Aaj News

بدھ, اپريل 24, 2024  
15 Shawwal 1445  

مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ نوجوان کی شہادت کی مذمت

پاکستان نے مقبوضہ کشمیرمیں ایک اوربے گناہ نوجوان کی شہادت کی...
شائع 29 جولائ 2021 12:42am

پاکستان نے مقبوضہ کشمیرمیں ایک اوربے گناہ نوجوان کی شہادت کی مذمت کی ہے ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں جعلی پولیس مقابلوں اورماورائے عدالت قتل کے بڑھتے واقعات پرسخت تشویش ہے ۔

ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیرکے ضلع کلگام کے مونند کے علاقے میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے نام نہاد ”تلاشی اورمحاصروں“ کی کارروائی میں ایک اور کشمیری کے ماورائے عدالت قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے ۔

ترجمان کے مطابق غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جعلی مقابلوں میں مزید اضافہ شدید تشویش کا باعث ہے،

ترجمان نے مزید کہا کہ نوجوانوں بشمول کم سن بچوں کی ماورائے عدالت شہادتیں اور شہدا کے جسد خاکی واپس کرنے سے انکار مکمل طورپر غیرقانونی اور قابض بھارتی افواج کے اخلاقی دیوالیہ پن کا مظہر ہے،

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں کو دبانے کے لئے خوفناک بھارتی محاصرے، ماورائے عدالت قتل، حراست کے دوران تشدد اور اذیت کا نشانہ بنانے، جبری گمشدگیوں اور قید تنہائی کے ہتھکنڈوں کا استعمال جاری ہے، بھارت کوسمجھنا ہوگا کہ جبر کے تمام ہتھکنڈے اور ریاستی دہشت گردی کوپالیسی کے طورپراستعمال کرنے کے باوجود وہ کشمیریوں کا عزم متزلزل کرنے اور انہیں غلام بنانے میں ناکام ہے، غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کے کمشن آف انکوائری کے ذریعے تحقیقات کرائی جائیں جیسا کہ انسانی حقوق کے لئے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کے دفترنے 2018 اور 2019 میں اپنی رپورٹس میں تجویز کیا ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ایک بار پھر عالمی برادری پرزور دیتے ہیں کہ کشمیری عوام کے انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں پر بھارت کا احتساب کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ جموں وکشمیر کے پرامن حل کے لئے کام کرے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div