Aaj News

ہفتہ, اپريل 20, 2024  
11 Shawwal 1445  

تاریخ میں پہلی بار انقلابی جماعت نے جوتیاں چھوڑ کر دوڑیں لگانے کی نئی تاریخ رقم کی، مریم نواز

اربوں کے ڈاکے ڈالنے والے کتنے مجرموں کوآپ 'گڈ ٹو سی یو' کہتے ہیں، مریم کا سوال
اپ ڈیٹ 16 مئ 2023 05:25pm

چیف آگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے یوم سیاہ اور 15 مئی کے احتجاج میں فرق پوری دنیا نے دیکھ لیا۔

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی ضمانت کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ میں پولیس کے ڈر سے بھاگنے کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی چیف آگنائزر مریم نواز کا کہنا تھا کہ دیکھا سُنا اور پڑھا تو یہ تھا کہ سیاسی لیڈران اور کارکنان گھبراتے نہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ سنا تھا کہ سیاسی رہنما اور کارکنان نظریے کے لیے بہادری سے گرفتاریاں پیش کرتے ہیں، حوصلے سے قید وبند کا سامنا کرتے ہیں، بڑی سے بڑی قربانی دینے سے گریز نہیں کرتے، نا قابلِ تلافی نقصانات برداشت کرتے ہیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک انقلابی جماعت ایسی بھی آئی جس نے ڈر کے مارے ٹانگ پر پلستر چڑھانے، سر پر بالٹیاں رکھنے، ویل چیئرز پر بیٹھ جانے، اسپتالوں، کورٹ روموں اور باتھ روموں میں چھپ جانے اور جوتیاں چھوڑ کر دوڑیں لگانے کی نئی تاریخ رقم کی۔

اس سے قبل اپنی ٹویٹ میں مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ اربوں کے ڈاکے ڈالنے والے کتنے مجرموں کو آپ گڈ ٹو سی یو کہتے ہیں۔

مریم نواز نے سوالات اٹھائے اور کہا کیا ہر ایک کو رجسٹرار سے فون کروا کر مرسیڈیز بھی منگوا کر رخصت کرتے ہیں؟، ہر ایک کو جیل سے ریسٹ ہاؤس بھی شفٹ کرتے ہیں؟، سب پر اسی طرح ریمانڈ میں ضمانتوں کی برسات کرتے ہیں؟، سب کو کہتے ہیں دس فیملی میمبرز کو بلائیں، گپیں لگائیں اور سو جائیں۔

مریم نواز نے گزشتہ روز سپریم کورٹ کے باہراحتجاج میں شریک کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ شاہراہ دستور پر ہزاروں مظاہرین نے جمہوری احتجاج کی مثال قائم کی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ہزاروں کارکنان آئے لیکن ایک شاخ، گملا نہیں ٹوٹا، کوئی عمارت جلی نہ گاڑی، کوئی ایمبولنس روکی گئی، نہ کسی پولیس اہلکار کا سر پھٹا، یہ ہوتا ہے عوام کا احتجاج۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پوری دنیا نے 9 مئی کے یوم سیاہ اور 15 مئی کے احتجاج میں فرق دیکھ لیا، 9 مئی کو منصوبہ بندی سے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی، لیکن گزشتہ روز اشتعال کے باوجود کسی کارکن نے ایوان صدر کا رخ نہیں کیا۔

PMLN

PDM Protest

PTI protest

maryum nawaz

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div