Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

میں غدار نکلا تو خود کو سب کے سامنے گولی مار لوں گا: علیم خان

علیم خان کا کہنا تھا کہ آپ نے واضح شکست دیکھتے ہوئے اسمبلیاں تحلیل کردیں اگر اسمبلیاں تحلیل کرنی تھیں تو پہلے کردیتے، آپ کیا سمجھ رہے ہیں کہ عوام آپ کے ساتھ ہیں تو یہ غلط فہمی ہے۔
شائع 05 اپريل 2022 01:13am

لاہور: تحریک انصاف کے منحرف رہنما عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان آئیں میرا مقابلہ کریں اور ثابت کریں کہ غدار کون ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےعلیم خان کا کہنا تھا کہ میں نے تحریک انصاف کے لئے بہت قربیاں دیں، شروع میں تو پنجاب کے ہرجلسے کے لئے مجھ سے پیسے لئے جاتے رہے، عمران خان وہ شخص سامنے لے آئیں جس نے مجھ سے آدھی بھی قربانی دی ہو، عمران خان آئیں میرا سامنا کریں اور ثابت کردیں کہ غدار کون ہے، اگر میں غدار نکلا تو خود کو سب کے سامنے گولی مارلوں گا ورنہ آپ خود کو گولی ماریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے 25 جولائی کو حلف اٹھایا اور اس کے بعد 15 دن کے اندر 4 بار نیب کی جانب سے دفتر طلب کیا گیا جبکہ اس سے قبل میں نے نیب کا دفتر بھی نہیں دیکھا تھا، چوتھی بار جب میں دفتر گیا تو ٹی وی سے معلوم ہوا کہ عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ نامزد کردیا گیا ہے اس کے بعد سمجھ آئی کہ وجہ یہ تھی۔

علیم خان نے بتایا کہ میں نے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیب سے کہا کہ اب تو وزیراعلیٰ نامزد ہوگیا مجھے چھوڑ دیں اور وہی ہوا کہ اس کے بعد 6 ماہ تک مجھے ایک بار بھی نہیں بلایا گیا، 6 ماہ بعد پھر ایک خبر چلی کہ عثمان بزدار وزیراعلیٰ نہیں رہیں گے جس کے فوری بعد دوبارہ مجھے نیب نے اپنے دفتر طلب کرلیا۔

سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان مجھے بتائیں میں نے کون سی کرپشن کی تھی، عوام کے سامنے لایا جائے کہ علیم خان نے یہ مراعات لی ہیں، انہیں چاہیئے کہ وہ باہر نکل کر میرے ساتھ مقابلہ کریں اور عوام کے سامنے حقائق رکھتے ہیں، اگر میں جھوٹا ثابت ہوا تو خود کو گولی مار دوں گا، اور اگر عمران خان جھوٹے ثابت ہوں تو یہی کام وہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کروڑوں روپے لے کر ڈی سی لگائے جاتے رہے اور آپ کو سب معلوم تھا، میں نے خود جاکر بتایا تھا، فرح کون تھی عمران خان عوام کو بتائیں، فرح خان ہر ٹھیکے میں شامل تھی اور کرپشن کے پیسے کس کو بھیجتی تھی سب پتہ ہے، وہ اور ان کا شوہر پاکستان سے فرار ہوگئے ہیں۔

منحرف رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کے 183 ارکان ہیں اور عمران خان کو ایک بندہ نہیں ملا جو وزیراعلی بننے کے اہل ہو، چوہدری پرویز الہیٰ آپ خود ڈاکو کہتے تھے، اب نیا پاکستان پرویزالہیٰ بنائیں گے، آپ اور پی ٹی آئی کے کارکنان پر افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کہتے ہیں پرویز الہیٰ کو جو ووٹ نہ ڈالے وہ غدار ہوگیا، تو چوہدری شجاعت کے بیٹے سالک حسین کو بھی غدار کہہ کر دکھائیں جو قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے بینچز پر بیٹھے تھے، میں سلام پیش کرتا ہوں اس شخص کو جو علی الاعلان آپ کے مخالف گیا کیوں کہ وہ عظیم باپ کا عظیم بیٹا ہے، اور آپ تو وہ ہیں جو پرویز الہیٰ کو ڈاکو ڈاکو کہتے رہے۔

علیم خان کا کہنا تھا کہ ایک تصویر دکھا کر کہا جارہا ہے کہ علیم خان امریکن ایمبسڈر سے ملا، تو میرا جواب ہے کہ میں توعمران خان کے گھر میں تھا جب امریکی ایمبسڈر سے ملا، مجھ سے تو آسٹریلیا اور انگلینڈ کے ایمبیسڈر بھی ملتے ہیں، آپ جب حزب اختلاف میں تھے تو کیا آپ امریکن ایمبیسڈر سے نہیں ملے؟

ان کا کہنا تھا کہ میں نے آپ کے سارے پیغامات اپنے موبائل میں محفوظ رکھے ہوئے ہیں، میں پوری قوم کو بتاؤں گا کہ آپ وزیراعلیٰ کے بارے میں کیا کہتے رہے ہیں اور کرپشن کا پتہ ہونے کے باوجود آپ کا کیا کہنا تھا، آپ چوہدریوں کے بارے میں کیا کہتے رہے وہ بھی میرے پاس ثبوت موجود ہے۔

علیم خان کا کہنا تھا کہ آپ نے واضح شکست دیکھتے ہوئے اسمبلیاں تحلیل کردیں اگر اسمبلیاں تحلیل کرنی تھیں تو پہلے کردیتے، آپ کیا سمجھ رہے ہیں کہ عوام آپ کے ساتھ ہیں تو یہ غلط فہمی ہے، میں آپ کجی حقیقت پوری قوم کو بتاؤں گا، اور بتاؤں گا کہ آپ کی شخصیت کیا ہے اور آپ کتنے مخلص ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے غدار کہا جارہا ہے، آپ کے ساتھ جو ہے وہ محب وطن اور باقی سب غدار؟ آپ پاکستان کے مامے چاچے ہیں کہ جس کو چاہیں غدار بنادیں، آپ نے جہانگیر ترین کی بیٹیوں پر بھی الزامات لگائے، آپ کو کون سے لوگ چاہئیں جو آپ کی مانتے رہیں، میں وہ نہیں ہوں میں بولوں گا۔

imran khan

Aleem Khan

Vote of No Confidence

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div