Aaj News

جمعرات, مارچ 28, 2024  
17 Ramadan 1445  

حریم شاہ کیخلاف غیر قانونی رقم منتقلی کا الزام، ایف آئی اے کی انکوائری شروع

حریم شاہ نے ایک حالیہ ویڈیو میں غیر قانونی طور پر غیر ملکی کرنسی ملک سے باہر منتقل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
شائع 12 جنوری 2022 03:57pm

کراچی: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کراچی نے متنازع ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کیخلاف منی لانڈرنگ اور غیر ملکی کرنسی کی غیر قانونی ملک سے باہر منتقلی کے الزام میں انکوائری شروع کردی۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی عامر فاروقی نے تصدیق کی کہ ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کا اصل نام فضا حسین ہے، جو 10 جنوری 2022 کو قطر ایئرویز کے ذریعے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے برطانیہ گئی تھیں۔

عامر فاروقی نے کہا کہ ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن رابعہ قریشی انکوائری کریں گی جبکہ بین الاقوامی سرحدوں پر کرنسی کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے ذمہ دار کسٹمز اہلکار سے بھی تفتیش کی جائے گی۔

حریم شاہ نے ایک حالیہ ویڈیو میں غیر قانونی طور پر غیر ملکی کرنسی ملک سے باہر منتقل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

حریم شاہ نے لاکھوں برطانوی پاؤنڈز کے بنڈل دکھائے جن کے بارے میں دعویٰ کیا کہ وہ پاکستان سے لائی تھی۔

اس کے علاوہ پاکستان میں ایک مسافر کو 10 ہزار ڈالر یا اس کے مساوی رقم لے جانے کی اجازت ہے۔

اس کے ساتھ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید سمیت متنازعہ سیاسی شخصیات کے ساتھ ویڈیوز بنانے والی ٹک ٹاک اسٹار نے کہا کہ انہوں نے ایئرپورٹ پر اپنا "اثر و رسوخ" استعمال کیا جہاں کسی کو کوئی پرواہ نہیں تھی۔

پاکستان نے حال ہی میں غیر ملکی کرنسی کی فروخت، خرید اور منتقلی سے متعلق قوانین کو سخت کر دیا ہے تاکہ غیر قانونی ایکسچینجز کو روکا جاسکے جن کے ذریعے رقم کو ملک سے باہر کیا جاتا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی اور کسٹمز نے بھی رقم کی غیر قانونی منتقلی کیخلاف آپریشن شروع کر دیا، جس میں ایف اے ٹی ایف کی ضروریات کے مطابق رقم کی غیر قانونی منتقلی کے ضابطے ہیں۔

FIA

money laundering

Hareem Shah

social media

TikToker

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div