Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بارش، مختلف واقعات میں 10افراد جاں بحق

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا میں مزید بارش کا امکان ہے
شائع 18 اگست 2022 01:04pm
بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہوا وہیں کئی ناخوشگوار واقعات بھی پیش آئے۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہوا وہیں کئی ناخوشگوار واقعات بھی پیش آئے۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بارش کے باعث مختلف واقعات میں خواتین، بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہوا وہیں کئی ناخوشگوار واقعات بھی پیش آئے۔

پی ڈی ایم اے کےمطابق بارش کے باعث کئی مقامات پر دیواریں اور چھتیں گرنے کے واقعات پیش آئے، جن میں اب تک 6 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوچکے ہیں جبکہ 20 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ۔

ڈی آئی خان کا علاقہ کڑی شموزئی سیلابی ریلے سے زیرآب آگیا ،کئی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

محکمہ موسمیات کےمطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا میں مزید بارش کا امکان ہے جس سے لینڈ سلائیڈنگ،سیلابی ریلوں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب

پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں نے جہاں گرمی اور حبس کا زور توڑا وہیں نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ سڑکیں، گلیاں اور محلے ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔

بہاولنگر کے محلہ تیلیاں والا میں بارش کے باعث بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے کمرے میں سوئی ہوئی 3 بہنیں ملبے تلے دب کرجاں بحق ہو گئیں ۔

ریسکیو ٹیم نے امدادی آپریشن کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والی بہنوں کی لاشیں ملبے سے نکال کر ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیں ۔

جاں بحق ہونے والوں میں 24 سالہ نادرہ ، 28 سالہ رضیہ اور 30 سالہ روبینہ شامل ہیں، جن میں سے 2 بہنیں نجی اسکول میں پڑھاتی تھیں ۔

افسوسناک حادثے سے علاقے میں کہرام مچ گیا اوراہل علاقہ کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی۔

گزشتہ روز سے بہاولنگر شہر اور گردونواح میں بھی وقفے سے وقفے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

قصور میں انتظامیہ کی نااہلی کے باعث گھر کے باہر جمع برساتی پانی میں 3سالہ بچہ ڈوب کر جاں بحق ہوگیا جبکہ خان پور میں بارش کے باعث چھت گرنے سے ایک خاتون زخمی ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔

راجن پور : شدید بارش کے باعث سیلابی نالوں میں طغیانی

راجن پور کے پہاڑی سلسلے کوہ سلیمان پر شدید بارش کے باعث سیلابی نالوں میں طغیانی آ گئی، کئی ہزار کیوسک پانی نالوں میں داخل ہوگیا۔

کاہا سلطان نالے میں 36 ہزار کیوسک، درہ چھاچھڑ میں 27 ہزار جبکہ درہ بگا کھوسڑا میں 22 ہزار کیوسک سیلابی پانی داخل ہوگیا جو زمینی علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔

کیکر والا آسنی روڈ کے قریب مبارک نہر میں شگاف پڑگیا، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت شگاف پر کرنے میں مصروف ہیں۔

تحصیل روجھان میں زمیندارہ بند ٹوٹنے سے سیلابی پانی نشیبی علاقوں کی طرف بڑھنے لگا، جس سے مزید دیہات زیر آب گئے۔

ڈیرہ غازی خان کے علاقوں رودکوہی، سنگھڑ، وہوا، کوڑا اور وڈور میں پانی کی سطح گرنا شروع ہوگئی ہے تاہم نزدیکی آبادیوں میں پانی داخل ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

punjab

KPK

Rain

house roof collapse

bahawalnagar

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div