Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
11 Shawwal 1445  

کیا پیٹرول 200 روپے فی لیٹر ہونے جارہا ہے؟ بڑا دعویٰ

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے...
شائع 20 اکتوبر 2021 08:57am

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے احکامات پر پیٹرول کی قیمتیں 200 روپے فی لیٹر تک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ پر لکھا کہ حکومت عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے سامنے لیٹ چکی ہے اور آئی ایم ایف کے احکامات پر پیٹرولیم کی قیمتیں 200 روپے فی لیٹر تک بڑھانے کا خوفناک منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے اور مہنگائی کے طوفان کے سامنے بند باندھنے کے لیے باہر نکل کر عوامی احتجاج کے سوا کوئی چارہ نہیں رہا ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی کال پر لبیک کریں گے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن نے مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں پہلا احتجاجی مظاہرہ راولپنڈی میں کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اس بات کا فیصلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب، پارٹی کے چاروں صوبائی، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے صدور اور جنرل سیکریٹریز نے شرکت کی۔

پی ایم ایل (ن) نے ملک گیر احتجاج کے لیے ریلیوں، جلوسوں اور مظاہروں کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس حوالے سے 20 اکتوبر سے ملک بھر میں احتجاج کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں صوبوں اور اضلاع میں پارٹی عہدیداروں کو اجتجاج کی کال دے دی گئی ہے۔ ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے اشتراک عمل کے لئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی طرف سے بھی ملک بھر میں احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کے اعلان کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن نے بھی مہنگائی اور معاشی تباہی کیخلاف20 اکتوبر سے سڑکوں پرآنے کا پروگرام تشکیل دیا ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام فاقوں سے مر رہی ہے اور حکمران ریاست مدینہ کی بات کر رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وزیر اعظم کی تقریر کے بعد ردعمل میں کہا کہ والدین مہنگائی سے تنگ آ کر بچوں کو زہر پلا کر خود کشیاں کر رہے ہیں جبکہ عوام فاقوں سے مر رہے ہیں اور حکمران ریاست مدینہ کی بات کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیا کوئی شخص ایسا بےحس، گونگا، بہرا اور اندھا بھی ہو سکتا ہے؟ ہیلی کاپٹر سے سرکاری خرچ پر سفر کرنے والے کو کیا خبر کہ عوام پر کیا گزر رہی ہے؟

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو سب کچھ دیا ہے اور کوئی کمی نہیں ہے لیکن صرف راستہ ٹھیک کرنا ہے۔ جب تک زندگی ہے قانون کی حکمرانی کے لیے لڑتا رہوں گا۔

انہوں ںے کہا کہ برطانیہ میں کسی پر پیسہ چوری کا الزام لگ جائے تو وہ میڈیا پر بھی نہیں آسکتا، اخلاقیات کا معیار نہیں تو جمہوریت نہیں چل سکتی اور قانون کی بالادستی قائم کیے بغیر ہم ترقی نہیں کر سکتے۔

PDM

petrol price

protest

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div