Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
11 Shawwal 1445  

پنجاب: پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس میں جھڑپیں، مختلف شاہراہیں میدان جنگ بن گئیں

لاہور میں بتی چوک، آزادی چوک، بھاٹی چوک، پی ایم جی چوک اور ایوان عدل کے باہر پولیس اور تحریک انصاف کے کارکن آمنے سامنے آگئے، کارکنوں نے پتھراؤ اور پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔
اپ ڈیٹ 25 مئ 2022 03:14pm
تصویر: اے ایف پی
تصویر: اے ایف پی

لاہور: پنجاب کے مختلف اضلاع میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، مختلف شاہراہیں میدان جنگ بن گئیں، کارکنوں نے پتھراؤ اور پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

سڑکوں پر پتھراؤ اور آنسو گیس کی شیلنگ،یہ مناظر ہیں لاہور سمیت پنجاب کی مختلف شاہراہوں کے جہاں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کال پر پنجاب سے کارکنوں نے اسلام آباد جانے کی کوشش کی تو شہروں کے خارجی راستے میدان جنگ بن گئے۔

لاہور میں بتی چوک، آزادی چوک، بھاٹی چوک، پی ایم جی چوک اور ایوان عدل کے باہر پولیس اور تحریک انصاف کے کارکن آمنے سامنے آگئے۔

پولیس نے کارکنوں کی گاڑیوں پر لاٹھیاں برسائیں تو کارکنوں نے بھی پولیس وین کے شیشے توڑ دیئے۔

بتی چوک پر پولیس کی آنسو گیس کی شیلنگ سے خواتین کی حالت خراب ہوگئی، تحریک انصاف کی خواتین نے پولیس رویئے پر شدید احتجاج کیا۔

ٹیکسالی گیٹ کے قریب پولیس نے تحریک انصاف کے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے گرفتار کیا۔

لاہور میں پی ٹی آئی رہنما جمشید اقبال چیمہ کو گرفتار کرلیا گیا، کالا شاہ کاکو کے قریب پولیس نے حماد اظہر کو گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن کارکنوں نے انہیں چھڑوا لیا۔

پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی کارکنوں کی جانب سے اسلام آباد جانے اور پولیس کی جانب سے انہیں روکنے کی بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں۔

پی ٹی آئی کا لانگ مارچ: ملک کے مختلف شہروں میں ٹرک اور کنٹینرز لگا کر راستے بند

پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ روکنے کیلئے حکومت نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ٹرک اور کنٹینرز لگا کر راستوں کو بند کردیا۔

حکومت کی جانب سے اسلام آباد، کراچی اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں راستوں کو بند کیا جارہا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں ڈی چوک کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، مختلف داخلی راستے بھی بند کردیئے گئے جبکہ فیض آباد چوک پر بھی کنٹینرز رکھ دیئے گئے تھے۔

وزیرآباد میں خانکی بیراج پل پر بھی کارکنان اور پولیس میں مڈبھیڑ، دھکم پیل اور ہاتھا پائی ہوئی۔

سیالکوٹ میں پولیس نے فردوس عاشق اعوان کے ڈیرے پر چھاپا مارا، ساؤنڈ سسٹم قبضے میں لے لیا اور دو کارکنان کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

کراچی میں کوریڈور تھری پر کنٹینرز لگا دیئے گئے جبکہ پنجاب میں 350 سے زائد مقامات پر موبائل فون سروس بند رہے گی۔

ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاریاں جاری ہیں اور پولیس کی جانب سے اب تک 300 سے زائد کارکنان اور رہنماؤں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

لاہور میں پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھر سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا۔

واضح رہے کہ سیالکوٹ، خوشاب، فیصل آباد، گوجرانوالہ، پتوکی، وزیرآباد، خانیوال اور گجرات سمیت مختلف اضلاع کے داخلی و خارجی راستوں کو بند کیا گیا ہے۔

اسلام آباد

imran khan

D Chowk

seal

red zone

pti long march

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div