Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

لیاری ایکسپریس وے پر کار پر فائرنگ، سینئر ڈاکٹر بیربل جاں بحق

فائرنگ کے واقعہ میں خاتون ڈاکٹر زخمی ہوگئیں، پولیس
اپ ڈیٹ 31 مارچ 2023 12:36pm
فوٹوــ فائل
فوٹوــ فائل

کراچی میں لیاری ایکسپریس وے پر گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں معرقف ماہر امراض چشم بیربل جاں بحق اور خاتون ڈاکٹر زخمی ہوگئیں۔

شہر قائد میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق لیاری ایکسپریس وے پر نامعلوم ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت ڈاکٹر بیربل کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی خاتون کی شناخت ڈاکٹر قرۃ العین کے نام سے ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعہ کے فورا بعد جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش اور زخمی خاتون کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

فائرنگ سے جاں بحق ڈاکٹر بیربل سینئر سرکاری ڈاکٹر تھے اور جناح اسپتال سمیت مختلف اسپتالوں میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔

ڈاکٹر بیربل سابق ڈائریکٹر ہیلتھ کے ایم سی اینڈ پبلک ہیلتھ بھی رہ چکے ہیں وہ ڈیڑھ برس قبل ریٹائرڈ ہوئے تھے۔

رواں سال انہوں نے اپنی بیٹی کے ساتھ ایم بی اے بھی کیا تھا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والی کار پاک کالونی کے قریب لیاری ایکسپریس وے پر ٹول پلازہ پر چڑھائی چڑھ رہی تھی تو اسے نشانہ بنایا گیا۔ فائرنگ کے بعد نامعلوم ملزمان فرار ہوگئے۔

کارپرفائرنگ کے فوراً بعد کی واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔

فوٹیج میں کار کو تیزی سے ایک جانب جاتے دیکھا جاسکتا ہے، چلتی گاڑی کا دروازہ کھلا ہوتا ہے، اورگاڑی کچھ دور جاکررک جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ گارڈن گڈ لک ہال کے قریب کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کار پرفائرنگ ایک تھانہ حدود میں کی گئی جبکہ کار دوسرے علاقے میں جا کر رکی۔

جس کے بعد دونوں تھانوں میں حدود کا جھگڑا چل رہا ہے۔

پولیس کی جانب سے فائرنگ کے واقعہ کے بعد جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔ تاہم فائرنگ کے بعد یہ بات بھی سامنے آئی کہ تھانہ گارڈن اور سولجر بازار میں حدود کا تنازع شروع ہوگیا۔

تھانہ گارڈن نے جائے وقوعہ کو سولجر بازار تھانے کی حدود قرار دیا جبکہ سولجر بازار پولیس نے فائرنگ کے مقام کو گارڈن تھانے کی حدود میں لگنے کی بات کی۔

ڈاکٹر بیربل کی لاش جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں موجود ہے اور پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تفتیش میں مصروف ہیں۔

ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے بتایا کہ ڈاکٹر بھیربل رنچھوڑ لائن میں کلینک سے اپنے گھر گلشن اقبال جا رہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے میں چھوٹا اسلحہ استعمال کیا گیا ہے، پولیس نے جائے وقوعہ سے پستول کے خول برآمد کر لئے ہیں۔

ملزمان نے ڈاکٹر بیربل کو سر پر گولیاں ماریں۔

پولیس کے مطابق زخمی خاتون ڈاکٹر سے بیان لینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب ڈائریکٹر جناح اسپتال شاہد رسول نے زخمی خاتون کو تمام طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر بیربل کی بیٹی بھی ڈاکٹر ہیں، وہ اندر موجود ہیں۔

مقتول کے دو صاحبزادے بیرون ممالک میں ہیں جو وطن واپس لوٹ رہے ہیں، لاش کو جلد پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا جائے گا۔

مقتول کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔

گورنر سندھ نے ڈاکٹر بیربل کے قتل پر اظہار افسوس کااظہارکرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔

Karachi Police

Karachi Crime

Karachi law and order situation

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div