Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

سازش پر قائل نہیں لیکن تحقیقات ہونی چاہیے، صدر علوی

صدر مملکت کا عاصمہ شیرازی کو انٹرویو۔ نئے آرمی چیف کا تقرر وسیع تر مشاورت سے کرنے پر زور
اپ ڈیٹ 11 اکتوبر 2022 12:25pm
صدر عارف علوی انٹرویو کے دوران۔
صدر عارف علوی انٹرویو کے دوران۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وہ اس بات پر قائل نہیں ہوئے کہ عمران خان کو وزارت عظمیٰ سے ہٹانے کیلئے کوئی غیرملکی سازش کی گئی تھی، تاہم اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

صدر پاکستان نے یہ بات آج نیوز کی عاصمہ شیرازی کو ان کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ کے لیے دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کہی۔

اس انٹرویو میں صدر عارف علوی نے نئے آرمی چیف کی تقرری پر وسیع تر مشاورت پر بھی زور دیا۔

عارف علوی نے کہا کہ بطور صدر وہ غیرجانبدار ہیں اور تحریک انصاف سے تعلق ان کا ماضی ہے۔ ”پارٹی میرا ماضی ہے۔ بڑا اچھا ماضی ہے۔“

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مشاورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر کوشش کر سکتا ہے کہ پاکستان کے اندر یہ دوریاں پیدا نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے بہت مسائل ہیں، کوئی ایک maverick (غیرمعمولی شخص) یہ مسائل حل نہیں کرسکتا۔

عمران خان اور حکومت دونوں جانب سے مذاکرات سے انکار پر صدر عارف نے کہا کہ عمران خان اپنی حکومت ہٹائے جانے اور بالخصوس جس انداز میں حکومت ہٹائی گئی اس پر سخت مایوس ہوئے اور انہوں نے مایوسی میں فیصلہ کیا کہ اسمبلی میں نہیں بیٹھیں گے۔

عاصمہ شیرازی نے سوال کیا، ”کیا عمران خان کا اسمبلی سے استعفوں کا فیصلہ درست فیصلہ تھا؟“

صدر علوی نے جواب میں کہا کہ مجھ سے مشورہ ہوتا تو میں مختلف مشورہ دے سکتا تھا۔

عمران خان کے ممکنہ مارچ اور فوج کے کردار سے متعلق سوال پر صدر نے کہا کہ فوج کا ایک آئینی کردار ہے، میں نہیں سمجھتا کہ فوج کوئی غیر آئینی کردار ادا کرے۔

سازش پر قائل نہیں

صدر علوی حالیہ دنوں امریکہ اور پاکستان میں تعلقات بہتر کرنے کی بات کر چکے ہیں جو سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے امریکہ پر سازش کے الزامات کے بعد خراب ہوئے۔

اس حوالے سے سوال پر صدر نے کہا کہ انہوں نے سفارتی سائفر تحقیقات کے لیے چیف جسٹس کو بھیجا تھا۔

”میں اس بات پرقائل ہوں کہ اس پر تحقیقات ہونے چاہیئں۔ میں اس بات پر قائل نہیں کہ سازش ہوئی۔ مگر میرے شبہات ہیں۔ کہ تحقیق ہو۔ میں نے یہ بھی کہا کہ سموکنگ گن (ثبوت) نہیں ملے گی آپ کو۔ ان چیزوں میں نہیں ملتی۔“

صدر عارف علوی پروگرام فیصلہ آپ کا کی میزبان عاصمہ شیرازی سے گفتگو کر رہے ہیں

صدر عارف علوی پروگرام فیصلہ آپ کا کی میزبان عاصمہ شیرازی سے گفتگو کر رہے ہیں

صدر علوی نے لیاقت علی خان کے قتل، بھٹو کی اقتدار سے معزولی اور ضیا الحق کے طیارے کی تباہی سمیت کئی واقعات کا حوالہ دیا اور کہا ان معاملات میں کسی کو کچھ نہیں ملا۔

عارف علوی نے کہا کہ انہوں نے سپریم کورٹ سے درخواست کی کہ واقعات شواہد کو بھی مد نظر رکھے۔

آرچی چیف کی تقرری

صدر مملکت نے کہا کہ آرمی چیف کے تقرر میں آئینی طریقہ کار پر عمل ہونا چاہیے۔

اس سوال پر کہ انہوں نے مشاورت کی تجویز دی ہے، ڈاکٹر علوی نے کہا کہ مشاورت ہونی چاہئے لیکن ان کی خواہش ہے کہ ان کے پاس سمری مشاورت کے بعد آئے۔

صدر علوی نے کہا کہ انہوں نے اخبار میں پڑھا کہ لندن میں مشاورت ہو رہی ہے۔

تو آپ چاہتے ہیں کہ عمران خان صاحب کے ساتھ بھی اسی طرح مشاورت ہو؟ اس سوال کے جواب میں صدر علوی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ وسیع تر مشاورت ہونی چاہیے۔

صدر مملکت نے کہاکہ ماضی میں آرمی چیف کے تقرر پر اپوزیشن سے مشاورت ہوتی رہی ہے اور موجودہ آرمی چیف جنرل باجوہ کو توسیع دیتے وقت بھی اپوزیشن سے مشاورت ہوئی تھی جس کے بعد پارلیمنٹ میں بل منظور کیا گیا۔

میں عمران خان کا وکیل نہیں

صدر سے پوچھا گیا کہ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ فوج نیوٹرل ہے۔

جواب میں صدر علوی نے کہاکہ ”ہونی چاہیئے۔ سیاست کے اندر پاکستان کا آئین فوج کا کوئی کردار نہیں دیکھتا۔“

عمران خان کی جانب سے فوج سے نیوٹرل نہ رہنے کے مطالبات کے حوالے سے سوال پر صدر مملکت نے کہاکہ ”خان صاحب سے آپ پوچھیے گا کہ ان کا کیا مطلب ہے۔ کیونکہ وہ اپنی باتوں کی وضاحت۔۔۔ سمجھا سکیں گے۔ میں ان کی باتیں آپ کو نہیں سمجھا سکتا۔ نہ ہی میں ان کا وکیل ہوں۔ وہ میرے لیڈر رہے ہیں اور ہیں۔ میں نے ان کے ساتھ بہترین جستجو اور جدوجہد کی ہے۔“

صدر علوی نے کہا کہ وہ عمران خان کی جانب سے صدر نامزد کیے جانے سے پہلے انہوں نے 22 سال عمران خان کے ساتھ مل کر محنت اور جستجو کی جو ایک خواب اور خواہش جسے کے لیے ”میں بھی کوشش کرتا ہوں وہ بھی کوشش کرتے رہے ہیں۔“

imran khan

faisla aap ka

President Arif Alvi

cipher

POLITICS 11 OCT 22

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div