Aaj News

ہفتہ, اپريل 20, 2024  
11 Shawwal 1445  

اس رمضان پاکستان میں ایرانی کھجور اتنی مہنگی کیوں ہے

'اب تو روزے کھولنے کیلئے واحد حل نمک اور پانی ہی بچا ہے'
تصویر بزریعہ اے ایف پی
تصویر بزریعہ اے ایف پی

پاکستان میں اگست اورستمبر میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے مقامی کھجور کی فصلوں کو تباہ کردیا، جس کے نتیجے میں خوردہ فروش اس رمضان ایرانی کھجوروں کی دوگنی قیمتیں وصول کر ہے ہیں۔

تاہم، انہوں نے قیمتوں میں 100 فیصد اضافے کا الزام زیادہ کسٹم ڈیوٹی اور نقل و حمل کے اخراجات پر لگایا ہے۔

پشاور میں ہول سیل ڈیلر امیر محمد نے آج نیوز کو بتایا کہ گزشتہ سال اگست اور جولائی میں سیلاب کی وجہ سے مقامی کھجوریں مکمل طور پر برباد ہو گئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ سرحد کی بندش، کسٹم ڈیوٹی میں اضافے اور چوکیوں پر بھتہ خوری کی وجہ سے ایرانی کھجور کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

ایرانی کھجور کی کسٹم ڈیوٹی گزشتہ سال 40 سے 50 روپے فی کلو گرام تھی، لیکن اب تاجر 140 سے 150 روپے فی کلو گرام ادا کر رہے ہیں۔

امیر محمد نے کہا کہ، ”پہلے ہم تقریباً 250,000 روپے ٹرانسپورٹ کا کرایہ ادا کرتے تھے اور اب ہم پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ایک ٹرک کے لیے 450,000 روپے ادا کر رہے ہیں۔“

پشاور کے مقامی ہول سیل ڈیلر امیر محمد آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے
پشاور کے مقامی ہول سیل ڈیلر امیر محمد آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے

کھجور کی فی کلو قیمت میں 350 روپے فی کلو تک اضافہ ہوا ہے، جس سے صارفین میں مایوسی پھیل گئی ہے۔ نئی قیمتیں معیار اور قسم کے لحاظ سے 350 روپے سے 1200 روپے فی کلوگرام کے درمیان ہیں۔

رمضان المبارک میں پاکستان کے ہر مسلمان گھرانے میں کھجور کی بہت زیادہ ضرورت ہوتی ہے، کیونکہ روایتی طور پر لوگ اس سے افطار کرتے ہیں۔

پشاور کے لوگوں نے آج نیوز کو بتایا کہ اب یہ بنیادی چیز بھی مہنگی کر دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اب واحد آپشن پانی اور نمک کے ساتھ اپنا روزہ کھولنے کا بچا ہے۔

دوسری جانب رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی کراچی کے کھجور بازار میں شہریوں کا رش بڑھ گیا ہے، تاہم یہاں بھی شہری مہنگی کھجور خریدنے پر مجبور ہیں، اور وجہ وہی جو اوپر بیان کی گئی ہے

کراچی کے علاقے لی مارکیٹ میں قائم کھجور کی ہول سیل مارکیٹ میں جگہ جگہ دکانوں اور ٹھیلوں پر انواع و اقسام کی کھجور تو موجود ہے، تاہم قیمت عام آدمی کی پہنچ سے دور ہے۔

کراچی کے شہری کہتے ہیں گزشتہ سال کی نسبت قیمت دگنی ہے، ڈھائی سو روپے کلو والی کھجور اب ساڑھے چار سو سے پانچ سو روپے فی کلو میں مل رہی ہے۔

بازار میں سکھر اور خیرپور کی اصیل، سعوری عرب کی عجوہ، عنبر اور سکری، عراق کی بصرہ، ایران کی مضافاقی، عجوہ اور دیگر اقسام کی کھجوریں موجود ہیں۔

کراچی کے دکانداروں کا بھی کہنا ہے کہ سیلاب نے پاکستان میں کھجور کی پیداوار کو نقصان پہنچایا ہے۔

کھجور بازار میں خیرپور کی اصیل دو سو اسی روپے، عراق کی بصرہ کھجور تین سو روپے، ایران کی مضافاتی چار سو روپے، سعودی عرب کی عنبر ساڑھے تین ہزار روپے اور عجوہ اٹھائیس سو روپے کلو میں مل رہی ہے۔

پاکستان

Ramzan 2023

Iranian Dates

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div