Aaj News

بدھ, اپريل 24, 2024  
15 Shawwal 1445  

پولیس نے کمرے کا دروازہ توڑ کر کیپٹن صفدر کو گرفتار کیا

کراچی پولیس نے کیپٹن صفدر کو گرفتار کرلیا ہے، مسلم لیگ ن کی نائب...
اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2020 10:22am

کراچی پولیس نے کیپٹن صفدر کو گرفتار کرلیا ہے، مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی گرفتاری کی تصدیق کردی۔

مریم نواز نے ٹویٹ کیا کہ پولیس نے نجی ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑ کر کیپٹن صفدر کو گرفتار کیا۔

پولیس نے بانی پاکستان محمد علی جناح کے مزار کے تقدس کو پامال کرنے کے الزام میں مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز ان کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر اور دیگر 200 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کر لیا۔

کراچی کے ضلعی شرقی کے پولیس تھانہ بریگیڈ میں وقاص احمد نامی شخص کی مدعیت میں مزار قائد کے تقدس کی پامالی اور قبر کی بے حرمتی کا مقدمہ درج کیا گیا۔

مذکورہ مقدمہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز، ان کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر اور دیگر200 نامعلوم افراد کے خلاف قائداعظم مزار پروٹیکشن اینڈ مینٹیننس آرڈیننس 1971 کی دفعات 6، 8 اور 10جبکہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 506-بی کے تحت درج کیا گیا۔

ایف آئی آر میں مدعی نے دعویٰ کیا کہ کیپٹن (ر) صفدر اور ان کے 200 ساتھیوں نے مزار قائد کا نقدس پامال، قبر کی بے حرمتی، جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ کی۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور دیگر رہنما گزشتہ روز اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں شرکت کے لیے کراچی پہنچے تھے۔

باغ جناح میں ہونے والے جلسے میں شرکت سے قبل رہنماؤں اور کارکنان نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی تھی۔

تاہم اس دوران اس وقت بدمزگی دیکھنے میں آئی جب قائد اعظم کی قبر کے تعویز کے قریب کھڑے کیپٹن(ر) صفدر نے نعرے بازی شروع کردی اور دیگر رہنماؤں اور کارکنان کے ہمراہ ’ووٹ کو عزت دو‘ اور ’مادر ملت زندہ باد‘ کے نعرے لگاتے رہے۔

جس کے بعد پی ٹی آئی کا وفد مریم نواز سمیت دیگر لیگی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کرانے برگیڈ تھانے پہنچا۔ جہاں شہزاد قریشی، حلیم عادل شیخ، راجہ اظہر، خرم شیرزمان نے مقدمے کےلیے درخواست جمع کرائی۔

پولیس نے پی ٹی آئی وفدکی جانب سے دی گئی درخواست وصول کی مگر مقدمہ درج نہ کیا جس پر پی ٹی آئی کے کارکنان نے تھانے کے باہر احتجاج کیا۔

مذکورہ واقعے پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے سخت غم وغصے کا اظہار کیا تھا۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div