Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

روسی افواج یوکرین کے 2 شہروں میں داخل، 7 شہر دھماکوں سے گونج اٹھے

روسی صدر نے یوکرین کے علاقے ڈونباس میں فوجی آپریشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی مداخلت ہوئی تو روس جواب دے گا۔
اپ ڈیٹ 24 فروری 2022 12:36pm
فائل فوٹو: رائٹرز
فائل فوٹو: رائٹرز

کیف:روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کی جانب سے حملے کے اعلان کے بعد روسی افواج یوکرین کے 2 شہروں میں داخل ہوگئی جبکہ 7 شہروں میں دھماکے سنے گئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف اور ڈونباس ریجن میں دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق یوکرین کی بلیک سی پورٹ اڈیسہ پر دھماکے سنےگئے ہیں جبکہ مشرقی یوکرین کے علاقے ماریوپول بھی دھماکوں سے گونج اٹھا۔

بشکریہ بی بی سی
بشکریہ بی بی سی

خبر ایجنسی کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف اور خرکیف میں ملٹری کمانڈ سینٹرز پر بھی میزائل حملے کےن گئے ہیں جبکہ روسی فوج یوکرین کے علاقے ماریوپول اور اڈیسا میں پہنچ گئی ہے۔

بیرونی مداخلت ہوئی تو روس جواب دے گا، پیوٹن

روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے یوکرین کے علاقے ڈونباس میں فوجی آپریشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی مداخلت ہوئی تو روس جواب دے گا۔

بی بی سی
بی بی سی

صدر پیوٹن نے یوکرین کی فوج کو ہتھیار ڈالنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین کے فوجی اپنے گھروں کو چلے جائیں، آپریشن یوکرین کی دھمکیوں کے جواب اور اسلحے سے پاک خطے کیلئے ہے۔

روسی صدر نے متنبہ بھی کیا کہ کسی بھی قسم کا خون خرابہ ہوا تو اس کا ذمہ دار یوکرین ہو گا۔

روس کے حملے کے بعد یوکرین میں مارشل لاء نافذ کردیا گیا جبکہ مسافر طیاروں کیلئے یوکرینی فضائی حدود بھی بند کردی گئی۔

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس شروع

روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی اور تنازع پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس جاری ہے۔

سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ انتونیو گوٹریس نے روس پر زور دیا ہے کہ پیوٹن اپنی فوج کو یوکرین پر حملے سے روکے، صدر پیوٹن امن کو موقع دیں، پہلے ہی کئی لوگ مر چکے ہیں۔

سلامتی کونسل کاہنگامی اجلاس یوکرین کی درخواست پر بلایا گیا ہے، 3 روز کے دوران سلامتی کونسل کا یہ دوسرا ہنگامی اجلاس ہو گا۔

روس کا آپریشن درست ہے،روسی سفیر برائے اقوامِ متحدہ

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روسی سفیر برائے اقوامِ متحدہ نے سلامتی کونسل کو مشرقی یوکرین پر روسی حملے سے آگاہ کر دیا۔

روسی سفیر برائے اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت روس کا آپریشن درست ہے۔

روس نے مکمل حملہ کیا ہے، یوکرینی وزیر خارجہ

یوکرین کے وزیر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ روسی صدر پیوٹن نے یوکرین پر مکمل حملہ کیا ہے، یوکرین کے پرامن شہر حملوں کی زد میں ہیں۔

یوکرینی وزیر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ یوکرین اپنا دفاع کرے گا اور جیت جائے گا، دنیا پیوٹن کو روک سکتی ہے اور اسے روکنا چاہیئے، اب عمل کرنے کا وقت ہے۔

روس کو جنگ سے روکنا سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے، یوکرینی سفیر

یوکرین کے سفیر برائے اقوام متحدہ نے سلامتی کونسل میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ روس نے جنگ کا اعلان کیا ہے، روس کوجنگ سے روکنا سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے۔

یوکرین پر حملے کا جواب دیں گے، امریکی صدر

امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے یوکرین پر روس کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ روس کے یوکرین پر حملے کا امریکا اور اتحادی متحد اور فیصلہ کن انداز میں جواب دیں گے۔

صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ روسی اقدامات پر مضبوط اور متحد ردِ عمل کے لیے نیٹو سے رابطہ کریں گے، یوکرین پر روسی حملہ تباہ کن انسانی نقصان کا سبب بنے گا۔

جوبائیڈن نے مزیدکہا کہ یوکرین پر حملے پر دنیا روس کو جواب دہ ٹھہرائے گی، اس روسی حملے کے نتائج پر آج قوم سے خطاب کروں گا۔

تیل کی قیمت میں اضافہ

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روس کے یوکرین پر حملے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے زائد ہو گئی۔

اسٹاک مارکیٹس میں شدید مندی ہو گئی اور سونے کی قیمت میں یکدم بڑا اضافہ ہوا ہے۔

نیٹو کی یوکرین پر حملے کی مذمت

نیٹو کے سیکریٹری جنرل اسٹولٹن برگ نے یوکرینی علاقے پر روسی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی حملے سے شہریوں کی جانوں کو خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیٹو اتحادی روس کی نئی جارحیت سے نمٹنے کیلئے ملاقات کریں گے، ہم اس خوفناک وقت میں یوکرین کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

نیٹو کے سیکریٹری جنرل اسٹولٹن برگ کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیٹو تمام اتحادیوں کے تحفظ اور دفاع کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔

Ukraine

kyiv

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div