Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

سیاسی صورتحال و تقرری معاملہ، نواز شریف نے اتحادیوں کو اعتماد میں لے لیا

احتجاج یا لانگ مارچ عمران خان کا حق مگر سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
شائع 12 نومبر 2022 03:26pm

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے ملکی سیاسی صورتحال اور نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر اتحادیوں کو اعتماد میں لے لیا۔

ن لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن میں موجود نواز شریف نے اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطے کیے ہیں، اس دوران وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز بھی موجود تھے۔

نوازشریف نے سابق صدر آصف زرداری ،پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان، سردار اختر مینگل ،خالد مقبول صدیقی اور محمود اچکزئی سے موجودہ صورتحال پر گفتگو کی۔

ذرائع نے بتایا کہ اتحادی حکومت نے ملک میں انتشار اور بدامنی کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہ ہونے دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا، طے کیا گیا کہ احتجاج یا لانگ مارچ عمران خان کا حق سہی مگر قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک انتظامی معاملے کو اپنی سیاست کی نظر کرنا چاہتے ہیں، ماضی کی روایات اور قانون کو سامنے رکھتے ہوئے نئی تقرری میرٹ پر شفاف طریقے سے ہوگی۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان اس تقرری کو متنازع بناکر قومی ریاستی و دفاعی اداروں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، ایسی کوئی کوشش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دی جاے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ شخص ہر ادارے اور اس کی قیادت کو اپنی ہٹ دھرمی کی نذرکرنا چاہتا ہے۔

سیاسی رہنماؤں نے نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر کوئی دباؤ قبول نہ کرنے پراتفاق کیا۔

شہباز شریف وطن واپسی پر پی ڈی ایم کا باقاعدہ اجلاس بلا کر سب کو اعتماد میں بھی لیں گے، اس کے علاوہ عام انتخابات سمیت دیگر سیاسی فیصلے بھی مشاورت سے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

حکومتی ذرائع نے مزید بتایا کہ عمران خان کے قومی سلامتی کے خلاف بیانیے پر قانونی کارروائی تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

PMLN

Nawaz Sharif

pti long march

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div