Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

اسلام آباد ہائیکورٹ کا آبپارہ میلوڈی روڈ فوری کھولنے کا حکم

جائیں اور جا کر لال مسجد کے باہر کی روڈ کھولیں، عدالت
شائع 05 اکتوبر 2022 11:45am
عدلیہ بحال ہو کے بھی وکیلوں کے ہاتھوں قید ہے، عدالت

اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہر اقتدار کی مصروف شاہراہ آبپارہ میلوڈی روڈ فوری کھولنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے وفاقی دارالحکومت میں سڑکوں کی بندش کے خلاف کیس کی سماعت کی، ڈپٹی کمشنر عرفان نواز عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ لال مسجد کے باہر روڈ بھی بند ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مولانا صاحب کا مدرسہ ہے، ان کے شاگرد اکثر احتجاج کے طور پر سڑک بلاک کردیتے ہیں، جس پر عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے استفسار کیا کہ پھر آپ نے کیا کیا ہے؟

عدالت کے استفسار پر پر ڈی سی عرفان نواز نے مدرسہ انتظامیہ سے مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی تجویز دی تو عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تو پھر بھارت، افغانستان اور اسرائیل سے بھی مذاکرات کر لیں وہ معاملہ بھی حل ہو جائے، جائیں اور جا کر لال مسجد کے باہر کی روڈ کھولیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ اپنے حقوق کے لیے پبلک اپنے نمائندوں کے پاس جائے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ قانون سب کے لئے ہو صرف چند لوگوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننا چاہیئے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ زمینی حقائق یہی ہیں کہ ملک ابھی تو چند افراد کے مطابق ہی چل رہا ہے،گراؤنڈ ریئلٹی یہی ہے، عدلیہ بحال ہو کے بھی وکیلوں کے ہاتھوں قید ہے، اسلام آباد میں سڑکوں کی بندش سے متعلق حکم جاری کریں گے۔

Justice Mohsin Akhter Kiyani

Islamabad High Court

lal masjid

dc islamabad

irfan nawaz

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div