Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

سری لنکا نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا

سری لنکا نے نیدرلینڈز کو 16 رنز سے شکست دی
شائع 20 اکتوبر 2022 01:02pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے کوالیفائی راؤنڈ میں سری لنکا نے نیدرلینڈز کو 16 رنز سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے سپر 12 مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

آسٹریلیا کے شہر گیلونگ میں کھیلے گئے ٹی 20ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے نویں میچ میں سری لنکا نے نیدرلینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے ، اوپنر کوشال مینڈس نے 5 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

اس کے علاوہ دیگر بلے بازوں میں پاتھوم نسانکا 14، دھانن جیا دی سلوا صفر، چارتھ اسالنکا 31، بھانوکا راجاپکشا 19، کپتان داسن شناکا 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ونندو ہسارنگا اور چمیکا کرونارتنے بالترتیب 5 اور 2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیدرلینڈز کی جانب سے پال وین میکرین اور بس ڈی لیڈز نے 2، 2 جبکہ فریڈ کلاسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا نے نیدرلینڈز کو جیت کے لئے 163 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بناسکی۔

ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کا آغاز اچھا نہ رہا، میکس او ڈاؤڈ کے علاوہ کوئی بیٹر لنکن بولرز کے خلاف مزاحمت نہ کرسکا۔

میکس او ڈاؤڈ نے 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 71 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دیگر بیٹرز میں وکرم جیت سنگھ 7، بس ڈی لیڈز 14، کولن ایکرمین 0، ٹام کوپر 16، کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 21، ٹم پرنگل 2 اور فریڈ کلاسن 3 رنز بناکر نمایاں رہے۔

سری لنکا کی جانب سے وینندو ہسرنگا 3، مہیش تھیکشنا2 جبکہ لاہیرو کمارا ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج پہلے مرحلے کا دوسرا میچ یو اے ای اور نمیبیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کا آغاز 22 اکتوبر بروز ہفتے سے سڈنی میں ہورہا ہے۔

cricket

ICC

T20 World Cup

first round

sri lanka vs natherlands

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div