Aaj News

ہفتہ, اپريل 20, 2024  
11 Shawwal 1445  

چوہدری شجاعت نے باغی عہدیداروں کے خلاف کارروائی کیلئے گرین سگنل دے دیا

پرویزالہٰی کو مسلم لیگ (ق) کی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ، مونس الہٰی اور کامل آغا کو بھی عہدوں سے ہٹایا جائے گا۔
شائع 01 فروری 2023 04:15pm

چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی کے باغی عہدیداروں کے خلاف بڑی کارروائی کا گرین سگنل دے دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی پالیسیوں سے انحراف کرنے پر پرویزالہٰی کو پنجاب میں مسلم لیگ (ق) کی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ مونس الہٰی اور کامل علی آغا کو بھی عہدوں سے ہٹایا جائے گا۔

گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے چوہدری شجاعت کی درخواست منظور کرتے ہوئے پرویزالہٰی گروپ کی زیرصدارت (ق) لیگ انٹراپارٹی انتخابات غیرقانونی قرار دیے تھے، اور چوہدری شجاعت حسین کو مسلم لیگ (ق) کا سربراہ برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا تھا۔

ذرائع کے مطابق پرویز الہٰی کو نہ صرف صدارت سے ہٹایا جائے گا بلکہ ان سے مسلم لیگ ہاؤس لاہور کی ملکیت بھی واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پارٹی سے انحراف کرنے والوں کو پہلے ہی شوکاز نوٹس جاری کیے جاچکے ہیں، اب آئینی اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد انہیں پارٹی سے فارغ کیا جائے گا۔

پارٹی کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ق لیگ کے دیرینہ اور مخلص رہنماؤں کو نئے عہدے دیے جائیں گے، اس حوالے سے پنجاب کی صدارت کیلئے چوہدری شافع حسین سمیت 2 رہنماؤں کے نام زیر غورہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب کی نئی قیادت مسلم لیگ ہاؤس ڈیوس روڈ کو سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنائے گی۔

Chaudhry Pervaiz Elahi

PMLQ

Chaudhry Shujat Hussain

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div