Aaj News

منگل, مارچ 19, 2024  
08 Ramadan 1445  

آریان خان کی درخواست ضمانت مسترد، عدالت اور حکومت پر ناانصافی کا الزام

بھارت کے انسدادِ منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی)...
اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2021 10:03am
کروز شپ پارٹی سے گرفتار آریان خان کی درخواستِ ضمانت مسترد (تصویر: NDTV)
کروز شپ پارٹی سے گرفتار آریان خان کی درخواستِ ضمانت مسترد (تصویر: NDTV)

بھارت کے انسدادِ منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ہاتھوں کروز شپ پارٹی سے گرفتار آریان خان کی درخواستِ ضمانت مسترد کر دی گئی ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کروز شپ ڈرگ کیس میں بھارتی اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان سمیت دیگر ملزمان ارباز مرچنٹ اور مُن مُن دھمیچا کی بھی ضمانت کی درخواستیں ممبئی کی سیشن عدالت نے مسترد کر دی ہیں۔

آریان خان کے وکیل اب ضمانت کے لیے ممبئی کی ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔

یاد رہے کہ آریان خان 8 اکتوبر سے ممبئی کی آرتھر جیل میں ہیں۔

اس حوالے سے بھارتی صحافی رانا ایوب کا کہنا ہے کہ ہندوستان کے سب سے بڑے سپر اسٹار کے خلاف کارروائی کرکے مودی اپنے مخالفین اور ناقدین کو ایک بلند اور واضح پیغام بھیج رہے ہیں۔

انہوں نے واشنگٹن پوسٹ میں لکھے گئے اپنے آرٹیکل میں مزید کہا کہ بھارت میں دو ہائی پروفائل گرفتاریاں بھارت کے قانونی نظام کی خامی کو بے نقاب کر رہی ہیں۔ نمایاں شخصیات کے دو بیٹے سلاخوں کے پیچھے ہیں، لیکن ان کے مقدمات کو جس طرح ہینڈل کیا گیا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سیاسی وابستگی اب طے کرتی ہے کہ کس کو انصاف ملے گا اور کس کو وحشیانہ دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اشیش مشرا جونیئر بھارتی وزیر داخلہ اجے مشرا کے بیٹے ہیں، جو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی کابینہ کے ایک طاقتور اور متنازع رکن ہیں۔ 3 اکتوبر کو ، اتر پردیش میں لکھیم پور کھیری میں احتجاج کرنے والے کسانوں کے ایک گروہ کو اشیش مشرا کی ایس یو وی نے روند ڈالا تھا۔ اس حملے میں چار کسان ہلاک ہوئے، لیکن وہ اب بھی آزاد ہیں۔

آریان کی ضمانت منسوخ ہونے کے بعد خود ساختہ ناقد کمال راشد خان بھی اب آریان خان کے حق میں بول پڑے۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کمال آر خان کا کہنا تھا کہ آریان خان کی درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد یہ واضح ہے کہ انہیں ہراساں کیا جارہا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایک شخص کو کس طرح 20 دن سے زیادہ جیل میں رکھا جاسکتا ہے جبکہ نہ وہ منشیات کو رکھنے میں ملوث ہیں اور نہ ہی اسے استعمال کرنے میں ملوث ہیں۔

"کے آر کے" نے آریان خان کے کیس کا موازنہ بھارتی سنگھ کے کیس سے کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سنگھ کو اُسی دن ضمانت مل گئی تھی جبکہ ان کے پاس 86 گرام منشیات برآمد ہوئی تھی، اس کا مطلب یہ ہوا کہ دو علیحدہ لوگوں کے لیے دو علیحدہ قوانین ہیں۔

دوسری جانب دیگر سوشل میڈیا صارفین بھی آریان کی ضمانت مسترد ہونے پر اپنی رائے کا اظہار کررہے ہیں۔

نندی کدن لکھتے ہیں کہ کیا بھارتی عدالتی نظام بی جے پی/آر ایس ایس کے دباؤ میں پاگل ہو گیا ہے؟ یہاں تک کہ دہشت گرد پرگیہ کو بھی ضمانت مل جاتی ہے لیکن ایس آر کے کا بچہ نہیں۔ ضمانت ایک شہری کا حق ہے یہ سانگی جج اور بی جے پی ونگ این سی بی اس حق سے کیسے انکار کر سکتا ہے۔ یہ آئینی خلاف ورزی ہے۔

ٹوئٹر صارف سوپنل نے لکھا، 'الزامات سخت ہیں اور قانون سب کے لیے یکساں ہے۔'

٭ کروز شپ ڈرگ کیس کا پس منظر

بھارت کے انسدادِ منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا گیا تھا۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں آریان خان کی اپنی آنے والی فلم کی ساتھی اداکارہ کے ساتھ منشیات کے حوالے سے کی جانے والی واٹس ایپ چیٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ چیٹ سے ظاہر ہو رہا تھا کہ آریان خان اور اداکارہ کے درمیان منشیات کے بارے میں بات چیت ہوئی تھی۔

این سی بی کی جانب سے کروز پارٹی منشیات کیس میں اب تک 18 مرد اور 2 خواتین سمیت 20 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ تمام گرفتار ملزمان کو دیگر قیدیوں سے الگ بیرکوں میں رکھا گیا ہے۔

Bail

Shahrukh Khan

Aryan khan

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div