Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

برطانوی رکن پارلیمان سر ڈیوڈ امیس چاقو کے حملے میں ہلاک

برطانیہ کی حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمان سر ڈیوڈ...
شائع 16 اکتوبر 2021 10:31am

برطانیہ کی حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمان سر ڈیوڈ امیس مشرقی انگلینڈ میں چاقو کے حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعے کو 69 سالہ رکن پارلیمان پر ایک حملہ آور نے بیلفیئرز میتھوڈیسٹ چرچ میں چاقو سے کئی وار کیے تھے۔

سر ڈیوڈ امیس پر حملہ اس وقت ہوا جب وہ مشرقی انگلینڈ کی ایسکس کاؤنٹی کے بیلفیئرز میتھوڈسٹ چرچ میں اپنے حلقے کے لوگوں سے مل رہے تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق کنزرویٹو جماعت سے تعلق رکھنے والے سر ڈیوڈ امیس پر چاقو سے کئی وار کیے گئے۔

ڈیوڈ امیس مشرقی انگلینڈ کےعلاقے ساؤتھ اینڈ کی نمائندگی کرتے ہیں۔

حملہ آور اس وقت چرچ میں داخل ہوا جب حلقے کا اجلاس جاری تھا جس میں ڈیوڈ ایمس بھی شامل تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 25 سالہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ڈیوڈ امیس کے دفتر نے بھی حملے کی تصدیق کی تھی تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں دیں۔

ایسکس پولیس نے بتایا کہ ڈیوڈ امیس کو موقع پر ہی ایمرجنسی طبی امداد دی گئی لیکن جانبر نہ ہو سکے۔

پولیس نے مزید کہا کہ جائے وقوع پر پہنچتے ساتھ ہی 25 سالہ شخص کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا تھا اور چاقو بھی قبضے میں لے لیا ہے۔

اس سے قبل کنزرویٹو جماعت سے تعلق رکھنے والے کونسلر جان لیمب نے ایک مقامی اخبار کو بتایا کہ رکن پارلیمان چرچ میں ہی ہیں اور انہیں اندر نہیں جانے دیا جا رہا۔ انہوں نے بتایا کہ صورتحال سنجیدہ لگ رہی ہے۔

ڈیوڈ امیس پہلی مرتبہ 1983 میں باسلڈن کے علاقے سے رکن پارلیمان منتخب ہوئے تھے۔ اس کے بعد 1979 میں ساؤتھ اینڈ کے حلقے سے انتخاب لڑا تھا۔

سیاستدانوں نے سر ڈیوڈ امیس پر ہونے والے حملے پر حیرت اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔

لیبر پارٹی لیڈر کیئر سٹارمر نے ٹویٹ کیا کہ ’خوفناک اور انتہائی چونکا دینے والی خبر۔‘

سابق وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے ٹویٹ کیا کہ لیح آن سی سے انتہائی خطرناک اور پریشان کن خبریں آ رہی ہیں، سر ڈیوڈ امیس اور ان کے اہل خانہ کے لیے دعا گو ہوں۔

ڈیوڈ امیس کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق ان کی بنیادی دلچسپی جانوروں کی فلاح اور زندگی کے تحفظ سے متعلق مسائل میں ہیں۔

اس سے پہلے بھی برطانوی سیاستدانوں پر چاقو سے حملے ہو چکے ہیں۔ 2010 میں لیبر پارٹی کے رکن پارلیمان پر چاقو سے حملہ ہوا تھا جب وہ اپنے حلقے کے دفتر میں موجود تھے۔

2016 میں لیبر پارٹی کے ایک اور رکن پارلیمان جو کوکس کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div