Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

دوسرے ملک کی ڈکٹیشن نہ لینے کی وجہ سے مجھے ہٹایا گیا: عمران خان

جب میں آپ کو کال دوں توساری قوم نے تیار ہوکر سڑکوں پر آجانا ہے اور زبردستی الیکشن کرانا ہے
شائع 10 ستمبر 2022 09:44pm
فوٹو — اسکرین گریب/ آج نیوز
فوٹو — اسکرین گریب/ آج نیوز
Imran Khan PTI Jalsa in Gujranwala | Baidar qoum apni haqiqi azadi cheen leti hain | Aaj News

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا کہ حقیقی آزادی کے لئے جان کی قربانی دینےکو تیار ہوں۔

گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حقیقی آزادی کے لئے جو تیاری کرا رہا ہوں مجھے نوجوانوں کی ضرورت ہوگی، جس قوم میں بیداری آجاتی ہے وہ اپنی حقیقی آزادی چھین لیتی ہے اور وہ ہی اوپر جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 4 چیزیں ہیں جو قوم، انسان کو حقیقی طور پر آزاد کرتی ہیں، میں نے دنیا بھر کا سفر کیا ہے، ہر معاشرے کو قریب سے دیکھا ہے، ہم ابھی تک حقیقی طور پر آزاد نہیں ہوئے۔

عمران خان نے کہا کہ دوسرا ملک آپ کو ریموٹ سے کنٹرول کرتا ہے، کہتا ہے آپ آزاد ہیں لیکن وہ آپ کو کنٹرول کر رہا ہوتا ہے، میری حکومت ہٹائی گئی کیوںکہ میں کسی اور کی غلامی کرنے کو تیار نہیں تھا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ بھارت روس سے سستا تیل خرید سکتا ہے لیکن یہ حکومت نہیں خرید رہی، جب وزیراعظم تھا تو میں نے روس سے بات بھی کی جس پر پیوٹن ہمیں تیل سستے داموں دینے کے لئے تیار تھا۔

جب روس سے واپس آیا تو بیرونی سازش کے تحت ہماری حکومت گرادی گئی

انہوں نے کہا کہ پیوٹن سےکہا ہمیں کم قیمت پر گندم چاہئے تو وہ اس کے لئے بھی تیار ہو گیا تھا لیکن جب روس سے واپس آیا تو بیرونی سازش کے تحت ہماری منتخب حکومت گرادی گئی جس کے بعد یہ امپورٹڈ حکومت آئی اور اس نے لوگوں پر مہنگائی کا بم گرا دیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سیلاب متاثرہ علاقے دیکھنے آئے، اس دوران شہباز شریف کہتے ہیں کہ جو بھی پیسہ دیں گے اسے ایمانداری سےخرچ کریں گے، سیکرٹری جنرل کو معلوم ہے آپ کے 60 فیصد وزراء ضمانت پر ہیں۔

امریکی جنگ میں امریکا کا اتنا نقصان نہیں ہوا جتنا پاکستان کا ہوا ہے

ان کا کہنا تھا کہ امریکی جنگ لڑتے ہوئے پاکستان نے 80 ہزار جانوں کی قربانی دی، امریکی جنگ میں امریکا کا اتنا نقصان نہیں ہوا جتنا پاکستان کا ہوا ہے، ایسے حکمران باہر سے کنٹرول ہوتے ہیں جو ایک کال پر دوسروں کے آگے لیٹ جاتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں ملک میں اصلاحات کی ضرورت تھی، عوام کو ترقی دینی تھی، دوسری غلامی غربت کی ہوتی ہے کیونکہ غربت انسان کو غلام بنا دیتی ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ تیسری ذہنی آزادی ہوتی ہے، کوئی انسان بڑا نہیں بن سکتا جب تک وہ آزاد نہ ہو، جب تک قوم خود اپنی اندرونی حالت نہ بدلے ملک تبدیل نہیں ہو سکتا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آخری غلامی ظلم کی ہے جس سے ہمیں آزاد ہونا ہے، جب تک معاشرے میں انصاف نہیں آتا قانون کی بالادستی نہیں ہوتی، ایسے ممالک بھی دیکھے جو وسائل کے باوجود غربت کا شکار ہیں کیونکہ ان ممالک میں انصاف اور قانون کی بالادستی نہیں ہے۔

موٹر سائیکل اور بھینس چور ملک تباہ نہیں کرتے

عمران خان نے کہا کہ قوم طاقتور ڈاکوؤں سے تباہ ہوتی ہے، چھوٹےچوروں سے نہیں، موٹر سائیکل، بھینس چور ملک تباہ نہیں کرتے لیکن اگر وزیر پیسہ چوری کریں تو ملک تباہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی کوشش تھی کسی کہ طرح پی ٹی آئی کو ختم کریں، یہ سمجھتے تھے ہمیشہ اقتدار میں بیٹھے رہیں گے، انہوں نے باریاں لگانے کے لئے اپنے بچے تیار کئے ہوئے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات ہوئے جس میں دھاندلی کے باوجود یہ لوگ ہار گئے، اب ان کی کوشش ہے عمران خان کو نااہل کیا جائے تاکہ یہ کھیلے ہی نہیں۔

جیل کے لئے بیگ تیار کر لیا تھا

عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ مجھے بنی گالا پکڑنے آ رہے تھے جس کے پیش نظر میں نے جیل کے لئے بیگ تیار کر لیا تھا کیونکہ جیل تو چھوٹی چیز ہے، میں حقیقی آزادی کے لئے اپنی جان کی قربانی دینے کو تیار ہوں اور جب میں آپ کو کال دوں توساری قوم نے تیار ہوکر سڑکوں پر آجانا ہے اور زبردستی الیکشن کرانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں ملکی معیشت 16سال بعد ترقی کر رہی تھی، معاشی گروتھ 6 فیصد پر جا رہی تھی، اس وقت پاکستان کی ایکسپورٹ بھی سب سے زیادہ تھی۔

Shehbaz Sharif

imran khan

United States

punjab

UN Secretary General

PTI jalsa

by-election

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div