے پر پی ٹی آئی کے یوسی چیئرمین حامد جنجوعہ کو گرفتارکیا گیا۔

مزید تفصیلات

علی زیدی کا الیکشن کمیشن کو خط، پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام

ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی دھاندلی کر رہی ہے، خط
شائع 16 اکتوبر 2022 03:43pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی زیدی نے الیکشن کمیشن کو خط ارسال کردیا، جس میں پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

علی زیدی نے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ ضمنی انتخابات میں ملیر میں پیپلزپارٹی دھاندلی کر رہی ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی کے کارکنوں کی جانب سے بلال غفار پر حملہ کیا گیا ہے، حملے میں بلال غفار زخمی ہوگئے۔

پنجاب میں اسپیشل برانچ حکام پر پولنگ اسٹیشنز میں داخلے پر پابندی

حکم نامہ بھجوا دیا گیا۔
شائع 16 اکتوبر 2022 03:22pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

الیکشن کمشنر پنجاب نے 6 اضلاع میں اسپیشل برانچ کے حکام کی پولنگ اسٹیشنز میں داخلے پر پابندی لگا دی۔

ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ پنجاب کو صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کا حکم نامہ بھجوا دیا گیا، جس میں صوبائی الیکشن کمشنر نے سپیشل برانچ کے اہلکاروں کے پولنگ سٹیشنز میں داخلے پر پابندی الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 187 کے تحت لگائی ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ غیرقانونی اور بلااجازت الیکشن کے دوران اپنے عہدے کا غلط فائدہ اٹھانے والے افسر اور اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں آسکتی ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اقدام اٹھانے کا مقصد انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے کی کسی بھی کوشش کو روکا ،سپیشل برانچ کے افسران اور حکام خود کو سیاسی سرگرمیوں اور پولنگ سٹیشنز سے دور رکھیں۔

کراچی میں الیکشن کے دوران حکومتی مشینری استعمال کی جارہی ہے، اسد عمر کا الزام

شفاف الیکشن ہوں تو پی ٹی آئی کو دو تہائی اکثریت ملے گی، پی ٹی آئی رہنما
شائع 16 اکتوبر 2022 03:03pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

پاکستان تحریک انصاف کے اسد عمر نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں الیکشن کے دوران حکومتی مشینری استعمال کی جارہی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں اسد عمر نے کہا کہ ملیر میں حکومتی عملہ استعمال ہو رہا ہے، کامیابی عمران خان کا مقدر ہے، شفاف الیکشن ہوں تو پی ٹی آئی کو دو تہائی اکثریت ملے گی، ہر گلی محلے میں عمران خان کا ووٹ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم حقیقی آزادی کے لئے باہر نکلی ہے، موجودہ حکومت غلامی کے لئے آئی اور غلامی ہی کر رہی ہے، پوری قوم کی نظریں آج الیکشن پرلگی ہوئی ہیں۔

اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ راناثناء اللہ نےانتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، اسحاق ڈار نے کل عوام کی جیپ پر ڈاکا ڈالا ہے،پیٹرول کی قیمتیں کم ہونےکےباوجودعوام کوریلیف نہیں دیاگیا۔

پشاور کے حلقے این اے 31 میں سِکھ ووٹرز کی انٹری

4 ہزار سے زائد سکھ ووٹرز حلقے کا حصہ ہیں
شائع 16 اکتوبر 2022 02:56pm
تصویر: آج نیوز
تصویر: آج نیوز

ملک بھر کی11 نشستوں پر ضمنی الیکشن کا میدان سجا ہوا ہے وہیں پشاور کے سردار جی بھی انتخابی معرکے میں پیچھے نہ رہ سکے۔

پشاور کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 31 میں سکھ ووٹرز نے بھی انٹری دے دی جبکہ 4 ہزار سے زائد سکھ ووٹرز حلقے کا حصہ ہیں۔

قومی اسمبلی کی 8 اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی الیکشن لڑا جارہا ہے۔

ضمنی انتخاب میں سکھ ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ہے جبکہ قومی اسمبلی کی نشست کے لئے 7 امیدواروں میں مقابلہ ہے۔

حلقے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، جماعت اسلامی کے محمد اسلم، راہِ حق پارٹی کے سعیداللہ، تحریکِ جوانانِ کے عبدالقادر اور آزاد امیدوار شوکت علی مدمقابل ہیں۔

حلقے این اے 31 میں 265 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جہاں 4 لاکھ 73 ہزار 180 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔

رجسٹرڈ ووٹرز میں سے 2 لاکھ 62 ہزار289 مرد اور 2 لاکھ 10 ہزار 891 خواتین ووٹرز رجسٹرڈ شامل ہیں۔

مذکورہ نشست شوکت علی کے استعفے پر خالی ہوئی تھی۔