Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس، نومنتخب اراکین نے حلف اٹھالیا

مظفرآباد: آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں نومنتخب...
شائع 03 اگست 2021 01:39pm

مظفرآباد: آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں نومنتخب اراکین نے حلف اٹھالیا، اسپیکر شاہ غلام قادر نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا۔

آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر کی صدارت میں ہوا جس میں نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا، حلف اٹھانے والوں میں 6 خواتین بھی شامل ہیں۔

اسپیکرآزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا۔

آزاد کشمیر اسمبلی کے 49 نو منتخب اراکین نے حلف اٹھایا جبکہ 3 اراکین ایوان میں حاضر نہیں ہوئے۔

مسلم کانفرنس کے قائد سردار عتیق احمد خان ، پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی اور چوہدری یاسین ایوان میں حاضر نہیں ہوئے جس کی وجہ سے وہ حلف اٹھانے سے رہ گئے۔

تقریبِ حلف برداری کے بعد آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس دن 2 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

آج دوپہر میں آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب بھی ہو گا۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی نے آزاد کشمیر کے اسپیکر کیلئے چوہدری انوار الحق کے نام کی منظوری دے دی ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کیلئے جاوید گجر کا نام منظور کیا گیا ہے جبکہ وزارتِ عظمیٰ کیلئے نام کی منظوری آج متوقع ہے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کے اسپیکر کیلئے مشترکہ امید وار پیپلز پارٹی کے فیصل راٹھور کو نامزد کیا گیا ہے۔

ان دونوں جماعتوں کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کیلئے مسلم لیگ نون کی امیدوار نثاراں عباسی ہیں۔

Muzaffarabad

azad kashmir assembly

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div