Aaj News

ہفتہ, اپريل 20, 2024  
11 Shawwal 1445  

‘مسلح افواج اور عوام کے اتحاد کو توڑنے کا ارادہ کرنے والا پاکستان کا دوست نہیں ہوسکتا’

سیلاب نے ملک میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، شہباز شریف
اپ ڈیٹ 06 ستمبر 2022 01:03pm
وزیراعظم نے پاک افواج کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پی ایم ایل این/ٹوئٹر
وزیراعظم نے پاک افواج کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پی ایم ایل این/ٹوئٹر

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم ایک قوم بن کر سیلاب کا مقابلہ کررہے ہیں، پاکستان میں آج سے قبل ایسا سیلاب نہیں آیا۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب نے ملک میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، سیلاب کے باعث 33 ملین سے زائد آبادی متاثرہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سیلاب کی صورت حال کے پیش نظر سب سے بڑے چیلنج کا سامنا ہے۔

وزیراعظم نے 1965 کی جنگ کی تاریخ کو یاد کرتے ہوئے موجودہ بحران سے نمٹنے کیلئے متحد ہونے پر بھی زور دیا۔

اس سے قبل یوم دفاع وشہدا کے موقع پر وزیراعظم نے اسلام آباد میں یادگار پاکستان شکرپڑیاں کا دورہ کیا، شہباز شریف نے یادگار شہدا پرپھولوں کی چادر چڑھائی اور خصوصی دعا کی۔

وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے پاک افواج کے بہادرسپوتوں کوخراج تحسین پیش کیا گیا۔

شکرپڑیاں میں یوم دفاع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم آج یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے شہدا اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے، جنہوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف مادر وطن کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج قوم ہر اس غازی اور شہید کو سلام پیش کررہی ہے جس نے اپنی جان پر ملک کو ترجیح دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج سے 57 سال قبل دشمن نے مکاری کی تھی، شہیدوں نے رات کے اندھیرے میں دشمن کے حملے کو پسپا کیا، شہدا کے خون سے پاکستان محفوظ رہا، مسلح افواج اور قوم نے متحد ہوکر اپنی جغرافیائی سالمیت کے خلاف بھارتی جنگی جنون کو خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک قوم بن کر سیلاب کا مقابلہ کررہے ہیں، پاکستان میں آج سے قبل ایسا سیلاب نہیں آیا، وفاق وصوبائی حکومتیں متاثرین کی امداد کررہی ہیں، پاک افواج کے جوان اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی مدد کیلئے امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تاریخی سیلاب کی تباہ کاریوں اور دیگر مسائل سے نبرد آزما ہوتے ہوئے ہمیں آج 1965 کے جذبے کی ضرورت ہے، قوم کا اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ مسلح افواج اور عوام کے اتحاد کے رشتے کو توڑنے کا ارادہ کرنے والا پاکستان کا دوست نہیں ہو سکتا، آئیں قوم کے اتحاد کے اس رشتے کو مضبوط بنائیں۔

پاکستان

Defence Day

PM Shehbaz Sharif

shakar parian

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div