Aaj News

جمعرات, اپريل 25, 2024  
16 Shawwal 1445  

ریفرنڈم کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے والی بات ہے، فضل الرحمان

مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ جعلی وزیر اعظم نے کہا وہ کشمیر ...
شائع 26 جولائ 2021 09:12am

مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ جعلی وزیر اعظم نے کہا وہ کشمیر میں ریفرنڈم کرائیں گے، تم پہلے بھی کشمیر کے غدار تھے اور آج بھی غدار ہو۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کے ستر سالہ مؤقف کو مسترد کرنے والی اور کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے والی بات ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے آزاد کشمیر میں اپنی پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران حالیہ دو جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کشمیرمیں دو الگ الگ ریفرنڈم کروانے کا عندیہ دیا اور کہا کہ پہلا ریفرنڈم اقوام متحدہ کے تحت ہو گا، جس میں کشمیری عوام فیصلہ کریں گے کہ وہ پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یا بھارت کے ساتھ ۔

دوسرا ریفرنڈم تحریک انصاف کی حکومت کرائے گی، جس میں کشمیری عوام یہ فیصلہ کریں گے کہ وہ پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں یا آزاد ریاست کے طور پر رہنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم کے اس بیان پر مختلف حلقے تنقید کر رہے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کروانے کا وزیراعظم عمران خان کا بیان مسترد کر چکے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کر کے پاکستان کے تاریخی اور آئینی مؤقف سے انحراف کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تنازع جموں و کشمیر پر پاکستان کے تاریخی مؤقف اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے ہٹ کر مؤقف کو پوری قوم مسترد کرتی ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ عمران نیازی کے بیان سے وہ خدشات ثابت ہو گئے ہیں جو 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات سے قوم کے سامنے پہلے ہی آچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تنازع جموں و کشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں شفاف، آزادانہ استصواب رائے کے ناقابل تنسیخ حق سے ہو گا، پاکستان اور کشمیر کے عوام کا یہی مؤقف ہے۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی مرضی اور مشاورت کے بغیر کوئی حل ان پر مسلط کرنا بھارت کی مدد کرنا اور کشمیر کاز سے غداری کے مترادف ہے۔

pm imran khan

Molana Fazal ur Rehman

AJK election

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div