Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

بلیک لسٹ سے شہباز شریف کا نام نکالنے کے عدالتی حکم کے خلاف اپیل تیار

مسلم لیگ ن کے صدر اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا...
شائع 17 مئ 2021 11:52am

مسلم لیگ ن کے صدر اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کے معاملے پر وفاقی حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل تیار کرلی۔

ذرائع کے مطابق حکومت آج سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرے گی، حکومت کی لیگل ٹیم کی تیار کردہ پٹیشن 1973ء کے آئین کے آرٹیکل 185(3) کے تحت دائر کی جائے گی۔

پٹیشن میں 12 قانونی سوالات اور حقائق بیان کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرکے حکم کے خلاف اپیل کی اجازت مانگی گئی ہے۔

پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ کیا معزز فاضل جج کسی متعلقہ محکمے کو نوٹس جاری کیے بغیر مدعا علیہ کے حق میں پاکستان سے باہر جانے کی اجازت دےسکتے ہیں؟ ایک رٹ پٹیشن جو متنازع سوالات پر مبنی ہو، اسے معزز سنگل جج کے ذریعے قانونی طور پر منظور کیا جا سکتا ہے؟ آیا کوئی فرد اربوں روپے کی سرکاری رقم کے متعدد مقدمات میں کریمنل ٹرائل کا سامنا کر رہا ہو اورضمانت پر ہو اسے ٹرائل کورٹس کو کسی پیشگی اجازت یا اطلاع دیے بغیر ملک چھوڑنے کی اجازت دی جا سکتی ہے؟

پٹیشن کے مطابق آیا ایک ایسا ملزم جس کی صحت کی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست کچھ روز قبل ہی لاہور ہائی کورٹ کے فاضل ججوں کی جانب سے خارج کر دی گئی ہو، کیا کسی مجاز میڈیکل بورڈ کی تصدیق کے بغیر اور ایک ملزم جو خود 16 نومبر 2019 کو منظورکیےگئےحکم کے تناظرمیں ضامن ہو کیا اسے ملک چھوڑنے کی اجازت دی جاسکتی ہے ؟

پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ مدعا علیہ نے اپنا نام بلیک لسٹ میں ڈالے جانے کے خلاف اور بیرون ملک جانے کا اضافی ریلیف حاصل کرنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے روبرو ایک رٹ پٹیشن دائر کی ۔

دوسری جانب مدعا علیہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مدعا علیہ نے طبی بنیادوں پر بیرون ملک جانے کے لیے 5 مئی 2021 کا فضائی ٹکٹ حاصل کیا ہے۔

فاضل ڈپٹی اٹارنی جنرل نے یہ بھی عرض کیا کہ 3 قسم کی فہرستیں ہیں، ایگزٹ کنٹرول لسٹ، پاسپورٹ ایکٹ کے تحت فہرست اور پی این آئی ایل لسٹ، تاہم اس بات کی تصدیق نہیں کہ کس فہرست میں مدعا علیہ کا نام شامل ہے اور متعلقہ محکمے سے مشاورت اور رپورٹ کے لیے وقت طلب کیا۔

تاہم فاضل جج نے جلدی میں مدعا علیہ کو باہر جانے کی اجازت دینے کا حکم دیا، لہٰذا عدالت لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرکے حکم کےخلاف اپیل کی اجازت دے۔

ECL

shahbaz sharif

blacklist

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div