Aaj News

جمعرات, اپريل 18, 2024  
09 Shawwal 1445  

مون سون کے اچانک آئے اسپیل نے جل تھل ایک کردیا

ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشیں جاری ہیں۔ بادل، ہوائیں...
شائع 12 جولائ 2021 11:11am

ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشیں جاری ہیں۔ بادل، ہوائیں اور بارش کے ساتھ موسم خوش گوار ہو گیا، بالائی علاقوں میں برسات نے موسم میں خنکی بڑھا دی۔

کشمیر، گلگت بلتستان ،پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور مربوط رہے گا۔ تاہم کراچی، حیدرآباد سمیت جنوب مشرقی سندھ میں برسات کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ جبکہ قلات، خضدار اور ژوب میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، سب سے زیادہ گرمی نوکنڈی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔

کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ ملیر، لانڈھی گلشن حدید، بن قاسم، صدر اور یاسین آباد سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

گلشن حدید میں17، نوری آباد میں 8ملی میٹر، عزیز آباد میں 5 ، کیماڑی میں 3.5 ملی میٹر، فیصل بیس میں 5، یونیورسٹی روڈ میں 4.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

جبکہ لانڈھی میں 4، سعدی ٹاؤن میں 3.6 ملی میٹر، جناح ٹرمینل میں 3.2، سرجانی میں 2.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

پنجاب میں بھی موسلا دھار بارش ہورہی ہے۔ لیکن جہاں ابررحمت نے گرمی بھگائی وہیں شہریوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا۔ نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں صبح ہوتے ہی آسمان پر سیاہ بادلوں کے ڈیروں اور ٹھنڈی ہواوں کے جھونکوں نے موسم خوبصورت بنادیا، پھر کالے بادل ایسے برسے کہ جل تھل ایک ہوگیا۔

چیف میٹرولوجسٹ صاحبزاد خان کہتے ہیں عید قربان پر بھی ایسا ہی موسم رہے گا۔

سیالکوٹ، حافظ آباد، کالاباغ، پسرور، پھالیہ اور شرقپور شریف سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تاہم فیڈرز ٹرپ کرجانے سے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے واسا اورانتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا ہے۔ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ بارش کے باعث شہریوں کو مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، نشیبی علاقوں سے پانی کا جلد نکاس یقینی بنایا جائے، کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ بارش اور نکاسی آب کے انتظامات کا خود جائزہ لے رہے ہیں، کمشنر لاہور کیپٹن محمد عثمان ریٹائرڈ نے جی پی او چوک، لکشمی چوک، ریلوے اسٹیشن اور مویشی منڈیوں میں نکاسی آب کیلئے درکار مشینری فوری پہنچانے کی ہدایت کردی۔

ایبٹ آباد میں بھی بارش نے تباہی مچا دی، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، پانی گھروں میں داخل ہوگیا، پل ٹوٹ گئے، بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، لوگوں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوگیا۔

ایبٹ آباد شہر و گردونواح میں گزشتہ رات ہونے والی بارش سے ایوب میڈیکل کالج، بلال ٹاؤن، حسن ٹاؤن، شاہ زمان کالونی، لوئر جناح آباد سمیت دیگر علاقوں میں لوگوں کے گھروں میں پانی داخل ہوگیا، جس کی وجہ سے لوگوں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوگیا۔

بارش کی وجہ سے ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں کو بھی شدید نقصان پہنچا، شدید بارش کے باعث حویلیاں ایوب پل ٹوٹ گیا۔ یہ پُل شاہراہ ریشم پر واقع ہے اور پورے ہزارہ ڈویژن کو آپس میں ملاتا ہے۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہری موٹروے پر احتیاط سے سفر کریں۔

حویلیاں کے گاؤں نوشہرہ چمبہ کا واحد پل بھی پانی میں بہہ گیا جس کی وجہ ہزاروں کی آبادی کا زمینی رابطہ حویلیاں سے کٹ کر رہ گیا۔ جبکہ ریسکیو 1122 کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

karachi

lahore

Rain

Monsoon

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div