Aaj News

جمعرات, مارچ 28, 2024  
18 Ramadan 1445  

میرے بوڑھے باپ کو چھوڑ دو میں آکر گرفتاری دے دوں گا، ندیم افضل چن

حماد اظہرکے بعد پی پی رہنما ندیم افضل چن کے والد بھی گرفتاری کے بعد رہا
شائع 05 جون 2023 08:53am
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن (تصوریر: فیس بک/ندیم افضل چن)
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن (تصوریر: فیس بک/ندیم افضل چن)

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق ایم این اے ندیم افضل چن نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے ان کے گھر سے ان کے 75 سالہ بوڑھے والد کو گرفتار کرلیا ہے۔

اتوار کو رات گئے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں ندیم افضل چن نے لکھا کہ ’میں نجف میں ہوں اور میرے گھر سے میرے 75 سالہ والد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔‘

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کے والد کو بھی پولیس نے گرفتار کیا تھا، جنہیں کچھ گھنٹوں پر چھوڑ دیا گیا۔

ایک اور ٹوئٹ میں ندیم افضل چن نے لکھا کہ ’گرفتار کرنے والوں، میرے بوڑھے باپ کو چھوڑ دو میں آکر گرفتاری دے دوں گا۔ میرے باپ نے تو 15 سال پہلے سیاست پر لعنت بھیج دی تھی۔‘

خاندانی ذرائع کے مطابق ندیم افضل چن کے والد سابق صوبائی وزیر حاجی افضل چن کو لاہور سے گرفتار کیا گیا ہے۔

حاجی افضل چن کے اہلِ خانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس بغیر وارنٹ دکھائے گھر میں داخل ہوئی اور ملازمین پر تشدد کیا۔

ندیم افضل چن نے ٹوئٹر پر مزید لکھا کہ ’جس کی عدالت میں میں بیٹھا ہوں وہ انصاف کرتا ہے۔‘

ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ندیم افضل چن کے والد کو کس کیس میں اور کن الزامات پر گرفتار کیا گیا ہے۔

تاہم کچھ دیر بعد انہوں نے اطلاع دی کے ان کے والد کو رہا کردیا گیا ہے۔

انہوں نے لکھا ’میرے والد صاحب کو رہا کر دیا گیا ہے، میں تمام بھایئوں دوستوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس مشکل لمحات میں ساتھ دیا اور میرے امام نے سوموٹو لیا۔ پروردگار پاکستان میں عدل کا بول بالا کر‘۔

ندیم افضل چن اس وقت بلاول بھٹو کے دورہ عراق کی تیاریوں کے سلسلے میں نجف میں ہیں۔

خیال رہے کہ 2018 کے انتخابات سے قبل ندیم افضل چن پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے تھے۔ 2018 کا انتخاب انہوں نے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر لڑا لیکن کامیاب نہیں ہوسکے۔

تاہم تحریک انصاف کی حکومت میں انہیں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی اور ترجمان مقرر کر دیا گیا تھا۔

جنوری 2021 میں حکومت کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے ندیم افضل چن نے معاون خصوصی اور وزیراعظم کے ترجمان کے عہدوں سے مستعفی ہوگئے تھے۔

مارچ 2022 میں ندیم افضل چن دوبارہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے تھے۔

تاہم ان کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے بعد ان کے بھائی اور تحریک انصاف کے اس وقت کے ایم پی اے وسیم افضل چن نے اسے ان کا ذاتی فیصلہ قرار دیا تھا۔

وسیم افضل چن کا کہنا تھا کہ ندیم چن کے اس فیصلے میں خاندان اور والد کی رضامندی شامل نہیں اور وہ ہنوز تحریک انصاف سے واستہ ہیں۔

Nadeem Afzal Chan

Pakistan People's Party (PPP)

Father Arrested

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div