Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

وزیراعظم کا قمبر شہداد کوٹ کا دورہ، سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ

شہباز شریف کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور امدادی کارروائیوں پر بریفنگ
اپ ڈیٹ 05 ستمبر 2022 01:53pm
وزیراعظم کو سیلاب سےہونے والے نقصانات اور امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قمبر شہداد کوٹ کے دورے کے دوران سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ سندھ کے شہر قمبر شہداد کوٹ کا دورہ کیا، جہاں وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی ان کے ہمراہ موجود ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم کو سیلاب سےہونے والے نقصانات اور امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں شہباز شریف کو بتایا گیا کہ منچھرجھیل میں پانی کی سطح تیزی سےبلندہورہی ہے،شہری آبادی کو بچانے کیلئے منچھر جھیل میں کٹ لگانا پڑا، وزیراعلیٰ سندھ کا شہر بھی ڈوب چکا ہے، میہڑ شہر کو بچانے کیلئے پانی کیلئے راستہ بنانا ہوگا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے قمبرشہدادکوٹ میں امدادی کیمپ کا دورہ بھی کیا اور سیلاب متاثرین سے بھی ملاقات کی جبکہ انہوں نے متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کیے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب سے سندھ میں بہت زیادہ تباہی ہوئی ہے، صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر مشکل کا سامنا کررہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین میں 25 ہزار روپے فی خاندان دے رہے ہیں، 28 ارب روپے بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت تقسیم ہورہے ہیں، 28 ارب روپے کی رقم بڑھا کر 70 ارب روپے کردی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امدادی کام جاری ہیں، ہمیں مزید محنت کی ضرورت ہے، سیلاب سے بڑے پیمانے پر فصلیں اور مکانات تباہ ہوگئے، سب سے زیادہ متاثرسندھ اور پھربلوچستان ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا بھی سیلاب سے متاثر ہوئےہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کےدوست ممالک بھی متاثرین کی امداد کررہے ہیں، مدد کرنے والے تمام دوست ممالک کے شکر گزار ہیں، یہ سیاست کا وقت نہیں، خدمت کا وقت ہے، تمام اداروں کو بھی متاثرین کی مدد کیلئے ہاتھ آگے بڑھانا چاہیئے۔

Murad Ali Shah

Bilawal Bhutto Zardari

PM Shehbaz Sharif

Sindh floods

Floods in Pakistan

Sindh Visit

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div