Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

ملک بھر میں 75واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

یوم آزادی پر وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
اپ ڈیٹ 14 اگست 2022 10:59am
شہروں اور گلیوں محلوں میں قومی پرچم اور جھنڈیاں لگائی گئیں ہیں۔
شہروں اور گلیوں محلوں میں قومی پرچم اور جھنڈیاں لگائی گئیں ہیں۔
منچلے بچوں اور نوجوانوں کے باجے نے عوام کو پریشان کردیا۔
منچلے بچوں اور نوجوانوں کے باجے نے عوام کو پریشان کردیا۔

ملک بھر میں 75واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، یوم آزادی پر وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

قوم 75 واں یوم آزادی اس عزم کی تجدید کے ساتھ منارہی ہے کہ پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے تحریک پاکستان کے جذبے کے ساتھ کام کیا جائے گا۔

75ویں یوم آزاد کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی جہاں وزیراعظم شہباز شریف نےقومی پرچم لہرایا۔

قومی پرچم لہرانے کی تقریبات ملک بھرمیں صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز کی سطح پر بھی منعقد کی گئیں، تقریبات میں پاکستان کوحقیقت کا روپ دینے میں قومی ہیروز کی غیرمعمولی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

ملک بھر میں یوم آزادی کی مناسبت سے سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے گئے ہیں، بڑی سرکاری اور نجی عمارتوں کو رنگ برنگی روشنیوں سے مزین کیا گیا ہے جبکہ شہروں اور گلیوں محلوں میں قومی پرچم اور جھنڈیاں لگائی گئیں ہیں۔

یوم آزادی کے موقع پر بچے، بڑے، بوڑھے، جوان اور خواتین سب ہی وطن سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کسی نہ کسی صورت کررہے ہیں۔

رات 12 بجتے ہی ملک کے مختلف شہروں میں نوجوان قومی پرچم ہاتھوں میں تھامے سڑکوں پر نکل آئے اور آزادی کے جشن کو بھر پور انداز میں خوش آمدید کہا۔

لاہور میں لبرٹی چوک، نیشنل ہاکی اسٹیڈیم سمیت دیگر مقامات کے علاوہ کراچی، پشاور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کے شاندار مظاہرے کیے گئے، جس سے آسمان مختلف رنگوں میں رنگ گیا۔

اس کے علاوہ حیدرآباد، سکھر، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ایبٹ آباد، پشاور، کوئٹہ اور سبی سمیت دیگر شہروں میں بھی بھرپور جشن آزادی منایا جارہا ہے۔

جشن آزادی پر منچلے نوجوان بائیکس اور گاڑیاں لے کر روڈ پر نکل آئے، بائیکرز کی ون ویلنگ اور منچلے بچوں اور نوجوانوں کے باجے نے عوام کو پریشان کردیا۔

مختلف شہروں میں ہوائی فائرنگ کے واقعات بھی پیش آئےجبکہ کراچی میں مختلف مقامات پر ہوائی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 23افراد زخمی ہوگئے۔

پاکستان کے 75ویں یوم آزادی پر توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز

پاکستان کے 75ویں یوم آزادی پر دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں اورآزاد کشمیر میں 21،21توپوں کی سلامی دی گئی۔

دن کے آغاز پر مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک میں امن، یکجہتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

ملک کے 75ویں جشن آزادی کے موقع پر کراچی میں مزارقائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس مزار قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھال لیے۔

کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور محمد خالد بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ پریڈ کمانڈر کے فرائض لیفٹیننٹ کمانڈر سید محمد داؤد نے سر انجام دیئے۔

پریڈ کے دوران مہمان خصوصی کموڈورمحمد خالد نے گارڈ زکی تبدیلی کا معائنہ کیا ،مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اورفاتحہ خوانی کی، انہوں نے مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات بھی درج کیے۔

اعزازی گارڈز پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس اور سیلرز کے دستوں پر مشتمل ہے ،جن میں 48 کیڈٹس بشمول 2 فیمیل کیڈٹس اور 32 سیلرز شامل ہیں۔

یوم آزادی کے موقع پر مزار قائد میں ہو نے والی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں پاک بحریہ کی تاریخ میں پہلی بارخواتین کیڈٹس نے بھی حصہ لیا۔

مزار علامہ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر لاہور میں مزار علامہ اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوا ، جس کے مہمان خصوصی میجر جنرل شہباز خان تھے۔

مراز اقبال پر جشن آزادی کی ہونے والی تقریب میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے،پنجاب رینجرز کی جگہ پاک فوج کے دستے نے ذمہ داری سنبھالی۔

گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل شہباز خان نے گارڈز کی تبدیلی کے عمل کا معائنہ کیا ،انہوں نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اورمزار پر فاتحہ خوانی کی۔

مہمان خصوصی میجر جنرل شہباز خان نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔

75ویں جشن آزادی پر پاک فوج کی پاکستانی قوم کو مبارک باد

ملک کے 75ویں جشن آزادی کے موقع پر پاک فوج نےپاکستانی قوم کو مبارک باد پیش کی ہے۔

ڈی جی آئی ایس آر میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی طرف سے عظیم پاکستانی قوم کو یوم آزادی / ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات مبارک ہوں۔ پاکستان زندہ باد!

پاک فضائیہ نے 75 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے نغمہ جاری کردیا

پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے نغمہ جاری کردیا۔

نغمے میں پاک فضائیہ کے بہادر شاہینوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے جو دفاع وطن کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔

karachi

اسلام آباد

lahore

peshawar

Celebration

independence day

14th August

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div