Aaj News

بدھ, اپريل 24, 2024  
15 Shawwal 1445  

پاکستان کو پائپ لائن کے ذریعے گیس کی فراہمی ممکن: پیوٹن کی شہباز شریف سے ملاقات

ملاقات میں ریلوے اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا
اپ ڈیٹ 15 ستمبر 2022 11:21pm
شہباز شریف نے صدر پیوٹن کو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث نقصانات سے بھی آگاہ کیا ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سمر قند میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے اہم ملاقات کی،جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ روسی صدر نے پاکستان کو پائپ لائن کے ذریعے گیس کی فراہمی ممکن قرار دے دی۔

وزیر اعظم 2 روزہ دورے پر شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے ازبکستان پہنچے، سمرقند انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گورنر سمرقند، نائب وزیر خارجہ اور وزیر تعلیم نے شہباز شریف کا استقبال کیا۔

شہباز شریف سمرقند ایئر پورٹ سے حضرت خضرکمپلیکس گئے، جہاں انہوں نے مسجد خضر کا دورہ کیا اور اسلام کاری موف کے مزار پربھی حاضری دی۔

جس کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے روسی صدرولادی میر پیوٹن سے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین سے ہمدردی پر روسی صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ قریبی تعلقات کے لیے پرعزم ہے ، روس کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے خواہاں ہیں ۔

شہباز شریف نے صدر پیوٹن کو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں ہونے والے نقصانات سے بھی آگاہ کیا ۔

وزیراعظم نے افغانستان میں روس کے کردار کو بھی سراہا جبکہ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے تعلقات مضبوط باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں،پرامن اور مستحکم افغانستان میں پاکستان اور روس دونوں کا اہم کردار ہے۔

روسی صدر سے ملاقات میں فریقین نے بین الحکومتی کمیشن کا آئندہ اجلاس پاکستان میں منعقد کروانے پر اتفاق کیا۔

ولادی میر پیوٹن نے پاکستان اورروس کے درمیان ریلوےاورتوانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو پائپ لائن کے ذریعے گیس کی فراہمی ممکن ہے ۔

وزیراعظم کی تاجکستان ،ایران ، ازبکستان اور کرغزستان کے صدور سے ملاقاتیں

اس سے پہلے وزیراعظم شہباز شریف نے تاجکستان ،ایران ، بیلا روس ،ازبکستان اور کرغزستان کے صدور سے بھی ملاقاتیں کیں ،جس میں افغانستان اور خطے میں امن و سلامتی کےلیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم کی وفد کی سطح پر تاجکستان کے صدر سے ملاقات ہوئی۔ اعلامیے کے مطابق شہباز شریف کا کہنا تھا پاکستان تاجکستان کو گوادر اور کراچی تک رسائی دینے پر تیار ہے۔

وزیر اعظم نے تاجکستان سے روڈ ٹرانسپورٹیشن کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر زوردیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کاسا 1000 پاور ٹرانسمشن پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔

شہباز شریف نے ایرانی صدرابراہیم رئیسی سے بھی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا۔

ازبکستان کے صدر سے ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف نے امداد بھیجنے، سیلاب زدگان کے لیے ہمدردی اور جاں بحق ہونے والوں کے لیے تعزیت پر صدر شوکت مرزئیوف کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ۔

وزیراعظم لندن اور امریکا کا دورہ کریں گے

دوسری جانب دورہ تاجکستان کے بعد وزیراعظم شہباز شریف لندن اور پھر امریکا کا دورہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم 17ستمبر بروز ہفتے کو 2روزہ دورے پر برطانیہ جائیں گے،جہاں وہ ملکہ الزبتھ دوئم کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔

جس کے بعد شہباز شریف سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کرنے لندن میں ان کی رہائش گاہ جائیں گے، دونوں بھائیوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا۔

دورہ لندن کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف امریکاجائیں گے،جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

russia

پاکستان

Vladimir Putin

Tajikistan

PM Shehbaz Sharif

Pakistan Flood

samarkand

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div