Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

'آجکل آڈیو ٹیپس نکل رہی ہیں ، ججز کے نام آرہے ہیں، یہ سب ڈرامہ ہے'

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھے افسوس ہے کہ ججز کی کانفرنس...
شائع 24 نومبر 2021 11:01pm

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھے افسوس ہے کہ ججز کی کانفرنس میں ایک سزا یافتہ ملزم سے تقریر کرائی گئی ۔ قوم تب تباہ ہوتی ہے جب چوری کو برا نہیں سمجھا جاتا، آجکل آڈیو ٹیپس نکل رہی ہیں ، ججز کے نام آرہے ہیں، یہ سب ڈرامہ ہے۔

کامیاب نوجوان پروگرام کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم تب تباہ ہوتی ہے جب چوری کو برا نہیں سمجھا جاتا، جس قوم کی اخلاقیات ختم ہوجائے یا ان میں اچھے برے کی تمیز ختم ہوجائے وہ قوم ختم ہوجاتی ہے، مدینہ کی ریاست کی بنیاد اخلاقیات پر رکھی گئی تھی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج کل ہر طرف ٹیپس نکل رہی ہیں، ججز کے نام آرہے ہیں، یہ سب ڈرامہ ہے، 25 سال پہلے جب سیاست میں آیا تھا تو کہا تھا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، جس ملک کے حکمران پیسہ چوری کریں وہ ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، 2016 میں پاناما کیس آیا اس میں نوازشریف کانام بھی آیا، اورجب کیسز چلے تو نوازشریف نااہل ہوگئے، اور آواز آئی مجھے کیوں نکالا، آپ مجھے صرف اتنا بتا دیں کہ لندن میں 4 فلیٹ کہاں سے لئے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو عدالت نے سزا دی اور وہ برطانیہ بھاگ گئے، مجھے افسوس ہے کہ ایک سزا یافتہ ملزم سے ایک کانفرنس میں تقریر کرائی گئی۔

کامیاب نوجوان پروگرام سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عثمان ڈارکو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، عثمان ڈارنے محنت کےساتھ جنون سے کام کیا، بہت سے لوگ سمجھتے تھے کہ کچھ نہیں ہوگا لیکن عثمان محنت کرتا رہا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام ہمارے منصوبوں میں سب سے زیادہ کامیاب ہوگا، 9سال کا تھا تو اپنی والدہ کے ساتھ لاہوراسٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ دیکھنے گیا تھا، اپنی والدہ کو کہا کہ میں ٹیسٹ کرکٹر بننا چاہتا ہوں، سب نے مجھے کہا کہ تم ٹیسٹ کرکٹر نہیں بن سکتے، میں نے محنت کی غلطیوں سے سیکھا اور اللہ نے مجھے کامیابی عطا کی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ شوکت خانم اسپتال بنانے لگا تو کہا گیا کہ اسپتال نہیں بن سکتا، پھر نمل یونیورسٹی بنائی تو کہا دیہات میں کوئی پڑھانے نہیں آئے گا، سیاست میں آیا تو 14سال تک میرا مذاق اڑایا گیا، لوگ کہتے تھے 2پارٹی سسٹم میں تیسری پارٹی نہیں آسکتی، پھر جب میں اقتدار میں آگیا تو کہا گیا کہ کامیاب نہیں ہوسکتے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی انسان آج تک محنت کیے بغیر کامیاب نہیں ہوا، کوئی بھی انسان شارٹ کٹ کے ذریعے کامیاب نہیں ہوسکتا، بڑی سوچ رکھنے والا شخص ہی بڑا آدمی بن سکتا ہے، کامیاب وہ شخص ہوتا ہے جو بڑی سوچ اور بڑا خواب رکھتا ہے اور پھر ہار نہیں مانتا، اپنی غلطیوں سے سیکھ کر انسان اوپر چلا جاتا ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کے ہاتھ میں اس ملک کا مستقبل ہے، انسان تب ہی کامیاب ہوتا ہے جب وہ برے وقت سے سیکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا پر مشکل وقت آیا ہوا ہے، یہ سب کورونا کی وجہ سے ہوا، لیکن ہم پاکستانی معیشت کو بہتری کی طرف لے کر گئے، ہماری پالیسی کی تعریفیں دنیا میں دی گئیں، پاکستان میں پہلی بار گھر بنانے کیلئے حکومت سود کے بغیر قرضے دے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صحت انصاف کے ذریعے عوام 7 سے 10 لاکھ روپے تک کا علاج کسی بھی اسپتال میں کرواسکیں گے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div