Aaj News

جمعرات, مارچ 28, 2024  
17 Ramadan 1445  

پانچویں جماعت کا بچہ بھی خیبرپختونخوا پولیس سے بہتر تفتیش کر لے گا، سپریم کورٹ

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے قتل کے ملزم کی ضمانت کیس کی سماعت کے...
شائع 08 جولائ 2021 02:52pm

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے قتل کے ملزم کی ضمانت کیس کی سماعت کے دوران خیبرپختونخوا پراسیکیوشن ٹیم اور پولیس پر اظہار برہمی کرتے ہوئے صوبائی پولیس کرپٹ اور نااہل قرار دےدیا، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ پانچویں جماعت کا بچہ بھی خیبرپختونخوا پولیس سے بہتر تفتیش کر لے گا،عوام کاپیسہ کیوں ضائع کیاجارہاہے،بہترہے پورا خیبرپختونخو پولیس محکمہ ختم کردیں۔

جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2رکنی بینچ نےقتل کے ملزم محمد امجد کی ضمانت سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

عدالت عظمیٰ نے ٹرائل مکمل نہ کرنے پر خیبرپختونخوا کی پراسیکیوشن ٹیم اور پولیس پر برہمی کا اظہار کیا۔

جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے ریمارکس دیئے کہ پشاور ہائیکورٹ نے 3ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کا حکم دیا تھا لیکن پراسیکیوشن نے ہائیکورٹ کے حکم کی پرواہ ہی نہیں کی، پراسیکیوشن نے ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کی،فروری کو چالان جمع ہوا اور اب تک تحقیقات مکمل نہیں ہو سکیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ گولیوں کے21خول ملےمگرریکارڈمیں صرف2 لکھی گئیں ،باقی گولیاں پتانہیں آسمان پرچلی گئیں یا زمین میں دب گئیں،خیبرپختونخوا کی پولیس کرپٹ اورنااہل ہے ،خیبرپختونخوا پولیس کوتفتیش کرنےکاطریقہ ہی نہیں آتا،پانچویں جماعت کا بچہ خیبر پختونخوا پولیس سے بہتر تفتیش کر لے گا، پولیس تفتیش سے متعلق کچھ ٹی وی ڈرامےدیکھ لےتوکافی کچھ سیکھ لیں گے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مزید کہا کہ اگر تفتیش کا طریقہ ہی نہیں آتا تو عوام کا پیسہ کیوں ضائع کیا جارہا ہے ،ایسےکام کرنا ہے تو بہتر ہے پورا خیبرپختونخوا پولیس محکمہ ختم کردیں۔

جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخو ا شمائل عزیزسے مکالمہ کرتےہوئے کہاکہ آپ کو تو قانون کا پتا ہی نہیں، بچوں کی طرح آپ کو دوبارہ قانون پڑھانا پڑےگا،ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا آفس عدالت کا وقت ضائع نہ کرے، ایڈووکیٹ جنرل عدالت میں تیاری اور معاونت کیلئے قانونی مواد لے کر آئیں۔

عدالت نے کہا کہ ٹرائل کورٹ ملزم محمد امجد کے کیس کا جلد از جلد فیصلہ کرے،پراسیکیوشن نے ہائیکو رٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کی، 18 فروری کو چالان جمع ہوا اور اب تک تحقیقات مکمل نہیں ہو سکیں۔

سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو کیس کا جلد فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست ضمانت نمٹا دی۔

یاد رہے کہ حویلیاں کےرہائشی محمدامجدپرپڑوسن کوفائرنگ کرکےقتل کرنےکاالزام ہے۔

Supreme Court

اسلام آباد

KPK govt

police

Justice Qazi Faez Isa

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div