Aaj News

جمعرات, اپريل 25, 2024  
16 Shawwal 1445  

کالعدم بی این اے کے بانی اور خطرناک دہشت گرد گلزار امام نے قوم سے معافی مانگ لی

ریاست ماں ہے امید ہے مجھے اصلاح کا موقع دے گی، گلزار امام شمبے
اپ ڈیٹ 23 مئ 2023 07:10pm

کالعدم بی این اے کے بانی گلزار امام شمبے نے قوم سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح تحریکوں سے نقصان بلوچ عوام کا ہو رہا ہے، نوجوان ہتھیار پھینک کر مذاکرات کی میز پر آئیں۔

وزیر داخلہ ضیا لانگو اور سینٹر آغا عمر کے ہمراہ کالعدم تنظیم بلوچستان نیشنلسٹ آرمی (بی این اے) کے سابق کمانڈر گلزار امام عرف شمبے نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ افراد کے قتل پر قوم اور نوجوانوں سے معافی کا طلب گار ہوں۔

گلزار امام شمبے کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے حالات کی خرابی میں بے روزگاری اور وسائل کی منصفافہ تقسیم کا نہ ہونا ہے، لیکن مسلح تحریکوں کا سب سے زیادہ نقصان بلوچوں کا اپنا ہو رہا ہے۔

گلزار امام شمبے نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل گرفتار ہوا تو مزاحمتی تحریک کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور ماضی کا تجزیہ کیا، اس دوران ریاست اور بلوچستان کے جیو پولیٹیکل اہمیت کو سمجھے بغیر جنگ لڑنے کی غلطی کا ادراک ہوا۔

گلزار امام شمبے کا کہنا تھا کہ دوران حراست سمجھا کہ مسلح جدوجہد مسائل کا حل نہیں، بلوچستان کےحقوق کی جنگ قانونی طریقےسےلڑی جاسکتی ہے، مسلح تحریکوں سے نقصان بلوچ عوام کا ہو رہا ہے، بلوچستان مسائل کا شکار ہے، صوبے اور ملک میں سرمایہ کاری کا عمل رک چکا ہے۔

گلزار امام شمبے نے بتایا کہ کچھ لوگ مسلح جہدوجہد کو پریشر گروپ کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں، ہمسایہ ممالک بلوچستان میں سورش کو اپنے مقاصد کیلئےاستعمال کر رہے ہیں۔

گلزار امام شمبے کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں تمام مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ممکن ہوئے، نوجوان ہتھیار پھینک کر مذاکرات کی میز پر آئیں، بلوچستان کے حقوق کی جنگ سیاسی اور آئینی طریقے سے ممکن ہے، بلوچستان پیچھے رہ گیا ہے، سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے، بلوچ طالبعلم لڑائی میں وقت ضائع کرنے کے بجائے ترقی کیلئے کردار ادا کریں، ریاستی اداروں کو بلوچستان کے مسائل کا ادراک ہے۔

گلزار امام نے قوم سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ 15 سالہ تحریک میں جن بے گناہ لوگوں کا خون بہا ان کے پیاروں سے معافی مانگتا ہوں، ریاست ماں ہے مجھے اصلاح کا موقع دے گی، اگر موقع ملا تو نوجوانوں سے رابطے کر کے قومی دھارےم یں لاؤں گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے بذریعہ ٹوئٹ کالعدم بی این اے کے بانی کی گرفتاری پر مبارکباد دیتے ہوئے امن کے لیے انتھک کاوشوں پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی۔

شہباز شریف نے مزید لکھا کہ ڈی جی آئی ایس آئی قوم کی سب سے زیادہ تعریف کے حقدار ہیں، پاکستان اور بالخصوص بلوچستان امن اور استحکام کی جانب گامزن ہیں۔

وزیرداخلہ بلوچستان کا بیان

اس موقع پر وزیرداخلہ بلوچستان ضیا لانگو کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے کہتا ہوں بات چیت بہتر حل ہے، جن کو حقوق نہیں ملتے ہم ان کے ساتھ ہیں، پاکستان کے قانون کے تحت لوگوں کوروزگارملناچاہئے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ اگر کوئی ریاست اور اداروں سے کھیلے گا تو کوئی رحم کا کوئی آپشن نہیں ہے، اگر کوئی بات چیت کرنا چاہتا ہے تو ہم دو قدم آگے آجائیں گے، مسائل بات چیت سے ہی حل کئے جاسکتے ہیں۔

گلزار امام شمبے کون ہے؟

واضح رہے کہ گلزار امام عرف شمبے 1978 کو پنجگور میں پروم کے مقام پر پیدا ہوا، 2009 تک ٹھیکیدار اور نیوز رپورٹر کی ملازمتیں کیں، گلزار امام 2018 تک کالعدم بلوچ ری پبلیکن آرمی میں براہمداغ بگٹی کا نائب رہا۔

گلزار امام عرف شمبے نے نومبر 2018 میں بلوچ راجی آجوئی سنگر نامی تنظیم کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کیا، اور یہ کالعدم بلوچستان نیشنل آرمی کا بانی ہے، یہ تنظیم بی آراے، یو بی اے نامی تنظیموں کو ملا کر بنائی گئی۔

گلزارامام دہشت گردی کی درجنوں وارداتوں سمیت پنجگور اور نوشکی حملوں میں ملوث تھا، اس کے بھارت اور افغانستان سے رابطے تھے، اس نے دسمبر 2017 میں گل نوید کے نام سے افغان پاسپورٹ پر بھارت کا دورہ بھی کیا تھا، اور 11 جنوری 2022 کو بلوچ نیشنلسٹ آرمی کا سربراہ منتخب ہوا۔ گلزار امام شمبے کو 7 اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا۔

بلوچستان

BNA

BNA Commander Gulzar Imam Shambe

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div