Aaj News

جمعرات, اپريل 25, 2024  
16 Shawwal 1445  

گجرانوالہ: مسافر وین میں سیلنڈر دھماکا، 9 افراد جاں بحق

گجرانوالہ سےباجوڑجانےوالی مسافر وین میں سیلنڈر دھماکے کے سبب...
شائع 08 اگست 2021 11:53pm

گجرانوالہ سےباجوڑجانےوالی مسافر وین میں سیلنڈر دھماکے کے سبب جھلس کر 9افرادجاں بحق،7بری طرح زخمی ہوگئے۔4افراد کو تشویشناک حالت میں لاہورمنتقل کردیا گیا۔

تھانہ کینٹ کے علاقہ ڈی سی کالونی کے بالمقابل جی ٹی روڈ پر مسافر وین میں سلنڈر دھماکاہوا جس میں جھلس کر 9مسافر جاں بحق،7بری طرح زخمی ہوگئے۔4تشویشناک حالت میں لاہور منتقل کردیے گئے۔

ذرائع کےمطابق بدقسمت وین راولپنڈی سےگوجرانوالہ آرہی تھی کہ جی ٹی روڈ پر ڈی سی کالونی کے عین سامنے آہستہ ہوئی تو پیچھے سےآنے والی دودھ والی گاڑی نے اسےٹکر ماردی۔ جس کے نتیجہ میں مسافر وین میں لگاسلنڈر لیک ہوا اور پھر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ جس سے لگنے والی آگ نے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتش زدگی کی زد میں آکر 9مسافر گاڑی کے اندر ہی جھلس گئے۔ جبکہ سات نے چھلانگیں لگاکر جان بچائی۔

اطلاع ملنےپرریسکیو1122کا عملہ موقع پرپہنچااورامدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے آگ بجھانے میں مصروف ہوگیا۔لاشوں اورزخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا۔ مرنے والوں میں30سالہ قیصر،26سالہ ہدایت اللہ،29 سالہ صلاح الدین،30سالہ گل بدین،19سالہ کامران،30سالہ اورنگزیب،30سالہ بشارت،31سالہ ارم اور سات سالہ شہریار شامل ہیں شہریار اور قیصر باپ بیٹا تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکااس قدر شدید تھا کہ وین میں پچھلی سیٹوں پر بیٹھے مسافروں کو باہر نکلنے کا موقع ہی نہیں ملا اور وہ بیٹھے بیٹھے ہی لقمہ اجل بن گئے۔

ذرائع کےمطابق حادثےکی اصل وجہ جائے وقوعہ سے روڈ کا ٹوٹا ہونا بتایاجارہاہے۔ جہاں بدقسمت وین نے اپنی رفتار کم کی اور پیچھے سے آنے والی گاڑی نے اسے ہٹ کردیا۔ جاں بحق ہونے والے تمام مسافروں کی شناخت ہوگئی ہے۔ آتشزدگی کے باعث گاڑی مکمل طور پر جھلس کر تباہ ہوگئی۔

بعدازاں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ جائے وقوعہ اور ہسپتال پہنچے ۔زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وین آتشزدگی کے واقع میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔

ڈپٹی کمشنر اور آر پی او سے واقعہ کی پوری تحقیقات کرکے رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونیوالے افراد میں ایک چھ ماہ کا بچہ بھی شامل ہے۔

Usman Buzdar

Blast

Gujranwala

passenger van

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div