Aaj News

جمعرات, اپريل 18, 2024  
09 Shawwal 1445  

بلوچستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا، آرمی چیف

راولپنڈی :آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان ...
شائع 30 جنوری 2022 09:45am

راولپنڈی :آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تربت کا دورہ کیا، اس موقع پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے ان کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پورا دن فوجی جوانوں کے ساتھ گزارا، سربراہ پاک فوج کو ایف سی ہیڈ کوارٹر بلوچستان جنوبی میں سکیورٹی صورتحال پربریفنگ دی گئی اور پاک ایران سرحد پرباڑ کی تنصیب سے بھی آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد بڑھانے کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کو دور دراز علاقوں سے متعلق تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا، پاک فوج کے سربراہ نے ایف سی کی خواتین اہلکاروں کی ہمت افزائی کی۔

اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھاکہ پائیدارامن اورخوشحالی کیلئے پاک فوج صوبائی حکومت کی مدد کرے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نےکیچ کابھی دورہ کیا اور فوجی جوانوں سے ملاقات کی۔

آرمی چیف نے سبدان ٹاپ کے شہداء کے عزم اور حوصلے کو خراج تحسین کیا اور کہا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشت گردوں کوکیفرکردارتک پہنچایا جائے گا۔

پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے، صوبےکی ترقی اورخوشحالی کامطلب ملک کی ترقی ہے،انتشار پھیلانے والی قوتوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور ہر قیمت پر بلوچستان کی سیکیورٹی، استحکام اور خوشحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کےساتھ امن اور استحکام کیلئے تعاون کرتےرہیں گے، فوج پائیدار امن و خوشحالی کیلئے ہر ممکن مدد کرے گی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا دورہ تربت کئی حوالوں سے اہم رہا، کیچ واقعہ کے فوری بعد سپہ سالار اس جگہ پہنچے جہاں واقعہ رونما ہوا، تعینات فوجی دستوں سے آرمی چیف نے واقعے کی براہ راست معلومات حاصل کیں۔

فوجی دستوں کے ساتھ پورا دن گزار کر سپہ سالار نے ان کا مورال بڑھایا، آرمی چیف کا دورہ کمانڈر کا اپنی سپاہ کے ساتھ ہر مشکل میں شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عکاس ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وہی کیا جو کسی بھی کمانڈر کو اپنے جوانوں کے عزم و حوصلے کیلئے کرنا چاہیئے۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایف سی بلوچستان کی خواتین اہلکاروں سے شفقت بھری ملاقات قابل دید تھی۔

ISPR

Army Chief

General Qamar Javed Bajwa

turbat

Kech

Visit

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div