Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

وزیرخارجہ بن کر ایک دن بھی چین سے نہیں بیٹھا: بلاول بھٹو

وزیرخارجہ کا عہدہ ملا جس سے پاکستان کی نمائندگی پوری دنیا میں کرنی ہے، عوام پریشان ہے جب کہ معاشی حالات مزید مشکل ہونے جارہے ہیں
اپ ڈیٹ 21 جون 2022 11:54pm
جمہوری و آئینی ہتھیار استعمال کر کے اسے باہر پھینکا۔ فوٹو — اسکرین گریب/ آج نیوز
جمہوری و آئینی ہتھیار استعمال کر کے اسے باہر پھینکا۔ فوٹو — اسکرین گریب/ آج نیوز
Bilawal Bhutto speech at PPP Larkana jalsa | Aaj News

چیئرمین پیپلز پارٹی اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیرخارجہ بن کر ایک دن بھی چین سے نہیں بیٹھا ہوں۔

بینظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریب کے موقع پر انہوں نے لاڑکانہ میں جلسے سے خطاب کا آغاز نظم سے کرتے ہوئےکہا کہ وہ لڑکی لال قلندر تھی، جو کریا کریا ماتم ہے اور بستی بستی آنسو ہے، جو قتل ہوئی وہ خوشبو ہے، تم کتنا رستہ روکو گے، تم زندہ ہوکر مردہ ہو، وہ مردہ ہوکر زندہ ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ بینظیر نے ملک کی تقری کے لئے 30 سال جدوجہد کی، وہ جمہوریت کی بحالی اور عوام کی معاشی ترقی کے لئے جدوجہد کرتی رہیں جب کہ ہر ظالم و آمر سے بھی ٹکرائیں، وہ چاہے آمر ضیاء یا مشرف، ایک طرف بینظیر اور دوسری طرف ظلم تھا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کل بھی بینظیر زندہ تھی آج بھی کارکنوں کی صورت میں زندہ ہے، آپ نے ضیاء اور مشرف کے بعد ایک اور غیر جمہوری شخص کو شکست دی، یہ شہید محترمہ بینظیر کے کارکن تھے جنہوں نے ایک دن کے لئے بھی اس سلیکٹڈ کٹھ پتلی کو نہیں مانا اور جمہوری و آئینی ہتھیار استعمال کر کے اسے باہر پھینکا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوئی، سلیکٹڈ کو گھر بھیجنا ضروری تھا کیونکہ یہ شخس آپ کے حقوق پر حاوی تھا، جب کہ معاشی حقوق اور آئین پر بھی حملہ کر رہا تھا، ہم نے اس کی حکومت ختم کی تاکہ پاکستان کو بچا سکیں۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ حکومت سنبھال کر اندازہ ہورہا ہے کہ اس شخص نے ملک کے ساتھ کیا کیا ہے، آئی ایم ایف کی ڈیل پڑھی تو حیران ہوگئے جو کہ غلط بنیادوں پر طے ہوئی تھی، پھر خان صاحب نے ان فنڈڈ سبسڈی کے نام پر گیم کھیلا، جس کی وجہ سے ہم دیوالیہ ہونے کے خطرے میں تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور ان کی معاشی ٹیم نےملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، وزیرخارجہ کا عہدہ ملا جس سے پاکستان کی نمائندگی پوری دنیا میں کرنی ہے، عوام پریشان ہے جب کہ معاشی حالات مزید مشکل ہونے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ بن کر ایک دن بھی چین سے نہیں بیٹھا، کوشش ہے کہ پاکستان کے بارے میں غلط فہمیاں دور کرسکوں، ہمارا نعرہ ہے کہ خارجہ پالیسی ٹریڈ ناٹ ایڈ ہوگا، ہم تجارت چاہتے ہیں، بھیک نہیں مانگیں گے اور ہم نے جگہ جگہ پاکستان کا کیس لڑا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ فیٹف میں پاکستان کو کامیابی ملی، اکتوبر تک گرے لسٹ سے نکل جائیں گے، خان صاحب کی انا کی وجہ سے جی ایس پی پلس کا اسٹیٹس خطرے میں ہے، اس کا نقصان پاکستان کے کسان اور تاجر طبقے کو اٹھانا پڑتا تاہم سب دن رات محنت کررہے ہیں کہ جی ایس پی پلس کی بھی خوشخبری لائیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جس شخص کی وجہ سے پاکستان میں مہنگائی، معاشی بحران، غربت، بے روزگاری جب کہ ادارے متنازع ہوگئے ہیں اور ملک بین الاقوامی دنیا میں تنہاں ہے، وہ عمران خان نیازی آزاد گھوم کر دوسروں پر الزام لگا رہا ہے۔

Larkana

PPP

Bilawal Bhutto Zardari

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div