Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

'وفاق کو لاک ڈاون کے فیصلے سے آگاہ کردیا'

وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو لاک ڈاون...
شائع 30 جولائ 2021 08:14pm

وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو لاک ڈاون کے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے، اور وفاق نے بھی لاک ڈاون کیلئے مکمل تعاون کی یقین دھانی کرائی ہے،طبی ماہرین کی تجویز تھی کہ اگر ابھی لاک ڈاون نہیں کیا گیا تو آخری لائن آف ڈیفنس بھی ختم ہوجائے گی،لاک ڈاون کے دوران ویکسینیشن کے عمل کو بحال رکھنے اور تیز کرنے کو یقینی بنایا جائے گا، کاروبار مکمل طور پر بند رہے گا،

کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی وضاحت کیلئے کی گئی نیوز کانفرنس کےدوران وزیر اعلٰی سندھ نے کہا کہ ہول سیل کاروبار اور انٹرسٹی ٹرانسپورٹ مکمل بند رہے گا، لاک ڈاون صوبے بھر کیلئے ہے لیکن فوکس کراچی پر رہے گا۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ یکم اگست سے بنیادی سہولیات کے علاوہ صوبائی حکومت کے سرکاری دفاتر بند کردیئے جائیں گے، بنکس اور اسٹاک ایکسچنج سے بھی درخواست ہے کم سے کم عمل کے ساتھ کام کریں، تمام امتحانات بھی فوری ملتوی کئے جارہے ہیں۔

وزیراعلٰی سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ خدارا لاک ڈاون پر عمل کریں، اگر لاک ڈاون کامیاب رہا تو 9 اگست سے پابندیاں ختم کرنا شروع کردیں گے، کوشش ہوگی کہ دوبارہ لاک ڈاون کی طرف نا جانا پڑے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ انکے علم میں نہیں کہ سابقہ لاک ڈاون میں کوئی بھوک سے مرا ہو لیکن تکلیف سے بہت لوگ مررہے ہیں ، ڈیٹآ ویرینٹ بہت خطرناک ہے، لاک ڈاون کے دوران اسپتالوں میں سہولیات کے اضافے اور ویکسینشن پر توجہ مرکوز ہوگی۔

ملک میں کورونا کے وار جاری

دوسری جانب ملک میں کورونا کی چوتھی لہر کے وار تھم نہ سکے، 24 گھنٹے کے دوران کورونا 86 زندگیاں نگل گیا جبکہ مزید 4,537 نئے کیسز سامنے آئے ،کوروناسے اب تک 23,295 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 1,024,861 افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے۔

نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے کورونا وائرس سےمتاثرہ افراد کے تازہ اعدادو شمار جاری کردیئے،پاکستان میں گزشہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید4,537 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعدپاکستان میں کورونا کےمریضوں کی تعداد 10 لاکھ 24 ہزار 861 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کوروناوائرس سے پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہوا،جہاں کورونا کے مریضو ں کی تعداد 3 لاکھ 55 ہزار 483 ہوگئی جبکہ سندھ میں 3 لاکھ 77 ہزار 231 افراد کورونا کا شکار ہوئے۔

اس کےعلاوہ خیبرپختونخوامیں1لاکھ 43 ہزار 213، اسلام آباد میں 86 ہزار 945، بلوچستان میں 30 ہزار 162، گلگت بلتستان میں 8008 اور آزاد کشمیر میں کوروناوائرس کے 23 ہزار 819 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ آینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ملک بھرمیں گزشتہ ایک روز کے دوران کورونا وائرس سے مزید 86 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ،جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 23 ہزار 295 تک پہنچ گئی۔

گزشتہ ایک روز کے دوران کورونا سے سب سے زیادہ سندھ میں 44 اموات ہوئیں ،اس کے علاوہ پنجاب میں 24، خیبرپختونخوامیں 9، گلگت بلتستان میں 4، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں 2،2 جبکہ بلوچستان میں ایک مریض کا انتقال ہوا۔

کورونا سےاب تک پنجاب میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ ہوئیں،جہاں 11,019 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

اس کے علاوہ سندھ میں 5947، خیبرپختونخوا میں 4444، اسلام آباد میں799، بلوچستان میں327 اور گلگت بلتستان میں 137 اور آزاد کشمیر میں کورونا کے باعث 622 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر کے مختلف اسپتالوں میں کورونا سےمتاثرہ 62 ہزار 723 مریض زیرعلاج ہیں،جن میں سے 3,117 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے،ملک بھر میں مثبت کیسز کی شرح 7.79 فیصدریکارڈ کی گئی۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div