Aaj News

ہفتہ, اپريل 20, 2024  
11 Shawwal 1445  

سندھ کے مختلف اضلاع آفت زدہ قرار، بارشوں سے اموات کی تعداد 177 سے زائد ہوگئی

خیرپورمیں مسجد کی چھت گرنے سے 10 افراد جاں بحق، 100 سے زائد زخمی
اپ ڈیٹ 22 اگست 2022 03:11pm

سندھ میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی , مختلف اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ۔ خیرپور میں سیلاب متاثرین پرمسجد کی چھت گرنےسے 10 افراد جاں بحق اور100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

تباہ کن بارشوں نے سندھ میں تباہی کی نئی داستان رقم کردی، وزیراعلیٰ سندھ نے تصدیق کی ہے کہ بارشوں اور سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 177 سے زائد ہوگئی۔

خیرپورکے علاقے احمدپور کے قریب واقع پینہار گوٹھ میں مسجدکی چھت گرنے سے 10 بےگھرسیلاب متاثرین جان سے گئے جبکہ عورتوں اور بچوں سمیت 100 سے زائد زخمی ہیں۔ واقعہ صبح 7 بجے کے قریب پیش آیا۔

مقامی افراد کے مطابق مسجد میں 200 کے قریب افراد موجود تھے،جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ کچے مکانوں میں بسنے والے ان تمام افراد نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے کے لیے مسجد میں پناہ لے رکھی تھی۔متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

شکارپورکے علاقے لکھی غلام شاہ میں بھی مکان کی چھت گرنے سے ماں اور5 بچے جاں بحق ہوگئے۔

کندھ کوٹ میں بھی مختلف حادثات میں6 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ جیکب آباد میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچےجان سے گئے۔

سکھر میں بھی مکان کی چھت گرنے سے 4 بچے جاں بحق ہوئے، لاڑکانہ ریلوے اسٹیشن کے ڈرائی پورٹ کی چھت گرنے سے 3 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

موسلادھاربارشوں کے بعد سڑکیں بازار، گلیاں پانی میں ڈوبے ہیں تو سیکڑوں کچےمکانات، سڑکیں تباہ حالی کا شکار ہیں۔

ایسی صورتحال میں لاڑکانہ، سکھر، سانگھڑ،ٹنڈوالہ یاراور دیگراضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا۔ مختلف دیہاتوں کے مکینوں نےنقل مکانی شروع کردی۔

مون سون کی طوفانی بارشوں سے سندھ کے بیشتر علاقے بری طرح متاثرہوئے ہیں، مکانات گرنے کے باعث بڑی تعداد میں متاثرین پناہ کی تلاش میں کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پرمجبورہیں۔

حالیہ بارشوں کے دوران ضلع خیرپور کی 8 تحصیلیں اور 88 یونین کونسلزبھی بری طرح متاثرہوئی ہیں، اب تک بارش سےکی تباہ کاریوں سے اموات کی تعداد 70 ہوچکی ہے جبکہ 500 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

بلاول بھٹوکادورہ منسوخ

دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں بارشوں اور سیلاب کے باعث اپنا غیر ملکی دورہ منسوخ کردیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے منتخب نمائندوں کو اپنے حلقوں میں عوام کے درمیان رہنے کی ہدایت کرنے والے بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ، “ان حالات میں بیرون ملک نہیں جا سکتا، اس مشکل وقت میں لوگوں کے درمیان رہوں گا۔

وزیراعلیٰ کا سندھ کے مختلف اضلاع کا دورہ

گزشتہ روزبارشوں کے نقصانات اورامدادی سرگرمیوں کے بارے میں سندھ کے مختلف اضلاع کا دورہ کرنے والے وزیراعلیٰ سندھ کاکہنا تھا کہ صوبائی حکومت بارش سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔

میڈیا سے گفتگومیں سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں اس سال مون سون کی 400 فیصد زیادہ بارشیں ہوئی ہیں جس سے پورا خطہ بری طرح متاثر ہوا۔ جان و مال کو نقصان پہنچنے کے علاوہ سڑکیں اور دیگر انفراسٹرکچر بھی تباہ ہوئے ہیں۔شہید بینظیر آباد کا ہر علاقہ بری طرح متاثر ہوا ہے تاہم دوڑ تعلقہ میں بہت زیادہ نقصان ہوا ہے اس لیے اسے آفت زدہ علاقہ قرار دیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ترجیحی بنیادوں پر بارش سے متاثرہ افراد کو جمع ہونے والے بارش کے پانی کی نکاسی کا کام مکمل کرکے ان کے گھروں کو بھیجنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم ایک لاکھ 35 ہزار کے قریب لوگ نقل مکانی کر چکے ہیں جن میں سے 12 ہزار کے قریب آفت زدہ ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کو امدادی کاموں میں تیزی لانے اورخوراک، راشن سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کے علاوہ وزیراعلیٰ نےلوکل گورنمنٹ، پبلک ہیلتھ اور محکمہ آبپاشی کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع کے دیہی اور شہری علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کا کام کریں۔

ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عامر حسین پنہور کے مطابق ضلع میں 7 جولائی سے 19 اگست تک تقریباً 443 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس سے 9 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوئے جبکہ 48 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں جن میں بارش سے متاثرہ 12 ہزار افراد کو عارضی طور پر رکھا گیا ہے۔

Khairpur

Roof Collapse

floods

Heavy rain

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div