Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں سے (ن) لیگ کا چہرہ عیاں ہوگیا، عمران خان

پرامن احتجاج تمام شہریوں کا حق ہے، ہم نے ن لیگ، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی کے مارچ نہیں روکے، گھروں پر کریک ڈاؤن ان کے ہینڈلر سے متعلق بھی سنجیدہ سوالات اٹھا رہا ہے، پی ٹی آئی چیئرمین
شائع 24 مئ 2022 09:20am

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں سے (ن) لیگ کا چہرہ عیاں ہوگیا، پرامن احتجاج تمام شہریوں کا حق ہے، ہم نے ن لیگ، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی کے مارچ نہیں روکے، گھروں پر کریک ڈاؤن ان کے ہینڈلر سے متعلق بھی سنجیدہ سوالات اٹھا رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لانگ مارچ سے قبل سندھ اور پنجاب میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کیلئے چھاپوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پُرامن احتجاج ہمارے شہریوں کا حق ہے، پنجاب اور اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنان او رہنماؤں کیخلاف ظالمانہ چھاپوں نے ایک مرتبہ پھرہمیں وہی کچھ دکھایا ہے جس سے ہم واقف ہیں کہ جب بھی اقتدار ہاتھ لگتا ہے تو ن لیگ فسطائیت پراترتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ یہ کریک ڈاؤن (کٹھ پتلیوں کی) ڈوریاں تھامنے والوں پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھارہا ہے جبکہ معیشت پہلے ہی تباہی کے گڑھے میں اتر چکی ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ ڈاکوؤں اور ان کے آقاؤں کو میں خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ یہ غیر جمہوری اور سفاکانہ اقدامات معاشی صورتحال میں مزید ابتری کے موجب بنیں گے اور ملک کو طوائف الملوکی کی جانب دھکیلیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے ایک اور ٹویٹ میں اپنی حکومت کی مثال دیتےہوئے کہا کہ ہماری حکومت کیخلاف پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام کے جلوسوں کوبالکل بھی نہیں روکا گیا نہ ہی ہم نے ان کے کارکنان کیخلاف کسی قسم کی چھاپہ مار کاروائیاں کیں، ڈیموکریٹس اور کلپٹوکریٹس میں یہی تو فرق ہوتا ہے۔

pm imran khan

اسلام آباد

ٹویٹر

Reaction

pti chairman

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div