Aaj News

بدھ, اپريل 24, 2024  
15 Shawwal 1445  

’پی ٹی آئی آج یوم تشکر منائے گی‘

فیصلہ سازوں کو عوام کا فیصلہ سمجھنا چاہئیے، اسد عمر
شائع 16 اکتوبر 2022 11:54pm
تصویر: اختر سومرو/روئٹرز
تصویر: اختر سومرو/روئٹرز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی آج یوم تشکر منائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ آج پاکستان کے تین صوبوں میں عوام کے سامنے الیکشن ہوا، اصل میں یہ ایک ریفرنڈم تھا۔

اسد عمر نے کہا کہ عوام کو یہ بات سمجھ آگئی ہے پاکستان کے لیے یہ فیصلہ کن موڑ ہے، پاکستان اب بیرونی طاقتوں کی جنگوں میں نہیں پڑے گا۔ قوم جو بار بار فیصلہ سنا رہی ہے اس فیصلے کو فیصلہ سازوں کو سمجھنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے ملکی مفادات کا تحفظ کریں گے، عوام کے دماغ میں کوئی ابہام نہیں، عوام کو اب غلامی منظور نہیں ہے، 17 جولائی کا عوام نے تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا بیانیہ لوگوں کے دل و دماغ میں اتر گیا ہے، جن لوگوں کے پاس پاکستانی عوام کے بارے میں فیصلہ کرنے کی طاقت ہے ان کے ذہن سے ابہام دور ہونا چاہیے، آج پھر 17 جولائی والی قسط رونما ہوئی، ایک بار پھر تحریک انصاف نے 13 جماعتوں کو شکست دی۔

اسد عمر نے کہا کہ عمران خان جمہوریت کے مطابق آگے بڑھنا چاہتے ہیں، پاکستانی عوام کو پاکستان کے مستقل کا فیصلہ الیکشن کے زریعے کرنے دیں، لوگوں میں غصہ بڑھ رہا ہے، سندھ ہاؤس اور میریٹ میں منڈیاں لگیں، لوگوں کے ضمیر خریدے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو عوام کو ریاستی جبر کا سامنا کرنا پڑا، عورتوں کو حراساں کیا گیا، جمہوریت عوام کو راستہ دیتی ہے، فیصل آباد میں لوگوں نے ووٹ کے ذریعے اپنا فیصلہ سنایا، ہم نے رانا ثناء اللہ کو گھر سے شکست دی، فیصلہ دیوار پر لکھا جا چکا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے فیصلہ سازوں کے پاس دو راستے ہیں، یا جمہوری عمل کے زریعے عوام تبدیلی لائے یا پھر خدا نہ خواستہ دوسرا راستہ اپنانا پڑے، آئی ایم ایف سے معاہدہ ہونے کے باوجود عوام کو ریلیف نہیں ملا، ملک دیوالیہ ہونے کے در پہ ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ان حالات میں سیاسی بحران کو حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، اب یہ عوام کو روک نہیں سکتے، آج ایک بار پھر عوام نے اپنی آواز سے فیصلہ سازوں تک یہ بات پہنچائی ہے، آج عوام نے عمران خان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام نے بیرونی سازش سے مسلط کردہ حکومت کو مسترد کردیا، عوام میں اس وقت انقلابی تبدیلی آئی ہے، پاکستان بہتری کی جانب بڑھے گا، تحریک انصاف کے تمام ورکرز اور تنظیموں کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ان کو مبارکباد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا پیغام ہے کہ تشکر منائیں، کل اللہ کا شکر ادا کریں اور یہ دعا مانگیں کہ جن کے پاس فیصلہ کرنے کی طاقت ہے ان کو حمت پر مبنی فیصلے کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

imran khan

bye election2 22

PTI Win

Congratulation Day

politics Oct 17

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div