Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

قومی اسمبلی کا اجلاس: زاہد اکرم درانی نے ڈپٹی اسپیکر کا حلف اٹھا لیا

جمعیت علمائے اسلام فضل کے زاہد اکرم درانی نے قومی اسمبلی کے ڈپٹی...
اپ ڈیٹ 21 اپريل 2022 02:50pm

اسلام آباد: جے یو آئی کے زاہد اکرم درانی بلا مقابلہ قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب، اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے عہدے کا حلف لیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیرصدارت ہوا، اجلاس کے آغاز میں اسپیکر قومی اسمبلی نے اعلان کیا کہ زاہد اکرم درانی بلا مقابلہ ڈپٹی سپیکر منتخب کئے جاتے ہیں، مرتضی جاوید عباسی، صلاح الدین ایوبی ان کے تائید کندہ اور تجویز کنندہ تھے۔

نومنتخب ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے اسپیکر قومی اسمبلی سے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا اور گاؤن پہن کر اپنی نشست بھی سنبھالی۔

ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے بلا مقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہونے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا مجھ سے پہلے جو شخص ڈپٹی اسپیکر تھا اس نے آئین کی پامالی کی، میں انشاءاللہ اس کرسی کے تقدس کو بحال کروں گا۔

وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا کہ گزشتہ ڈپٹی اسپیکر کے دور میں ریکارڈ متنازعہ قانون سازی کی گئی، سابق وزیر نے تسلیم کیا کہ اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات خراب نہ ہوتے تو آج وہ حکومت میں ہوتے، عمران خان سو سال حکومت کر لے پھر بھی ملک کو ترقی کی راہ پر نہیں ڈال سکتا، جمیعت علماء اسلام کی جدوجہد صاف اور شفاف انتخابات کے لیے ہے۔

شاہدہ رحمانی نے کہا کہ کراچی میں کے الیکٹرک بدمست ہاتھی بن چکا ہے، کراچی میں لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کی جا رہی ہے، سندھ کو اس کے حصے کا پانی نہیں مل رہا جس کی وجہ سے فصلیں تباہ ہورہی ہیں، کراچی سرکلر ریلوے منصوبے پر فوری عمل درآمد کی ضرورت ہے۔

مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ عمران خان نے آئین اور عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی ہے، اسے چاہیئے تھا کہ وہ بہادر لیڈر کی طرح اپوزیشن میں بیٹھ کر مینڈیٹ کی نمائندگی کرتے، عمران خان خود کو کھلاڑی کہتے ہیں مگر سپورٹس مین سپرٹ تک نہیں دکھائی۔

رکن نون لیگ محسن شاہنواز رانجھا نے صدر مملکت کے مواخذے کا مطالبہ کر دیا، محسن شاہ نواز رانجھا کا کہنا تھا کہ بطور صدر عارف علوی نے کئی مرتبہ آئین کی خلاف ورزی کی، پارلیمنٹ کے مشترکہ ایوان میں ہمارے پاس دو تہائی اکثریت بھی موجود ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیا۔

JUIF

deputy speaker

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div